تعمیراتی مد میں رقومات کی ادائیگی کیلئے۸۰؍ہزار روپے لینے والے جادھو کے خلاف متعدد شکایتیں۔
EPAPER
Updated: October 31, 2026, 4:16 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
تعمیراتی مد میں رقومات کی ادائیگی کیلئے۸۰؍ہزار روپے لینے والے جادھو کے خلاف متعدد شکایتیں۔
میونسپل کارپوریشن کے کمشنر رویندر جادھو ، ان کے پرسنل اسسٹنٹ نلیش اور میونسپل اکاؤنٹنٹ ہریش دگمبر کی اینٹی کرپشن بیورو کے ذریعے گرفتاری ۲۹؍ اکتوبر جمعرات کو عمل میں آئی تھی۔اسی روز شام میں ان تینوں پر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے انہیں مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ میونسپل کمشنر و دیگر دو سرکاری ملازمین کو ایک دن کی پولیس کسٹڈی میں رکھنے کے عدالتی احکامات جاری ہوئے تھے۔ملزمین کی وکالت ایڈوکیٹ واصف و ٹیم نے کی۔واضح رہے کہ ملزمین پر الزام ہے کہ انہوں نے گورنمنٹ کانٹریکٹر کو تعمیراتی مد میں رقومات کی ادائیگی کیلئے ۸۰؍ ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔
رُکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شوبھا کا بیان
اینٹی کرپشن بیورو کی کارروائی کے تناظر میں رُکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شوبھا دنیش بچھاؤ (کانگریس) نے کہا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں کرپشن کا بول بالا ہے۔شہری سطح پر صاف صفائی کیلئے کونارک انٹرپرائزیس نام کی کمپنی کو کانٹریکٹ دیا گیا۔اس میں کم ازکم ۷۰؍سے ۷۵؍کروڑ روپے کی بدعنوانی ہوئی۔سرکازی خزانے میں اتنی بڑی سیندھ ماری گئی۔اس کی شکایت مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس،کلکٹر ناسک اور ڈیویزنل کمشنر ناسک کو تحریری شکایتیں بھیجی گئی ہیں۔میونسپل کمشنر رویندر جادھو سمیت اس پورے معاملے میں ملوث گروہ کی مکمل،شفاف اور موثر انکوائری کیساتھ اُن پر قانونی کارروائی کا مطالبہ مَیں(ڈاکٹر شوبھا) نے کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ہائی کورٹ نے مالونی کے۱۴؍ غیرقانونی اسکولوں کی تفصیلات طلب کیں
سماجی کارکنان نے مٹھائیاں تقسیم کیں
اینٹی کرپشن بیورو کی میونسپل اتھاریٹیز پر ہوئی کارروائی سے سماجی کارکنان محمد رضوان اکبر،احتشام بیکری والا،جمال ناصر ایم آر،ڈاکٹر سیّد ذاکر کے علاوہ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے مشتاق احمد کمال الدین نے خوشی کا اظہار کیا۔ان میں سے متعدد سماجی کارکنان نے لڈّو اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔میونسپل اتھاریٹیز پر انسداد رشوت ستانی محکمہ کے شکنجے پر دیر آید درست آید سے تعبیر کیا۔ کہا کہ جیسے سرکاری کارندوں پر کارروائی ہوئی ویسے نام نہاد عوامی خدمتگاروں کی گردنیں بھی قانون کے ذریعے ناپنے کی ضرورت ہے۔شہری انتظامیہ اور اس کے خزانے سے اپنا پیٹ بھرنے اور اپنے خاندان کو پالنے والے شہر میں لیڈری کا تمغہ بے شرمی سے سجائے ہیں ، اِن سب کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔
ریاستی حکومت کی مذمت میں احتجاج
آمہی مالیگاؤکر وِدھایک سنگھرش سمیتی کی جانب سے ۳۰؍اکتوبر کی سہ پہر گاندھی مجسمہ موسم پُل پر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔سمیتی کے رُکن نکھل باپو پوار نے کہا کہ مہاراشٹر گورنمنٹ مالیگاؤں میں کرپٹ آفیسر کی نامزدگی کرتی ہے۔ایسے افسران جن کا ماضی داغدار اور دورانِ ملازمت اُن پر سنگین الزامات لگے ہوئے ہوتے ہیں اُن کو مالیگاؤں میں پوسٹنگ دی جاتی ہے۔اس کی مذمت کرتے ہوئے سمیتی مطالبہ کرتی ہے کہ صاف شفاف اور باکردار افسران کو مالیگاؤں میں پوسٹنگ دی جائے۔