Inquilab Logo Happiest Places to Work

شمشان بھومی سے بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمہ کی منتقلی کا مطالبہ

Updated: April 04, 2026, 10:32 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

الہاس نگر میونسپل انتظامیہ نے شانتی نگر علاقے میں موجود شمشان بھومی میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا ہے۔

A silent protest was held outside the Ilhasnagar railway station to remove the statue from the crematorium. Photo: INN
مجسمہ کو شمشان بھومی سے ہٹانے کیلئے الہاس نگر ریلوے اسٹیشن کے باہرخاموش احتجاج کیا گیا۔ تصویر: آئی این این

یہاں شانتی نگر میں واقع شمشان بھومی میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے سے ان کے پیروکاروں میں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے اور مجسمے کو کسی دوسرے پُروقار مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں امبیڈکر کے پیروکاروں اور سماجی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے الہاس نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر جمع ہو کر خاموش احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ 
الہاس نگر میونسپل انتظامیہ نے شانتی نگر علاقے میں موجود شمشان بھومی میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا ہے۔ مقامی امبیڈکری برادری اور پیروکاروں کا مطالبہ ہے کہ ایک ایسی عظیم شخصیت جنہوں نے ملک کو دستور دیا ان کا مجسمہ قبرستان یا شمشان بھومی جیسی جگہ پر ہونا ان کی توہین کے مترادف ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس مجسمہ کو شہر کے کسی مرکزی اور باعزت مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ عوام مناسب طریقے سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر سکیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹی ای ٹی کے مشکل ہونے کےباوجود ان اساتذہ نے کئی مرتبہ یہ امتحان پاس کیا

جمعہ کی صبح الہاس نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز تھامے پُرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے واضح کیا کہ اس حوالے سے انتظامیہ کو عرضداشت دی گئی ہے لیکن اب تک کوئی ٹھوس کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ مظاہرین نے میونسپل کارپوریشن اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر مجسمے کی منتقلی کے لئے جگہ کا تعین کریں اور اس عمل کو مکمل کریں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو وہ مستقبل میں اپنے احتجاج کو مزید تیز کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اس موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ریلوے اسٹیشن کے گرد و نواح میں پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK