Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھولیہ میونسپل کارپوریشن نےسب سے پہلے مردم شماری کا کام مکمل کیا

Updated: June 09, 2026, 10:37 AM IST | Ismail Shaad | Dhule

حکومت کی جانب سے ۱۴؍ جون تک کی مدت دی گئی تھی مگر دھولیہ میں یہ کام ۵؍ جون ہی کو پورا کر لیا گیا، محکمہ مردم شماری نے ستائش کی ۔

Corporation Workers Busy With Census.Photo: INN
کارپوریشن کے کارندے مردم شماری میں مصروف- تصویر: آئی این این
 ملک میں پہلی مرتبہ ہو رہی ڈیجیٹل مردم شماری کے پہلے مرحلے کا کام  دھولیہ میونسپل کارپوریشن نےمکمل کرلیا ہے۔ایسا کرنے والا وہ ریاست کا پہلا میونسپل کارپوریشن  ہے۔ یاد رہے کہ مردم شماری کیلئے ۱۴؍ جون تک کا وقت دیا گیا ہےمگر دھولیہ کارپوریشن کے عملے نے اسے ۵؍ جون  تک ہی صد فیصد مکمل کرلیا۔ مقررہ وقت سے ۹؍ دن قبل مکمل ہونے والے اس کام میں کوئی غلطی بھی نہیں پائی گئی ۔ محکمۂ مردم شماری مہاراشٹر کی نگراں نروپما ڈانگے نے اس کیلئے میونسپل کمشنر نتن کاپڑنیس سمیت تمام افسران اور ملازمین کو مبارک باد پیش کی ہے۔
اس بابت نائب کمشنرجکاتدار ساگر نے انقلاب کو بتایاکہ مردم شماری کو کسی بھی ملک کے ترقیاتی منصوبے کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔ آبادی، رہائش کے نظام، سماجی اور معاشی حیثیت کے بارے میں درست معلومات حاصل کرنے کیلئے مکانات کی فہرست سازی اور رجسٹریشن کا مرحلہ بہت اہم ہے۔ بعد کی پوری مردم شماری اس مرحلے پر منحصر ہے۔ اسلئے دھو لیہ  میونسپل کارپوریشن نے شروع سے ہی اس بات کا خاص خیال رکھا کہ اس عمل میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ  گھروں، عمارتوں اور رہائش گاہوں کی درست رجسٹریشن کو یقینی بنانے کیلئے شہر کو کل ۹۰۱؍ہاؤس لسٹنگ بلاک میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر بلاک کیلئے الگ الگ ذمہ داریاں طے کی گئیں۔ یہ مہم کمشنر نتن کاپڑنیس کی رہنمائی میں ۱۶؍ مئی کو شروع ہوئی تھی۔ اس کیلئے ڈپٹی کمشنر، سٹی سینسس آفیسر، محکمہ مردم شماری انچارج، کلرک، ٹیکنیکل اسسٹنٹ سمیت کل ۱۱۷؍سپر وائزر، ۶۹۰؍انو میٹورس، اس  طرح ۸؍ سو سے زائد ملازمین کی تقرری کی گئی ہے۔
 
 
جکاتدار کے مطابق  شہر میں درجہ حرارت ۴۵؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا تاہم مردم شماری کیلئے مامور ٹیم نے انتھک محنت کی۔ مختلف مشکلات پر قابو پاتے ہوئے ملازمین نے گھر گھر جا کر معلومات کو ریکارڈ کیا۔ گنتی کرنے والوں نے کئی مقامات پر صبح سے رات تک کام کرکے مقررہ ہدف کو پورا کیا۔
 
 
 اے زمرے کی کارپوریشنوں سے بہترکام 
ممبئی، ناگپور، تھانے ، پونہ اور ناسک جیسی اے زمرے میں آنے والے میونسپل کارپوریشن کے پاس زیادہ افرادی قوت اور وسائل ہیں۔ لیکن ڈی زمرے کے دھولیہ میونسپل کارپوریشن نے مقررہ وقت سے پہلےمردم شماری کا ہدف حاصل کیا  اور اس عام خیال کو غلط قرار دیا ہے کہ سرکاری کام مقررہ  تاریخ کے بعد مکمل کئے جاتے ہیں۔اس بابت میونسپل کمشنر نتن کاپڑنیس نے کہا کہ ہم نے مقررہ وقت سے پہلے اور سو فیصد درستگی کے ساتھ کام مکمل کیا ۔ یہ کامیابی افسران، ملازمین، سپروائزر اور شمار کنندگان کی انتھک محنت سے حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ریاست کے چیف مردم شماری افسر کی جانب سے کی گئی تعریف  میںپوری ٹیم حصہ دار ہے۔ یہ اعزاز اور کامیابی کے حقدار اہلیان دھولیہ بھی ہیں ۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK