یوتھ کانگریس کی پریس کانفرنس ۔ایک وفد کی جوائنٹ پولیس کمشنر سے ملاقات۔ راہل گاندھی نےمہلوک طالب علم کےوالد سےفون پرگفتگو کی۔
EPAPER
Updated: September 25, 2026, 11:03 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
یوتھ کانگریس کی پریس کانفرنس ۔ایک وفد کی جوائنٹ پولیس کمشنر سے ملاقات۔ راہل گاندھی نےمہلوک طالب علم کےوالد سےفون پرگفتگو کی۔
آئی آئی ٹی بامبے کے طالب علم ساحل واکوڈے کی خودکشی کے ذمہ داروں کوگرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔اس تعلق سے جمعرات کو یوتھ کانگریس کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جبکہ ایک وفد نے جوائنٹ پولیس کمشنرمنوج کمار شرما سے ملاقات بھی کی۔ راہل گاندھی نےبھی خود کشی کرنے والے طالب علم کے والد سے فون پر گفتگو کی اور انہیں انصاف دلانے کی یقین دہانی کروائی۔
یوتھ کانگریس کی جانب سے پریس کانفرنس میں کہاگیا کہ ساحل کے بارے میں ذات پرمبنی اور توہین آمیز تبصرہ کرنے اور اس کی دل آزاری کرنے کے تعلق سے پروفیسرس کو فوراً گرفتار کیاجائے اور اس پورے معاملے کی منصفانہ تحقیقات کی جائیں۔ کانفرنس کے دوران یہ اعلان کیا گیا کہ ساحل کو انصاف ملنے تک لڑائی جاری رہے گی۔یہ بھی بتایا گیا کہ ساحل پر بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے اور اس قدر ذہنی اذیت دی گئی کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پرمجبور ہوگیا۔
یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب نے مطالبہ کیا کہ ساحل کی خودکشی کے لئے پروفیسر ستیہ نارائن ذمہ دار ہیں، انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔اسی طرح اس معاملے میں پروفیسر کیدارے کا بھی اہم رول ہے، انہیں بھی گرفتار کیا جائے ۔جب تک ان دونوں پروفیسروں کو گرفتار نہیں کیا جاتا، منصفانہ تفتیش ممکن نہیں۔ اس لئے بھی اگر ادارہ خود ہی ادارے میں واقعہ کی تحقیقات کرے تو انصاف کیسے مل سکے گا؟ ساحل واکوڈے سے پہلے بھی طلبہ خودکشی کر چکے ہیں۔ گزشتہ ۷؍ ماہ میں تین طلبہ خودکشی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ساحل کا لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دیگر چیزیں کرائم برانچ کے قبضے میں ہیں، اس میں موجود ڈیٹا فوری طور پر والدین کو دیا جائے۔‘‘
یوتھ کانگریس کے دیگر اراکین زینت شبرین ، شیوراج مورے نےبھی ان ہی مطالبات کو دہرایااورانہوں نےجوائنٹ پولیس کمشنر سے ملاقات بھی کی۔