یہاں کے رکن اسمبلی منوج جامسوتکر نے مانسون اجلاس میں ممبئی شہر کی خستہ حال عمارتوں اور برسوں سے رہائش پذیر لاکھوں شہریوں کی بازآبادکاری اور تعمیرنو کے مسئلے کو ایوان میں اٹھایا تھا۔
EPAPER
Updated: July 21, 2026, 12:23 PM IST | Byculla
یہاں کے رکن اسمبلی منوج جامسوتکر نے مانسون اجلاس میں ممبئی شہر کی خستہ حال عمارتوں اور برسوں سے رہائش پذیر لاکھوں شہریوں کی بازآبادکاری اور تعمیرنو کے مسئلے کو ایوان میں اٹھایا تھا۔
یہاں کے رکن اسمبلی منوج جامسوتکر نے مانسون اجلاس میں ممبئی شہر کی خستہ حال عمارتوں اور برسوں سے رہائش پذیر لاکھوں شہریوں کی بازآبادکاری اور تعمیرنو کے مسئلے کو ایوان میں اٹھایا تھا۔ انہوں نے ممبئی شہر کی پرانی کچی آبادیوں کو پکا بنا کرلوگوں کو ان کے حق کا پکا گھر دینے کی پر زور طریقے سے آواز بلند کی تھی۔ اب انہوں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی توجہ بذریعہ خط اس جانب مبذول کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے مختلف سرکاری اداروں جیسے ریلوے، ممبئی پورٹ ٹرسٹ اتھاریٹی، بی پی سی ایل، ایل آئی سی اور بی ایس این ایل وغیرہ کی زمینوں پر آباد کچی جھوپڑیوں کی بازآبادکاری ضروری ہے۔
اس مسئلے کو جنوبی ممبئی کے رکن پارلیمان اروند ساونت نے بھی مرکزی حکومت کی وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ اربن افیئرز کے سامنے پیش کیا تھا جس پر حکومت اور اتھاریٹی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی حکومت کی زمینوں پر آباد کچی آبادیوں اور خستہ حال عمارتوں کی ’پردھان منتری آواس یوجنا‘ کے تحت تعمیر نو کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے اصولی رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شیواجی پارک: ادھو ٹھاکرے کی سی جے پی کی حمایت میں بنا اجازت ریلی کیخلاف۳؍کیس درج
رکن اسمبلی منوج جامسوتکر نے وزیر اعلیٰ مہاراشٹر سے برسوں سے زیرِ التوا اس مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت کی زمینوں پر موجود کچی آبادیوں کی تعمیرنو کیلئے اجازت نامہ اور دیگر انتظامی منظوریوں کو بغیر کسی این او سی کے بلا تاخیر دستیاب کرانے کیلئے ایک واضح پالیسی وضع کی جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے گزارش کی کہ مرکزی حکومت کے مختلف اداروں اور ریاستی حکومت کے ماتحت مہاڈا، ایس آر اے اور ممبئی بلڈنگ ریپیئر اینڈ ری کنسٹرکشن بورڈ وغیرہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس آپ کی صدارت میں فوری طور پر طلب کیا جائے۔ حکومت اور عوام کے جائز حقوق کا یہ فیصلہ انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ اس تاریخی عوامی کام کو رفتار دینے کیلئے ذاتی طور پر پہل کریں گے اور تعمیر نو کے اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کر کے عوام کے اپنے گھر کا خواب شرمندۂ تعبیر کریں گے۔