آل انڈیا پینتھر سینا کے قومی صدر ڈاکٹر دیپک مائی کیدار کی موجودگی میں منگل کو دھولیہ شہر میں ’سنویدھان بچاؤ، آرکشن بچاؤ‘ ریلی نکالی گئی جس میں دلت سماج کے سیکڑوں افراد شامل ہوئے۔
آل انڈیا پینتھر سینا کے قومی صدر ڈاکٹر دیپک مائی کیدار کی موجودگی میں منگل کو دھولیہ شہر میں ’سنویدھان بچاؤ، آرکشن بچاؤ‘ ریلی نکالی گئی جس میں دلت سماج کے سیکڑوں افراد شامل ہوئے۔ریلی کا آغاز شہید عبدالحمید یادگار سے متصل گل مہر سرکاری ریسٹ ہاؤس کے پاس سے کیا گیا۔ضلع پولیس ہیڈکوارٹرز کے قریب ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے پر پھولوں کا ہار چڑھا کر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد آل انڈیا پینتھر سینا کا کارواں ضلع کلکٹر دفتر پہنچا۔یہاں سنویدھان بچاؤ اور آرکشن بچاؤ کے حق میں جم کر نعرے لگائے گئے۔
یاد رہے کہ سنویدھان بچاؤ، آرکشن بچاؤ مشن کیلئے آل انڈیا پینتھرسینا کے قومی صدر ڈاکٹر دیپک مائی کیدار اور ان کی پوری ٹیم ریاست بھر میں مذکورہ مشن کے تحت ریلیوں کے ذریعے دلت سماج کے ہمراہ دستورکی پاسداری کرنے والوں میں بیداری لانے اور حکومت تک اپنی بات پہنچانے کیلئے ’سنویدھان بچاو، آرکشن بچا‘ ریلی‘ کی تحریک کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر دیپک مائی کیدار نے کہا کہ ہندوستانی آئین کے ذریعہ فراہم کردہ ریزرویشن سماجی انصاف کا ایک موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی حقوق کے تحفظ کیلئے معاشرے کو جمہوری طریقے سے منظم جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔
ضلع انتظامیہ کی معرفت حکومت کو ۴؍ اہم مطالبات پیش کئے گئے جس میں درج فہرست ذات (ایس سی) ریزرویشن کی ذیلی زمرہ بندی کو منسوخ کرنے، شہید سومناتھ سوریہ ونشی کے قاتلوں کو سزائے موت، ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر پر ووٹنگ اور بدھ گیا مہاویہار کو بدھ برادری کے حوالے کرنے جیسے مطالبات شامل تھے۔
اس موقع پر موجود افراد نے آئین، سماجی انصاف، مساوات، بھائی چارے اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تنظیم کے عہدیداروں نے یہ انتباہ بھی دیا کہ حکومت مختلف سماجی مسائل پر فوری طور پر مثبت موقف اختیار کرے بصورت دیگر ریاست بھر میں جمہوری طریقے سے شدید احتجاج کیا جائے گا۔آل انڈیا پینتھر سینا کی جانب سے کہا گیا کہ آئین اور ریزرویشن کے دفاع کیلئےجاری بیداری مہم کو مستقبل میں مزید جامع شکل دی جائے گی۔