Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مہاراشٹر کو قحط سے آزاد کروائیں گے‘‘

Updated: August 16, 2026, 12:03 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ملک کے ۸۰؍ ویں یوم آزادی کے موقع پر منترالیہ میں پرچم کشائی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا اعلان۔

Chief Minister Devendra Fadnavis addressing the gathering. Photo: PTI
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ملک کے ۸۰؍ویں یوم آزادی کے موقع پر منترالیہ میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ہاتھوں روایتی انداز میں پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ترقی یافتہ ہندوستان میں مہاراشٹر کا کردار انتہائی اہم ہے اور مہاراشٹر ملک کی ترقی کا ’گروتھ انجن‘ ہے۔ مہاراشٹر کی ترقی کو سماج کے آخری فرد تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ریاست کو مستقل طور پر قحط سے آزاد بنانا ریاستی حکومت کا پختہ عزم ہے۔ انہوں نے مجاہدین ِ آزادی، انقلابیوں اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے مہاراشٹر کی ترقی کیلئے کئے جانے والے متعدد منصوبہ کا اعادہ بھی کیا۔ 
واضح رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر نائب وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے تھانے ضلع کلکٹر آفس میں اور نائب وزیر اعلیٰ سونیترا اجیت پوار نے بیڑ میں پرچم کشائی کی۔ 
مہاراشٹر کی اقتصادی شرحِ نمو۸ء۸؍ فیصد 
وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے گزشتہ ۱۲؍ برس میں دنیا کی چوتھی بڑی معیشت بننے کا سنگِ میل حاصل کیا ہے اور۲۵؍ کروڑ شہریوں کو غربت سے باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ترقی یافتہ ہندوستان کا مطلب صرف ترقی یافتہ معیشت نہیں بلکہ غریبوں، دلتوں، آدیواسیوں، کسانوں، کھیت مزدوروں اور خواتین کے ساتھ ہر طبقے کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: حادثات کا سبب بننے والی زیادہ روشنی والی ہیڈ لائٹس لگانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائی

انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹر ملک کی سب سے بڑی معیشت والی ریاست ہے اور رواں سال کی پہلی ششماہی میں ریاست کی اقتصادی شرحِ نمو( جی ڈی پی گروتھ ریٹ )تقریباً ۸ء۸؍فیصد رہی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر ضلع کو ترقی کا ’گروتھ انجن‘ بنایا جائے اور اب تک تقریباً ۱۳؍ اضلاع نے اپنے مقررہ اہداف پورے کر لئے ہیں۔ گڑچرولی، پالگھر اور نندوربار سمیت ریاست کے ہر علاقے تک ترقی پہنچانے کے لئے حکومت پرعزم ہے۔ 
حقوق کے ساتھ فرائض کو بھی یاد رکھنے کی اپیل 
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے شہریوں سے اپیل کی کہ آئین نے جہاں ہمیں حقوق دیئے ہیں، وہیں فرائض کا احساس بھی دلایا ہے۔ اس لئے یومِ آزادی پر تمام شہری اپنے فرائض کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کے ترنگے کو ہمیشہ سربلند رکھنے کا عزم کریں۔ 
۵۶؍لاکھ کسانوں کا قرض معاف کرنے کا دعویٰ 
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کسانوں کے لئے ’’پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر قرض معافی اسکیم‘‘ نافذ کی جا رہی ہے جس کے تحت ۵۶؍ لاکھ کسانوں کے ۳۶؍ ہزار کروڑ روپے کا قرض معاف کیا جا رہا ہے۔ کسانوں کو دن کے وقت بجلی فراہم کرنے کی سمت میں بھی بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور فی الحال۷۶؍ فیصد کسانوں کو دن میں بجلی مل رہی ہے۔ اگلے ایک سال میں صد فیصد کسانوں کو دن کے وقت بجلی فراہم کرنے کا عزم پورا کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: یوم آزادی پر مفت فُٹ ویئر تقسیم کرنے کااعلان

قحط سے نجات کیلئے ریور لنکنگ پروجیکٹس 
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹر کی پچھلی نسلوں نے قحط کا سامنا کیا لیکن آنے والی نسل کو قحط نہ دیکھنا پڑے، اس کیلئے ندیوں کو جوڑنے کے منصوبوں ’ ریور لنکنگ پروجیکٹس‘ کے ذریعے مراٹھواڑہ، ودربھ، شمالی مہاراشٹر اور مغربی مہاراشٹر کے قحط زدہ علاقوں تک پانی پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ مہاراشٹر کو قحط سے مستقل نجات دلائی جا سکے۔ 
خواتین کو کسان کا درجہ دینے والی پہلی ریاست
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ مہاراشٹر نے خواتین کسان قانون تیار کر کے خواتین کو باقاعدہ کسان کا درجہ دینے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے اور ایسا کرنے والی یہ ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت خواتین اور محروم طبقات کی ترقی کیلئے مخصوص اسکیمیں نافذ کر کے سب کو ساتھ لے کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK