ہندوستان کے ایوی ایشن ریگولیٹر ڈی جی سی اے نے دسمبر میں بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی اور تاخیر پر انڈیگو ایئرلائن پر ۲۰ء۲۲؍ کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔
EPAPER
Updated: January 19, 2026, 9:04 PM IST | New Delhi
ہندوستان کے ایوی ایشن ریگولیٹر ڈی جی سی اے نے دسمبر میں بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی اور تاخیر پر انڈیگو ایئرلائن پر ۲۰ء۲۲؍ کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔
ہندوستان کے سول ایوی ایشن ریگولیٹر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو ایئرلائن پر ۲۰ء۲۲؍ کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ کارروائی دسمبر کے دوران پیش آنے والے شدید آپریشنل بحران کے بعد کی گئی، جس میں ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں اور لاکھوں مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈی جی سی اے کی جانب سے کی گئی تفصیلی جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ انڈیگو نے محدود وسائل کے باوجود حد سے زیادہ پروازیں شیڈول کیں۔ خراب منصوبہ بندی، عملے کی کمی اور فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن (ایف ڈی ٹی ایل) قوانین پر مؤثر عمل نہ ہونے کے باعث ایئرلائن کا پورا نظام دباؤ کا شکار ہو گیا۔ نتیجتاً چند ہی دنوں میں سیکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں۔
یہ بھی پڑھئے:شامی حکومت اور ایس ڈی ایف میں جنگ بندی و انضمام کے معاہدہ کا اعلان
ریگولیٹر کے مطابق ۳؍ سے ۵؍ دسمبر کے درمیان بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ اس دوران مختلف ہوائی اڈوں پر مسافروں کو طویل انتظار، معلومات کی کمی اور متبادل انتظامات نہ ہونے کی شکایات رہیں۔ ڈی جی سی اے نے اسے مسافروں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ جرمانے کی تفصیل کے مطابق، ایئرلائن پر نظامی ناکامیوں اور سول ایوی ایشن قواعد کی خلاف ورزی پر ایک بڑی رقم بطور مجموعی جرمانہ عائد کی گئی جبکہ ایف ڈی ٹی ایل قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر روزانہ کے حساب سے اضافی جرمانہ لگایا گیا، جس سے مجموعی رقم ۲۰ء۲۲؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھئے: سپریم لیڈر پر کسی بھی قسم کا حملہ ایران کے خلاف اعلان جنگ ہے: صدر پزشکیان
ڈی جی سی اے نے صرف مالی جرمانے تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ انڈیگو کے سینئر مینجمنٹ کو بھی سخت وارننگ جاری کی ہے۔ ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں اس نوعیت کی غفلت دہرائی گئی تو مزید سخت کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ انڈیگو ایئرلائن نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ ڈی جی سی اے کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور اندرونی نظام، عملے کی منصوبہ بندی اور آپریشنل کنٹرول کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحی اقدامات کر رہی ہے۔ کمپنی نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ آئندہ مسافروں کو اس طرح کے بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ یہ کارروائی واضح پیغام ہے کہ ریگولیٹر مسافروں کے تحفظ اور ایوی ایشن سسٹم کے استحکام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔