احتجاجی مظاہرے کے سبب گوونڈی سے چلائی جانے والی بیسٹ بسوں کے روٹ بدلے گئے۔
EPAPER
Updated: July 25, 2026, 12:43 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
احتجاجی مظاہرے کے سبب گوونڈی سے چلائی جانے والی بیسٹ بسوں کے روٹ بدلے گئے۔
دہلی میں جنترمنتر پر طلبہ کے احتجاج کی حمایت اور ان سے اظہار یکجہتی کے لئے جمعہ کو مالونی ڈپو کے باہر لوگوں کو کالا فیتہ باندھا گیا ۔احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں نے کہا کہ یہ ہمارے بچوں کا بھی مسئلہ ہے۔ اسی طرح گوونڈی سے چمبور تک مورچہ نکالا گیا جس کی وجہ سے گوونڈی سے چلائی جانے والی متعدد بسوں کے روٹ بدلے گئے۔
مالونی ڈپو کے باہر جمعہ کی نماز کے بعد ضیاء اسپورٹس کلب کی جانب سے سیاہ فیتہ باندھنے اور تقسیم کرنے کا اہتمام کیا گیا ۔ اس تعلق سے مذکورہ اسپورٹس کلب کے ذمہ دار ذوالفقار علی قادری نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ ہماری پوری ٹیم نے اس میں حصہ لیا۔ سیاہ فیتہ باندھنے کے تعلق سے انہوں نے بتایا کہ یہ غصے اور غم کی علامت ہے ، ہم دہلی تو نہیں پہنچ سکے مگر احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت تو کرسکتے ہیں۔ ہم لوگوں کے بھی بچے ہیں، ان کو بھی ایسے حالات کا سامنا کرنا ہوگا۔ اس لئے ان کے مستقبل کی فکر کرنی ہے اور ان کے حق میں آواز بلند کرنا ضروری ہے۔ جو نوجوان احتجاج کررہے ہیں، وہ آئے دن پیپر لیٖک سے تنگ آچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’احتجاج کرنے والے طلبہ کیخلاف تمام کیس واپس لئے جائیں‘‘
گوونڈی سے امر محل (چمبور) تک بھیم شکتی اور دیگر تنظیموں کے اشتراک سے نکالے گئے احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا۔ مظاہرین نے اتحاد اور اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
بھیم آرمی کے ذمہ دار کامبلے نے بتایا کہ احتجاج کرنا اور اپنے حق کے لئے آواز بلند کرنا ہمارا حق ہے، یہ حق ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ بابا صاحب کے سمویدھان نے یہ حق ہمیں دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سنیچر (آج)کو کلکٹر آفس پر بھی مورچہ نکالا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: طلبہ کے ساتھ یکجہتی کیلئے کالج کےاساتذہ کا سیاہ فیتہ باندھ کراحتجاج
شیواجی نگر بس ڈپو سے چلائی جانے والی بسوں کے تعلق سے بیسٹ کے پی آر او سنیل ویدیہ نے انقلاب کو بتایا کہ کاکروچ جنتا پارٹی کی حمایت میں نکالے گئے احتجاج کے سبب نارائن گرو اسکول سے امرمحل تک احتجاج کی وجہ سے۳۷۹، ۳۷۷، ۳۸۰؍ اور شیواجی نگر جنکشن سے جیجاماتا بھونسلے امرمحل مارگ پر چلائی جانے والی بسوں کے روٹ دوپہر۱۲؍ بجے سے بند کردیئے گئے تھے۔