ہندوستانی مکے بازوں نے گزشتہ ایشین گیمز کے مقابلے میں اپنے تمغوں کی تعداد پہلے ہی بہتر کرلی ہے اور اب طلائی تمغوں کی باری ہے۔
EPAPER
Updated: September 30, 2026, 1:09 PM IST | Agency | Nagoya
ہندوستانی مکے بازوں نے گزشتہ ایشین گیمز کے مقابلے میں اپنے تمغوں کی تعداد پہلے ہی بہتر کرلی ہے اور اب طلائی تمغوں کی باری ہے۔
ہندوستانی مکے بازوں نے گزشتہ ایشین گیمز کے مقابلے میں اپنے تمغوں کی تعداد پہلے ہی بہتر کرلی ہے اور اب طلائی تمغوں کی باری ہے۔ انکش پنگھال اور پروین ہڈا نے منگل کو اپنے اپنے سیمی فائنل مقابلے جیت کر ہندوستان کے یقینی ۶؍ تمغوں کو طلائی تمغے میں تبدیل کرنے کی امیدیں بڑھا دی ہیں۔ ہندوستان کے ۶؍ یقینی تمغہ جیتنے والوں میں سے ۳؍ کھلاڑی ان کھیلوں میں اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ یہ کامیابی گزشتہ مرتبہ کے مقابلے میں چھوٹی ٹیم کیساتھ حاصل ہوئی ہے، جس میں ۲؍ عالمی چمپئن باکسر شامل نہیں تھے۔ ہندوستان نے گزشتہ ایشین گیمز میں ۱۳؍ زمروں میں حصہ لیتے ہوئے ۴؍ تمغے جیتے تھے، جبکہ اس بار ۱۱؍ زمروں میں مقابلہ کر رہا ہے۔
انکش نے دن کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا۔ اپنے پہلے ایشین گیمز میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے مردوں کے ۸۰؍ کلوگرام سیمی فائنل میں ازبکستان کے موجودہ ۷۵؍ کلوگرام عالمی چمپئن فضلی الدین ارکین بویف کو ۴۔ایک سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ انکش ۸؍ سال میں ایشین گیمز کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے ہندوستانی مرد باکسر بن گئے۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کی خاتون ریلے ٹیم نے۴x۴۰۰؍ میٹر ریس میں طلائی تمغہ جیت لیا
پروین نے چین کی لی شو کو ۵۔صفرسے شکست دے کر خواتین کے ۶۵؍ کلوگرام فائنل میں جگہ بنالی۔ وہ ان ایشین گیمز کے فائنل میں پہنچنے والی صرف تیسری ہندوستانی خاتون باکسر ہیں۔ ۲۰۱۰ءکے بعد پہلی بار ہندوستان کے ۲؍ باکسر ایک ہی ایشین گیمز میں طلائی تمغے کے لئے مقابلہ کریں گے۔
۵؍ تمغوں کا رنگ اب بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔ انکش اور پروین فائنل میں پہنچ چکے ہیں جبکہ پریا گھن گھاس (خواتین کا ۶۰؍کلوگرام)، کپل پوکھریا (مردوں کا ۹۰؍ کلوگرام) اور لولینا بورگوہین (خواتین کا ۷۵؍کلوگرام) بدھ کو فائنل میں جگہ بنانے کے لئے مقابلہ کریں گے۔