Inquilab Logo

منڈی میں کنگنا کیلئےمشکل،کانگریس کی جانب سےوکرمادتیہ سنگھ کی اُمیدواری تقریباً طے

Updated: April 14, 2024, 1:19 PM IST | Agency | New Delhi

ویر بھدرسنگھ کےبیٹے کا مقابلہ فلم اداکارہ کیلئے ٹیڑھی کھیر ثابت ہوسکتاہے، کانگریس دپیندر ہڈا کو روہتک اور کماری سیلجا کو سرسا سےاُتارنے کی تیاری میں۔

Kangana Ranaut and Vikramaditya Singh. Photo: INN
کنگنا رناوت اور وکرمادتیہ سنگھ۔ تصویر : آئی این این

ہماچل پردیش کی منڈی سیٹ پر  کانگریس بی جےپی کی امیدوار کنگنا رناوت کے مقابلے میں شاہی گھرانے سے تعلق رکھنےوالے  سابق وزیراعلیٰ  ویر بھدر سنگھ کے بیٹے وکرمادتیہ سنگھ کو امیدوار بنا سکتی ہے۔ وکرمادتیہ اگر یہاں سے امیدوار ہوتے ہیں تو پارلیمنٹ تک پہنچنے کاکنگنا رناوت کا خواب ٹوٹ بھی سکتا ہے کیوں  کہ شاہی خاندان کا اس سیٹ پ غیر معمولی دبدبہ ہے۔ 
 ذرائع کے مطابق وکرمادیہ سنگھ کے نام پر کانگریس میں اتفاق رائے ہوگیاہے۔ سنیچر کو پارٹی صدر ملکارجن کھرگے نے کانگریس سینٹرل الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں  اس پر مہر لگادی ہے اور اب بس اعلان کرنا ہی باقی رہ گیاہے۔ وکرمادتیہ سنگھ کی ماں اور منڈی پارلیمانی  حلقے سے موجودہ ایم پی پرتبھا سنگھ جنہوں نے باغیانہ تیوروں  کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود الیکشن لڑنے سے انکار کردیاتھا، کو بڑی حدتک منا لیاگیاہے۔ انہوں  نے بیٹے کا نام زیر غور آنے پر اپنے تیور نرم کرلئے تھے اوراب وہ خود وکرمادتیہ کیلئے انتخابی مہم چلانے کے تعلق سے پر جوش ہیں۔ انہوں  نے خود سنیچر کو نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ لیڈروں  نے وکرامادتیہ کا نام پیش کیا ہےاو رکھرگے کی قیادت میں   مرکزی کمیٹی اس پر فیصلہ کرےگی۔ ذرائع کا کہناہے کہ کمیٹی نے فیصلہ کرلیا ہے اور جلد ہی وکرمادتیہ کے نام کا اعلان ہوسکتاہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: نیتی تال میں پرینکا گاندھی مودی پر برسیں، سخت سوال کئے

 ذرائع کے مطابق وکرمادتیہ سنگھ کے ساتھ ہی ساتھ راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ دپیندر ہڈا کو روہتک سے اور کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور سابق ایم پی کماری سیلجا کو ہریانہ کے سرسا سے امیدوار بنانے پر اتفاق ہوگیاہے۔ 
وکرمادتیہ کو اپنے مدمقابل دیکھ کر کنگنا نے ان کے خلاف بیان بازی تیز کردی ہے۔ کنگنا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹرز کے چکر لگارہے تھے تاکہ بی جےپی کا ٹکٹ مل جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’جلد ہی وکرمادتیہ سنگھ ہماری ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی یہ قیاس آرائیاں ہوچکی ہیں  کہ وکرمادتیہ سنگھ بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK