Inquilab Logo

دھاراوی: سیکٹر۶؍میں جاری سروے فوراً روکنے کا مطالبہ

Updated: April 14, 2024, 11:33 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ مہم چلانے والوں نےشیتکری کامگار پکش کے دفتر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی بلائی گئی میٹنگ میں دھاراوی واسیوں کے مفادات اور ان کے ۹؍مطالبات کا اعادہ کیا۔ میٹنگ میں مہاوکاس اگھاڑی اور شیوسینا ادھو گروپ کے امیدوار کی حمایت کا بھی اعلان کیا گیا۔

A scene from the meeting held at the office of Shetkari Kamgar Paksha of Dharavi Rescue Organizers. Photo: INN
دھاراوی بچاؤ منتظمین کی شیتکری کامگار پکش کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ کا ایک منظر۔ تصویر : آئی این این

اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ مہم میں شامل تمام جماعتوں کے ذمہ داران کی گزشتہ شام‌ شیتکری کامگار پکش کے دفتر میں تفصیلی میٹنگ ہوئی۔ اس میں دھاراوی لیبر کیمپ کی ریلوے کی زمین سیکٹر۶؍کملا رامن نگر میں ہونے والے سروے کو فوراً روکنے کا کلکٹر سے مطالبہ کیا گیا ، اس لئے کہ ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور یہ ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔دوسرے اس میٹنگ میں مہا وکاس اگھاڑی کے امیدوار شیوسینا بالاصاحب ٹھاکرے کے رکن  انیل دیسائی کی حمایت کا اعلان کیاگیا ۔اس کے علاوہ دھاراوی واسیوںکے مفادات کو ہر حال میں تحفظ دینے کی خاطر کوشش جاری رکھنے کا عہد کیا گیا۔
اس موقع پر میٹنگ میں شامل مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے اتفاق رائے سے یہ بھی طے کیا کہ سروے رکوانے کے لئے ضلع کلکٹر کو ایک مشترکہ لیٹر بھی دیا جائےگا۔ اسی کے ساتھ جو ۹؍مطالبات پہلے سے کئے جارہے ہیں ان کا پھر سے اعادہ کیا گیا۔اس میں ہر دھاراوی واسی کو ۵۰۰؍ اسکوائرفٹ کا مکان، ہر اسٹرکچر کو قانونی،  عمارتوں میں رہنے والوں کو ۷۰۰؍اسکوائر فٹ کا مکان، روزگار کے مواقع ، اکنامک زون قائم کیا جائے ،بی ایم سی عمارتوں میں رہنے والوں کو مفت مکان اورہر دھاراوی واسی کو دھاراوی میں ہی بسانے وغیرہ کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر بشنوئی گینگ کی فائرنگ

دوران میٹنگ زور دے کر یہ بات کہی گئی ایک بھی دھاراوی واسی اپنا مکان یا کاروبار چھوڑ کر دھاراوی سے باہر ہرگز نہیں جائے گا۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے اس میٹنگ میں مقامی رکن پارلیمنٹ راہل شیوالے پر یہ کہتے ہوئے سخت تنقید کی کہ ۹؍برس میں انہوں نے اس علاقے میں جھانکا تک نہیں محض سیاسی بیان بازی کرتے رہے ۔ آج بھی جبکہ دھاراوی واسی مشکل میں ہیں، انہیں بے گھر ہونے اور روزی روٹی ختم ہوجانے کا شدید خطرہ ہے وہ اڈانی گروپ کی حمایت اور اس کا ساتھ دے رہے ہیں۔ کیا عوام نے اپنے قیمتی ووٹوں سے اسی لئے انہیں منتخب کیا تھا ؟ حالانکہ اس کے بر خلاف راہل شیوالے کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے دھاراوی واسیوں کے مفادات کو ہمیشہ ترجیح دی اور آج بھی وہ اسے اہمیت دیتے ہوئے ذمہ داری کے ساتھ مسائل  اٹھاتے ہیں۔ اس لئے ان الزامات میں کسی قسم کی سچائی نہیں ہے۔
میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ سروے کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے اور انہیں ورغلایا جا رہا ہے یہ پیغام بھی اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ کے کارکنان گھر گھر تک پہنچانے کے لئے اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ یہ مہم کسی نہ کسی صورت اس وقت تک جاری رکھی جائے گی جب تک کہ کامیابی نہ مل جائے اور دھاراوی واسیوں کے تمام مطالبات پورے نہ ہوجائیں۔اس میٹنگ میں شیوسینا کے سابق رکن اسمبلی بابو راؤ مانے، ایڈوکیٹ راجو کورڈے، نصیرالحق، شیام جیسوار، الیش گاجاکوش، ایوب خان، انیل بھوسارے، شیام لال، سندیپ کٹکے، پال رافیل اور  اشفاق خان وغیرہ شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK