عام شہریوں کو ایک ہی چھت تلے سرکاری دستاویزات کی فراہمی۔ پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ عوام کی ضرورت کے مطابق ایسے کیمپ منعقد کئے جاتے رہیں گے۔
ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک ایک شہری کو سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹر حکومت کی جانب سے عوام اور نچلے طبقے کی سہولت کے لیے ریاست بھر میں ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں میرا بھائندر میں ایک خصوصی ڈرائیو کیمپ کا انعقاد کیا گیا تاکہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے سے نجات مل سکے اور تمام ضروری سر ٹیفکیٹس اور دستاو یزات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہو سکیں۔ یہ کیمپ ڈسٹرکٹ کلکٹر تھانے اپر تحصیلدار دفتر میرابھائندر کے مشترکہ زیر اہتمام اتوار کو پدم شری ڈاکٹر اپا صاحب دھرمادھیکاری سبھا گرہ نزدیک دیپک اسپتال میراروڈ مشرق میں منعقد ہوا تھا۔
کیمپ کے افتتاح کے موقع پر ریاستی وزیر اور مقامی رکن اسمبلی پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ میرا بھائندر کے شہری مختلف سرکاری دستاویزات اور سرٹیفکیٹس کے حصول میں تاخیر اور پریشانی کا شکار تھے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے فیصلہ کیا کہ تمام خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپر تحصیلدار نلیش گائیکواڑ کی دیکھ بھال میں اس کیمپ کا آغاز کیا گیا۔ پہلے ہی دن تقریباً۴۹۰؍ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ مزید آنے والی درخواستوں کو بھی قبول کر کے جلد از جلد سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے۔ پرتاپ سر نائیک کے مطابق ، اس کیمپ کے ذریعے شہریوں کو وارڈ آفس، تحصیل آفس اور میونسپل کارپوریشن کی سطح پر درپیش مسائل کو موقع پر ہی حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کی ضرورت کے مطابق مستقبل میں بھی اس طرح کے ’سیوا سنکلپ‘ کیمپ باقاعدگی سے منعقد کیے جاتے رہیں گے۔