سمندر کی طاقتور لہروں سے بریک واٹر کا ایک حصہ منہدم۔جیٹی پروجیکٹ کا تعمیراتی کام ٹھپ پڑگیا۔
EPAPER
Updated: October 31, 2026, 4:20 PM IST | Siraj Sheikh | Murud-Janjira
سمندر کی طاقتور لہروں سے بریک واٹر کا ایک حصہ منہدم۔جیٹی پروجیکٹ کا تعمیراتی کام ٹھپ پڑگیا۔
ممبئی اور کاشید کے درمیان مسافروں اور گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کاشید میں تیار کیا جانے والا ’رول آن رول آف ‘اور ’جیٹی پروجیکٹ ‘سمندری لہروں کے باعث بریک واٹر منہدم ہونے سےشدید متاثر ہوا ہے اور فی الحال اس کا کام مکمل طور پر ٹھپ ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں کاشید کے مقام پر کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا حفاظتی بریک واٹر سمندر کی تیز اور طاقتور لہروں کے تھپیڑے برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا۔ بریک واٹر کے منہدم ہونے کی وجہ سے وہاں تعمیر کی جانے والی رو-رو جیٹی کو شدید نقصان پہنچا ہے اور پروجیکٹ کا کام روک دیا گیا ہے۔
رو رو پروجیکٹ کیا ہے؟
کاشید ساحل سمندر دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لئے ایک بڑاپر کشش مقام ہے۔ یہاں ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں۔ فی الحال، مسافروں کو ممبئی سے مانڈوا اور وہاں سے علی باغ کے راستے کاشید پہنچنے میں تقریباً ۳؍ گھنٹے لگتے ہیں۔ اس پریشانی کو کم کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی ساگرمالا اسکیم کے تحت اس پروجیکٹ کا کام ۲۰۱۹ء سے شروع کیا گیا تھا۔ اگر یہ سروس شروع ہوجاتی ہے تو ممبئی سے کاشید تک صرف دو گھنٹے میں پہنچنا ممکن ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: تھانے: کاپرباؤڑی پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ
یہ پروجیکٹ۱۱۲؍ کروڑ کا ہے ۔اسکے تحت سمندر کی لہروں کو روکنے کیلئے ایک بریک واٹر ، جیٹی، ایک مسافر ٹرمینل اور پارکنگ تعمیر کا کام اچھا خاصا ہو چکا ہے۔ جس پر اب تک گزشتہ سال تک تقریباً۹۹ء۹۶؍ کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ تاہم یہ بات سامنے آئی ہے کہ بریک واٹر ڈیم کے ساتھ کنکریٹنگ اور فلنگ کا کام ناقص معیار کا ہے۔ سمندری طوفان کی وجہ سے سیمنٹ کے بلاکس اور پتھر ادھر ادھر منتقل ہو گئے ہیں اور بریک واٹر کا کچھ حصہ بہہ گیا ہے۔ جس کی وجہ سے بریک واٹر پارکنگ اور سڑک کا کام نامکمل حالت میں ہے۔
پروجیکٹ میں تاخیر کا اثر کیا ہوگا؟
اس پروجیکٹ کا مقصد ممبئی اور کاشید کے درمیان کے۴؍ گھنٹے کے طویل زمینی سفر کو رو-رو سروس کے ذریعے کم کر کے صرف ڈیڑھ سے دو گھنٹے کرنا ہے بریک واٹر کے تباہ ہونے سے یہ پروجیکٹ بری طرح ناکام دکھائی دے رہا ہے، جس کی وجہ سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے ممبئی-کاشید رو-رو سروس کا آغاز ایک بار پھر طویل عرصے کیلئے کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔کاشید جیٹی کا یہ منصوبہ پچھلے کئی سال سے مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار تھا، اور اب اس حادثے نے انتظامیہ کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
سیاحت اور معیشت پر اثر
کاشید بیچ ممبئی اور پونے کے سیاحوں کیلئے بے حد مقبول تفریحی مقام ہے۔ رو-رو سروس شروع ہونے سے یہاں نہ صرف سیاحت کو بڑا فروغ ملنا تھا بلکہ مروڈ تعلقہ کے مقامی لوگوں اور تاجروں کیلئے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے تھے، مگر اب اس حادثے کے بعد پروجیکٹ کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔