Inquilab Logo Happiest Places to Work

معذوروں کے ڈبوں میں عام مسافروں کے سفر کرنے پرسخت کارروائی کا انتباہ

Updated: August 23, 2026, 6:26 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

سینٹر ل اور ویسٹرن ریلوے میںآر پی ایف کو مزید سختی برتنے کی ہدایت ، معذوروں کے ڈبے کے سامنے کھڑے رہ کرمشاہدہ کرنے کاحکم،باندرہ میںپیش آنے والے واقعے کے بعد سختی بڑھائی گئی

Passengers are warned through repeated announcements regarding travel in the disabled compartment. Photo: INN
معذوروں کے ڈبے میں سفر سےمتعلق بار بار اعلانات کے ذریعے مسافروں کومتنبہ کیاجاتا ہے۔ تصویر: آئی این این
ہینڈی کیپ ڈبے میں باندرہ میں معذور مسافر کو ٹرین سے دھکا دینے سے اس کی موت کے بعد معذوروں کے ڈبے میں عام مسافروں کے سفر کرنے پر مزید سختی سے کارروائی اور نگرانی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس تعلق سےریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف ) کوخصوصی ہدایات بھی دی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ وہ اسٹیشن پر معذوروں کے ڈبے کے سامنے کھڑے رہ کرمشاہدہ کریں۔اس کے علاوہ عام مسافروں سے اس ڈبے میں سفر نہ کرنے کی ریلوے انتظامیہ کی اپیل کے ساتھ سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا جارہا ہے۔
 
 
یادر ہےکہ معذوروں کے لئے مختص کئےجانے والے ڈبے میںبھیڑبھاڑکے اوقات میںبہت سے عام مسافر داخل ہوجاتے ہیں۔بسا اوقات ایسا ہوتا ہے کہ معذوروں کے لئے بھی جگہ نہیںہوتی۔ اس کی شکایت بھی ریلوے میںکی گئی ہے۔ 
اس سلسلےمیں ویسٹرن ر یلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ’’ اس تعلق سےپہلے ہی سے کارروائی کی جارہی ہے ۔معذوروں کے ڈبے کے دروازے کےپاس ہی ہدایت بھی لکھی ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ بار بار اعلان کیا جاتا ہے،آر پی ایف کے جوان اورٹکٹ چیکر اسٹاف اچانک کارروائی بھی کرتا ہے مگر اب مزیدسختی برتنے کےلئے کہا گیا ہے تاکہ باندرہ میںپیش آنے والی واردات دوبارہ نہ ہو۔‘‘ان کا یہ بھی کہنا ہےکہ ’’ معذوروں کےلئے جگہ اسی لئے مختص کی گئی ہے کیونکہ وہ جسمانی طور پرکمزور ہوتے ہیں ،ایسے میںان کومدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسا نہ ہوکہ اس ڈبے میںان کی ہی جگہ پر صحت مند مسافر قابض ہوجائیں ،اس لئے اب مزیدسختی سے کارروائی کی جائے گی تاکہ اس پرقابو پایا جاسکے۔‘‘
 
 
کچھ اسی طرح کی باتیں سینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر اوپاٹل نے بھی بتائیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ’’کارروائی توکی ہی جاتی ہےاورآئندہ بھی کی جائے گی۔ اس سے زیادہ اہم یہ ہےکہ عام مسافر خود اسےمحسوس کریںکہ اگرکوئی کینسر کامریض ہے،کسی کاپیر کٹا ہوا ہے یا کوئی ہارٹ کا مریض ہے یااسی طرح کوئی اورسنگین مرض کسی مسافر کو لاحق ہے تو اسے دیگر مسافروں کے مقابلے کہیں زیادہ مدد اور ہمدردی کی ضرورت ہے، اس لئے حقیقت تو یہ ہے کہ کارروائی کی نوبت ہی نہیںآنی چاہئے ۔‘‘انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’بار بار اعلانات کے ذریعے مسافروں کومتنبہ کیاجاتا ہے۔ان کویہ یاددلایا جاتا ہے کہ اگر انہوں نےخلاف ورزی کی توان کے خلاف ریلوے ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی اور ان سے جرمانہ وصول کرنے کے ساتھ قید بھی ہوسکتی ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK