بھیونڈی کے بالاصاحب ٹھاکرے فلائی اوور پر حادثات پر قابو پانےکیلئے محکمہ ٹریفک سے فوری اقدام کی اپیل۔
سماج وادی پارٹی کا وفد ٹریفک محکمہ کے افسر کو میمورنڈم دیتے ہوئے-تصویر:آئی این این
شہر کے مصروف بالا صاحب ٹھاکرے فلائی اوور پر تیز رفتاری سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ روزانہ بڑی تعداد میں نوجوان موٹر سائیکل سوار اور دیگر گاڑیوں کے ڈرائیور فلائی اوور پر حد سے زیادہ رفتار سے گاڑیاں چلاتے ہیں جس کے باعث آئے دن حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ ان حادثات میں متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں۔
مسلسل پیش آنے والے حادثات نے مقامی شہریوں میں خوف و تشویش پیدا کر دی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت مؤثر اقدامات نہ کئے گئے تو یہ فلائی اوور مزید جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ شہریوں کی بڑھتی ہوئی شکایات اور عوامی تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے سماجوادی پارٹی بھیونڈی شہر (ضلع) کے صدر محمد انس انصاری نے ایک وفد کے ہمراہ ٹریفک پولیس حکام سے ملاقات کرکے فلائی اوور پر اسپیڈ بریکر بنانے اور نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنےکا مطالبہ کیا۔
اس سلسلے میں وفد نے ٹریفک محکمہ کے افسر کو ایک تحریری مکتوب بھی پیش کیا۔مکتوب میں نشاندہی کی گئی ہے کہ فلائی اوور پر بعض نوجوان موٹر سائیکل سوار انتہائی تیز رفتاری اور لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہیں، جس سے نہ صرف ان کی اپنی جان خطرے میں پڑ جاتی ہے بلکہ دیگر گاڑی سواروں اور راہگیروں کی زندگی بھی داؤ پر لگ جاتی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق فلائی اوور پر متعدد معمولی اور سنگین حادثات رونما ہو چکے ہیں، تاہم اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔محمد انس انصاری نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ فلائی اوور پر مناسب مقامات پر اسپیڈ بریکر نصب کئے جانے سے گاڑیوں کی رفتار پر قابو پایا جا سکے گا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی میں آسانی ہوگی۔
شہر کے سماجی اور عوامی حلقوں نے بھی اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلائی اوور پر نگرانی کے مؤثر نظام اور رفتار پر قابو پانے کے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹریفک محکمہ مسئلے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے بالا صاحب ٹھاکرے فلائی اوور پر فوری حفاظتی انتظامات کرے گا تاکہ حادثات میں کمی آئے اور عوام بلا خوف و خطر سفر کر سکیں۔