بھیونڈی میں ڈائنگ، سائزنگ اور سروس سینٹروں میں پانی کے استعمال پر شیوسینا (یو بی ٹی) کو اعتراض۔
EPAPER
Updated: October 31, 2026, 3:34 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بھیونڈی میں ڈائنگ، سائزنگ اور سروس سینٹروں میں پانی کے استعمال پر شیوسینا (یو بی ٹی) کو اعتراض۔
شہر میں پانی کی قلت بڑھنے کے ساتھ ہی صنعتی یونٹوں میں پانی کے استعمال کا معاملہ بھی موضوع بحث بن گیا ہے۔ رہائشی علاقوں میں شہریوں کو ضرورت کے مطابق پانی نہ ملنے کا حوالہ دیتے ہوئے شیوسینا (یو بی ٹی) نے شہر کے تمام ڈائنگ، سائزنگ اور سروس سینٹروں کے پانی کے نل کنکشن فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کے ضلعی رابطہ سربراہ منوج گگے نے میونسپل کمشنر انمول ساگر کو میمورنڈم پیش کرکے پانی کی چوری اور بربادی پر روک لگانے کی بھی مانگ کی ہے۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف شہریوں کو پانی سپلائی میں کمی کا سامنا ہے تو دوسری طرف صنعتی سرگرمیوں میں بڑے پیمانے پر پانی استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں شہری انتظامیہ کو پہلے شہریوں کی بنیادی ضرورت پوری کرنی چاہئے اور صنعتی یونٹوں کو دیئے گئے پانی کے کنکشن بند کرنے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھئے: کاشی گاؤں تا سبھاش چندر بوس گراؤنڈ تک میٹرو روٹ۹؍ پر ٹرائل رن مکمل
منوج گگے نے الزام لگایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی موٹریں لگا کر مقررہ مقدار سے زیادہ پانی حاصل کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ بعض مقامات پر پانی چوری میں میونسپل محکمہ آبی رسانی کے کچھ ملازمین کی ملی بھگت کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے کی جانچ، غیر قانونی طور پر پانی حاصل کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور پائپ لائنوں میں رساؤ کو فوری طور پر درست کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کے پیش نظر شہری انتظامیہ کی جانب سے پانی بچانے کی اپیل کی جا رہی ہے لیکن صنعتی استعمال اور پانی چوری پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات بھی ضروری ہیں۔ اگر میونسپل انتظامیہ نے فوری کارروائی نہیں کی تو شیوسینا (یو بی ٹی) کی جانب سے شدید احتجاج کیا جائے گا۔اس موقع پر پارٹی کے شہر صدر گجیندر گلوئی، سابق شہر صدر موہن ولال، ویشالی مستری، بھارتی کامگار سینا کے شہر صدر نذیر شیخ سمیت دیگر عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔