• Mon, 02 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈیا اتحاد کے جواب میں تھانے میں جمہوریت بچاؤ ریلی

Updated: November 02, 2026, 4:24 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے کانگریس پر چین سے فنڈنگ پر ملک میں انتشار پھیلانے کا الزام لگایا،نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی خطاب کیا۔

Deputy Chief Minister Eknath Shinde, Chief Minister Devendra Fadnavis, and Union Minister Bhupender Yadav at the ‘Loktantra Bachao Padyatra’ (Save Democracy Foot March). Photo: PTI
’لوک تنتر بچاؤ پد یاترا ‘ میںنائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اورمرکزی وزیر بھوپیندر یادو۔ تصویر: پی ٹی آئی

اتوار کو جب دہلی میں انڈیا اتحاد کے لیڈروں کی قیادت میں ووٹ چوری، ایس آئی آر اور گیانیش کمار کے استعفیٰ کیلئے ریلی نکالی گئی تھی اسی وقت  ایکناتھ شندے کے گڑھ تھانے میں بی جےپی کی جانب سے ’لوک تنتر بچاؤ پد یاترا ‘ (جمہوریت بچاؤ پیدل مارچ) نکالی گئی۔ اس ریلی میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس،نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، مرکزی وزیر بھوپیندر یادو اور مہایوتی اتحاد کے دیگر لیڈر بھی شامل ہوئے۔ ریلی میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس انڈیا اتحاد اور خصوصی طورپر کانگریس پر ووٹ چوری کے نام پر کئے جانے والے مظاہروں پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک میں انتشار اور بے چینی پیدا کرنے کیلئے کانگریس کو چین سے فنڈنگ ہو رہی ہے۔ فرنویس نے عزم کیا کہ جب تک آخری بنگلہ دیشی درانداز کو ووٹر لسٹ سے نہیں نکالا جاتا، تب تک جدوجہد جاری رہے گی۔

 ریلی کہا ں سے کہاں نکالی گئی؟

یہ ریلی صبح تقریباً ساڑھے ۹؍بجے تھانے کے پانچ پکھاڑی علاقے میںتھانے میونسپل کارپوریشن ہیڈ کوارٹر کے قریب واقع ’پرمارتھ نیکیتن‘ سے شروع ہو کر چندن واڑی، المیڈا چوک اور دگڑی اسکول کے راستے سے گزرتے ہوئے تلاؤ پالی پر واقع پنیہ سلوک اہلیہ دیوی ہولکر کے مجسمے کے پاس ختم ہوئی جہاں ایک عوامی جلسہ میں وزیر اعلیٰ ، نائب وزیر اعلیٰ اور دیگر لیڈروں نے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھئے: میرا بھائندر میں ریاستی حکومت کا ’سیوا سنکلپ ابھیان‘

ریلی کا مقصد

یہ ریلی اپوزیشن انڈیا اتحاد بالخصوص کانگریس اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے آئین اور جمہوری اداروں کے خلاف مبینہ کوششوں،’ووٹ چوری‘ کے الزامات اور عدم استحکام پیدا کرنے کے خلاف طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے نکالی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے تھانے کی ریلی میں کانگریس پر براہ راست چین سے فنڈنگ حاصل کرنے کا سنسنی خیز الزام لگایا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں راہل گاندھی کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’’راہل جی، مجھے جواب دیں کہ ہندوستان کو نقصان پہنچانے کیلئے چین کی طرف سے آپ کی کانگریس پارٹی اور آپ کے ٹرسٹ کو کتنا فنڈ (ڈونیشن) ملا ہے؟ ‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس چین سے ملنے والے اس فنڈ کا استعمال ملک کے اندر انتشار، بے چینی اور بدامنی پھیلانے کیلئے کر رہی ہے۔

 غیر ملکی سازش کا دعویٰ

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جس طرح پڑوسی ممالک (جیسے نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا) میں  حکومتوں کو غیر مستحکم کیا گیا، اسی طرح کی غیر ملکی فنڈڈ سازشیں ہندوستان کے آئینی اداروں کے خلاف بھی رچی جا رہی ہیں۔

اسی دوران ایکناتھ شندے نے خطاب کرتےہوئے کہاکہ کانگریس اپنے مفاد کیلئے نوجوانوں کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوںنے ادھو ٹھاکرے کا نام لئے بغیر انہیں  نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی ایم سی میں ’نوٹ’ چرانے والے آج ووٹ چوری کی باتیں کرنے لگے۔

راہل اور کانگریس پر آئین کوتوڑنے کا الزام 

وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کانگریس اور راہل گاندھی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی لڑائی بی جے پی یا نریندر مودی سے نہیں بلکہ ہندوستان اور ہندوستانی آئین کے خلاف ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جو لوگ’ووٹ چوری‘ کا الزام لگا رہے ہیں، حقیقت میں وہی آئین کو توڑنے والے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک آخری بنگلہ دیشی درانداز کو ووٹر لسٹ سے نہیں نکالا جاتا، تب تک جدوجہد جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK