• Wed, 30 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹھاکرلی فلائی اوور کی تعمیر میں حائل گھروں کے خلاف انہدامی کارروائی شروع

Updated: September 30, 2026, 12:28 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

بازآبادکاری کا مسئلہ حل ہونے کے بعد تجاوزات اور مکانات منہدم ،تعمیراتی کام جلد شروع ہونے کی امید،مکینوں کی رضامندی کے بعدمنتقلی کاآغاز۔

The site cleared as a result of the demolition operation. Photo: Inquilab
انہدامی کارروائی کے نتیجے میںخالی ہونے والی جگہ۔ تصویر: انقلاب

کلیان اور ڈومبیولی کے درمیان آمدورفت کو تیز اور ٹریفک کی بڑھتی ہوئی دشواریوں سے پاک بنانے کے مقصد سے زیر تعمیر ٹھاکرلی فلائی اوور منصوبے کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ بالآخر دور کر دی گئی ہے۔ گزشتہ ایک دہائی سے زمین کے حصول اور متاثرہ مکینوں کی بازآبادکاری کے پیچیدہ تنازع کے باعث تعطل کا شکار اس اہم منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے میونسپل انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے ۵۸ ؍مکانات کو منہدم کر دیا۔ طویل عرصے سے زیر التوا اس کارروائی کے بعد فلائی اوور کی تعمیر کی راہ ہموار ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

ٹھاکرلی فلائی اوور پچھلے ۱۰؍ برسوں سے تعطل کا شکار تھا جس کے باعث ٹھاکرلی ریلوے اسٹیشن سے لے کر مہسوبا چوک تک روزانہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں اور شدیدٹریفک جام شہریوں کے لئے وبال جان بنا ہوا تھا۔ اگرچہ ریاستی حکومت نے اس منصوبے کے کام کی تکمیل کیلئے ۳۶ ؍کروڑ روپے کے خصوصی فنڈ بھی منظور کر دئیے تھے لیکن فلائی اوور کی زد میں آنے والے ۸۲؍ خاندانوں کی آبادکاری کا مسئلہ حل نہ ہونے سے کام رکا ہوا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:شیرخوار بچوں کی خوراک پر ’ماں کا دودھ بہترین‘ لکھنا لازمی

اس تنازع کے حل کیلئے مقامی کارپوریٹرز شاردا چودھری اور خوشبو چودھری نے شہریوں اور انتظامیہ کے ساتھ مسلسل میٹنگیں کیں جس کے نتیجہ میں بازآبادکاری کا ایک متفقہ فارمولا طے پایا۔طے شدہ معاہدے کے تحت متاثرین کو باراوے اور کھمبال پاڑہ میں واقع بی ایس یو پی ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت متبادل فلیٹ دئیے گئے ہیں جبکہ نجی زمین کے مالکان کو ٹی ڈی آر کی شکل میں معاوضہ فراہم کرنے کا معاہدہ کیا گیا۔مکینوں کی جانب سے مکانات خالی کرنے پر رضامندی کے بعدباقاعدہ منتقلی کا عمل شروع کیا گیا۔

اس پس منظر میں میونسپل کمشنر ابھینو گوئل کے احکامات پر ’ایف‘ وارڈ کے اسسٹنٹ کمشنر پرساد ٹھاکر اور ’جی‘ وارڈ کے اسسٹنٹ کمشنر جے رام شندے کی قیادت میں ٹھاکرلی ریلوے پھاٹک سے لےکر مہسوبا چوک تک ریلوے کے متوازی ۲۴ ؍میٹر چوڑی سڑک پر واقع مہالکشمی بلڈنگ کے راستے میں آنے والے ۲۶؍ مکانات اور سنت واڑی کے ۳۲ ؍مکانات مسمار  کئے گئے۔ 

انتظامیہ کے مطابق باقی ماندہ رکاوٹیں بھی چند روز میں ہٹا دی جائیں گی۔ زمین خالی ہونے کے بعد اب فلائی اوور اور اس کے متوازی سڑک کا ادھورا کام پوری رفتار سے شروع کیا جا سکے گا جس سے علاقے میں ٹریفک جام کا سنگین مسئلہ ہمیشہ کے لئے حل ہونے کی قوی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK