Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھولیہ: ہمہ گیر شخصیت کے مالک پروفیسر انصاری سلیم کی رحلت

Updated: July 17, 2026, 9:49 AM IST | Ismaeel Shad | Dhule

باذوق حلقوں میں ممتاز شناخت رکھنے والے پروفیسر انصاری محمد سلیم اس دارفانی سے کوچ کر گئے۔

Ansari Muhammad Saleem. Photo: INN
انصاری محمد سلیم ۔ تصویر: آئی این این

باذوق حلقوں میں ممتاز شناخت رکھنے والے پروفیسر انصاری محمد سلیم اس دارفانی سے کوچ کر گئے۔ انہوں نے جمعرات کو دھولیہ میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لیا۔ انتقال کے وقت ان کی عمر ۷۱؍ سال تھی۔ جنازہ مرحوم کے قدیم مکان تاشہ گلی سلطانہ چوک سے اٹھایا گیا۔جلوس جنازہ میں سبھی مکتب فکر کی شخصیات کے علاوہ فنکاروں کی بڑی تعداد شامل ہوئی۔نماز جنازہ مفتی واجد نے پڑھائی۔پسماندگان، عزیز و اقاریب کیلئے تعزیاتی کلمات حافظ فاروق چشتی نے پیش کئے۔پسماندگان میں بھرا پورا خاندان ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’این سی پی (اجیت) کے اندر کوئی انتشار نہیں ہے‘‘

پیشے سے پروفیسر ، محمد سلیم اپنی نعت خوانی اور گلوکاری کے سبب ریاست بھر میں مقبول تھے۔ درجنوں قومی ، ریاستی اور علاقائی ایوارڈ حاصل کر چکے انصاری محمد سلیم مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادیمی کے رکن رہے اور حتی الامکان فن کاروں کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ مرحوم نے شہر کے معروف ایل ایم سردار اردو ہائی اسکول میں کئی برس تک تدریس کا فریضہ انجام دیا۔پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ایس ایس وی پی ایس کالج میں شعبہ اردو کیلئے بطور پروفیسر تقرر کیا گیا۔آپ کا اسکول اور کالج کی ترقی میں کلیدی کردار رہا ہے۔مرحوم نے نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے گائیڈ کے طور پر کئی برس تک خدمت انجام دی۔ اردو اکادمی کے رکن کے طور پر خدمت انجام دیتے ہوئے خاندیش کے شعراء، ادباء، آرکیسٹرا کے فنکاروں کو مالی مدد دلائی اور طلبہ کیلئے کرئیر گائیڈنس کے پروگرام کا انعقاد کیا۔موسیقی کے شوق نے مرحوم کومہاراشٹر کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی شہرت عطا کی۔آرکیسٹرا کی دنیا میں وہ ایک مقبول نام بن گئے۔پولیس پریڈ میدان پر یوم جمہوریہ پر ہزاروں طلبہ کو علامہ اقبال کا’ سارے جہاں سے اچھا‘ گواتے تو سماں بندھ جاتا۔ وقت کے ساتھ آپ  نے آرکیسٹرا کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا اور نعت خوانی کی طرف مائل ہوئے۔ اس کیلئے انہوں نے ’محفل ترانۂ محمدیؐ‘ نام سے گروپ قائم کیا جو نعت پاک کے پروگرام منعقد کرتا۔اس میں آپ کی مسحور کن آواز میں نعتیں سن کر عاشقان رسول مہو ہوجاتے ۔ان کی وفات سے خاص کر شہر کے باذوق حلقہ سوگوار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK