شندے گروپ کی جانب سے الزام لگایا جارہاہے کہ بی جے پی کی جانب سے وزراء کے اختیارات کم کئےجارہے ہیں، ساتھ ہی فائلیں روکنے اور فنڈز کی تقسیم میں بھی رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔اراکین اسمبلی نے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے سے شکایت۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 3:28 PM IST | Agency | Mumbai
شندے گروپ کی جانب سے الزام لگایا جارہاہے کہ بی جے پی کی جانب سے وزراء کے اختیارات کم کئےجارہے ہیں، ساتھ ہی فائلیں روکنے اور فنڈز کی تقسیم میں بھی رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔اراکین اسمبلی نے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے سے شکایت۔
مہایوتی میںایک بار پھر اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیوسینا شندے کے وزراء کےساتھ ساتھ اراکین اسمبلی کی بھی یہ شکایت ہے کہ نہ صرف انہیں فنڈ کم دیا جارہا ہے بلکہ پروجیکٹس کی فائلیں بھی روکی جارہی ہیں۔ شندے سینا کے وزراء اس بات کے تئیں بھی فکر مند ہیں کہ ان کے وزارتی اختیارات کو محدود کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے نوبھارت ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اتحادی پارٹیوں بی جے پی اور ایکناتھ شندے گروپ کے درمیان اندرونی اختلافات سامنے آئے ہیں۔ شندے سینا کے لیڈروں نے بی جے پی پر اپنی پارٹی کو دبانے، وزراء کے اختیارات کم کرنے اور فنڈز کی تقسیم میں مشکلات پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لیڈروں نے ان تمام معاملات کی شکایت نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ قانون ساز کونسل کے انتخابات کے دوران دونوں پارٹیوں کے درمیان کشیدگی اور مراٹھا تحریک کے لیڈر منوج جرنگے پاٹل کے مبینہ۵۰۰؍ کروڑ روپے والے آڈیو تنازع کے بعد دونوں پارٹیوں کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ اب شندے سینا کے لیڈران نے بی جے پی پر اپنی پارٹی کو دبانے اور وزراء کے اختیارات کم کرنے کا الزام لگایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شندے گروپ کے لیڈران نے ان معاملات پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے سامنے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ لیڈروں کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی کو صرف سرکاری پروگراموں میں ہی نہیں بلکہ انتظامی اور مالیاتی سطح پر بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ گزشتہ ایک سال سے سرکاری پروگراموں میں شندے گروپ کے اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی اور عہدیداروں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کینیا: بھوک سے ہلاکتوں کے ذمہ دار فرقے کے سربراہ کو۲؍سو سال قید کی سزا
فائلیں روکنے کا الزام
شندے گروپ کے لیڈران کا دعویٰ ہے کہ ایکناتھ شندے کی جانب سے بھیجی گئی بعض فائلیں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے پاس زیر التوا ہیں۔ اس کے علاوہ پارٹی کے وزراء کے اختیارات میں بھی کمی کیے جانے کی شکایت کی گئی ہے۔
فنڈز کی تقسیم پر بھی ناراضگی
شندے گروپ کے وزراء اور اراکین اسمبلی کی ایک اہم شکایت مالیاتی فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے بھی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ جب سے وزارتِ مالیات کا قلمدان وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے پاس آیا ہے، تب سے شندے سینا کے وزراء اور اراکین اسمبلی کو ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان معاملات کے سبب پارٹی کے اندر ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ تاہم اختلافات کے متعلق بی جے پی کا ردعمل دستیاب نہیں ہے۔
دادا بھُسے کی وزارت کے اختیارات میں کمی
پچھلے دنوں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے شندے خیمے سے تعلق رکھنے والے اسکول ایجوکیشن منسٹر دادا بھسے کے کئی اہم انتظامی اختیارات واپس لے لیے ہیں۔ اب تک نجی اور خود مالی اعانت سے چلنے والے اسکولوں کی منظوری، انکے اپ گریڈیشن اور نئے ڈویژن شروع کرنے سے متعلق حتمی فائلیں وزیر کے دفتر میں منظور ہوتی تھیں۔ تاہم، حال ہی میں جاری کردہ ایک سرکاری سرکلر کے بعد ان تمام اختیارات سے وزیر کا کنٹرول ختم کر دیا گیا ہے۔ اب ریاست میں خود مالی اعانت سے چلنے والے اسکولوں کے اپ گریڈیشن کے لیے ’لیٹر آف انٹینٹ‘ جاری کرنے اور موجودہ تعلیمی اداروں کو حتمی منظوری نامہ دینے کے تمام اختیارات پرنسپل سکریٹری (اسکول ایجوکیشن) کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ ممبئی، تھانے، پونے، نوی ممبئی، پمپری چنچوڑ، ناسک، چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناگپور جیسے بڑے صنعتی اور تعلیمی شہروں میں سی بی ایس ای اسکولوں کو ’این او سی ‘جاری کرنے کا اختیار بھی سکریٹری سطح تک محدود کر دیا گیا ہے۔