بھیونڈی۔ دھولیہ اور ناندیڑ میں پارٹی کارکنان کی جانب سے مظاہرے اور کلکٹروں کو میمورنڈم ، مہلوک نور الحسن کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے معائوضہ دینے کی مانگ کی گئی۔
EPAPER
Updated: October 11, 2023, 9:50 AM IST | I Shaikh / Khalid Ansari / Z A Khan | Satara
بھیونڈی۔ دھولیہ اور ناندیڑ میں پارٹی کارکنان کی جانب سے مظاہرے اور کلکٹروں کو میمورنڈم ، مہلوک نور الحسن کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے معائوضہ دینے کی مانگ کی گئی۔
گزشتہ دنوں ستارا میں ایک متنازع پوسٹ کا بہانہ بنا کر شر پسندوں نے مسلمانوں کے مکانات اور عبادتگاہوں میں آگ زنی کی تھی اور جگہ جگہ توڑ پھوڑ کی تھی۔ مقامی باشندوں کا واضح الزام ہے کہ اس تشدد کیلئے بی جے پی کے ستارا ضلع صدر وکرم پاوسکر ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے ہی شرپسندوں کو ان حملوں کیلئے اکسایا تھا۔ پولیس نے پاوسکر کے گرفتار کرنے کے بجائے مسلم نوجوانوں ہی کے خلاف معاملات درج کئے اور انہیں سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا۔ مہاراشٹر مجلس اتحاد المسلمین نے اب پاوسکر کی گرفتار ی کیلئے احتجاج شروع کیا ہے۔ پیر کو پارٹی کارکنان نے ریاست کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا اور حکام کو میمورنڈم دے کر پاوسکر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
ممبئی سے قریب بھیونڈی شہر میں پارٹی کارکنان نے پرانت آفس کے سامنے زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پرانت آفیسر کو میمورنڈم دیا جس اس شرپسندانہ حملے میں فوت ہونے والوں کوایک کروڑ روپے اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا۔ ایم آئی ایم کے مقامی صدر شاداب عثمانی کی قیادت میں کئے گئے احتجاج کے دوران بی جے پی لیڈر وکرم پاوسکر کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں فوری طور پر گرفتار کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
دھولیہ میں اسی طرح کا احتجاج ضلع کلکٹر کے باہر احتجاج کیا گیا اورکلکٹر کو میمورنڈم پیش کیا گیا۔ یہاں وکرم پاوسکر کی گرفتاری کے ساتھ ستارا پولیس کے ڈی ایس پی اور خاطی پولیس افسران کے تبادلے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ ساتھ ہی مہلوک نورالحسن کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے معائوضہ کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ نیز جن دکانوں اور مکانوں کو نقصان پہنچا ہے اس کا ہرجانہ ادا کرنے کی مانگ کی گئی۔ ضلع کلکٹر کو میمورنڈم دینے کیلئے ایم آئی ایم کا جو وفد گیا تھا اس میںپارٹی کے دھولیہ ضلع صدر ناصر پٹھان ، شہر صدر مختار بلڈر ، خاتون شہر صدر فاطمہ انصاری ، کارپوریٹر سعید بیگ ، کارپوریٹر عامر پٹھان ، سابق کارپوریٹر ساجد سائی ، شعیب ملا ، قیصر احمد ، الیاس عبدالصمد سر ، نظر خان ، اقبال شاہ ، اعجاز سید وغیرہ موجود ت موجود تھے۔
ایسا ہی احتجاج ناندیڑ میں بھی کیا گیا۔ یہاں پارٹی کے ناندیڑ ضلع صدر مرزا امجد بیگ کی قیادت میں مظاہرین ضلع کلکٹر کے دفتر پہنچے جہاں حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے اور ضلع کلکٹر کو میمورنڈم پیش کیا گیا جس میں تقریباً وہی مطالبات کئے گئے جو دیگر مقامات پر کئے گئے۔ اس موقع پرایم آئی ایم مراٹھواڑہ کے صدر فیروز خان لالہ کے علاوہ کثیر تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔