نئے قبرستان کیلئے ریزرو پلاٹ پرتعمیراتی کام جاری۔ ٹرسٹیان کے مطابق اب قبرستانوں کے بند اور شروع ہونے جیسے حالات نہیں پیدا ہوںگے بلکہ نئے قبرستان سے مسئلہ مستقلاً حل ہوجائے گا۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 4:17 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
نئے قبرستان کیلئے ریزرو پلاٹ پرتعمیراتی کام جاری۔ ٹرسٹیان کے مطابق اب قبرستانوں کے بند اور شروع ہونے جیسے حالات نہیں پیدا ہوںگے بلکہ نئے قبرستان سے مسئلہ مستقلاً حل ہوجائے گا۔
دیونار قبرستان ایک سال بعد تدفین کیلئے کھول دیا گیا مگر گنجائش ختم ہونے کے بعد اب رفیع نگر قبرستان بند کردیاگیا ہے۔اس سے یہ مسئلہ تو نہیں پیدا ہوگا کہ میت کی تدفین نہیں ہوسکے گی مگر یہ پریشانی بہرحال ہے کہ رفیع نگر قبرستان لائی جانے والی میت کو اب دیونار قبرستان لانا ہوگا جس سےمیت کے لواحقین اور تدفین میںشریک ہونےوالوں کو دوری کےسبب پریشانی ہوگی۔ پہلے یہی دقت دیونار قبرستان بند ہونے کےسبب مقامی افراد کوہوتی تھی۔
دیونار قبرستان ضابطے کے تحت کھول دیا گیا
دیونارقبرستان کے ٹرسٹی عبدالرحمٰن عرف منّانےنمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ’’ دیونار قبرستان ایک سال سےبند تھا مگر بی ایم سی کے ضابطے کے مطابق اب اسے دوبارہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ رفیع نگر میں گنجائش ختم ہونے کے سبب اسے بند کردیا گیا ہے۔ ‘‘انہوں نےیہ بھی بتایاکہ’’ دیونار قبرستان میںاب ایک سال تک میت کی تدفین کےلئے کوئی مسئلہ نہیںہوگا ۔ اس کےبعد رفیع نگرقبرستان میںتدفین شروع ہوجائے گی ۔اس طرح کام چلتا رہے گا ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’دیونار قبرستان سے متصل ریزرو پلاٹ پر نئے قبرستان کا کام جاری ہے جس میں تقریباً ۵۰۰؍ قبروں کی گنجائش ہوگی۔ امید ہے کہ اس کاکام پورا ہوجانے کے بعد اب قبرستانوں کے بنداور شروع ہونے کا سلسلہ ختم ہوجائے گا اور میت کی تدفین میں آنے والی دشواری سے گوونڈی والوں کو مستقل طور پر راحت مل جائے گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں ہر تین میں سے ایک ووٹر کا نام ووٹرلسٹ سے حذف!
عبدالرحمٰن عرف منّانے اس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایاکہ ’’ ابھی دیونار اور رفیع نگرقبرستانوں پر ہی میت کی تدفین کےلئے انحصار کیا جاتا رہاہے مگر جب نیا قبرستان بن جائے گا تو اس میں ۵۰۰؍ قبروں کی جگہ پُر ہونے میں تقریباً ۶؍ ماہ لگیں گے، ایسے میںابھی جو صورتحال ہے وہ ختم ہوجائے گی ۔ اس کے علاوہ رفیع نگر والوں کودیونارقبرستان میت لانے اوردیونار والوں کو رفیع نگر قبرستان میت لے جانے کی ضرورت نہیںہوگی ۔‘‘ انہوں نےمزیدبتایاکہ’’ میت کی تدفین کیلئے بی ایم سی کاضابطہ ہے کہ باڈی مٹی میں مکمل طور پرملنا ضروری ہے۔ اس سے قبل دوبارہ تدفین کی اجازت نہیںدی جاتی ہے۔ اس کا خیال رکھا جاتا ہے کہ کیونکہ ضابطے کی خانہ پُری کے ساتھ یہ بھی ملحوظ رکھا جاتا ہے کہ اس سے قبل میت دفن کرنے سے کئی طرح کےمسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس لئے جیسے ہی بی ایم سی کی جانب سے ہدایت دی جاتی تھی، قبرستان کوبند کردیاجاتا تھا مگر کافی کوششوں کےبعد حاصل ہونے والے قبرستان کے نئے پلاٹ سے یہ دشواری مستقل طور پر حل ہونے کی امیدہے۔‘‘
تعمیراتی کام اب تک پورا نہیں ہوسکا
یہ بھی یاد رہےکہ قبرستان کے نئے پلاٹ پر تعمیراتی کام بی ایم سی کی گائیڈ لائن کے مطابق ۲۰۲۵ءمیں ہی ختم ہوجانا چاہئے تھا مگر اب تک پورا نہیں ہوسکا ہے لیکن ٹرسٹیان کاکہنا ہےکہ اب بہت زیادہ وقت نہیں لگے گا ۔