Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسٹال پر کارروائی کیخلاف معذوروں کی تنظیم کا ٹی ایم سی کے صدر دفتر میں زبردست احتجاج

Updated: June 16, 2026, 2:01 PM IST | Inquilab News Network | Thane

ممبرا کوسہ میں معذوروں کی سرگرم تنظیم ’دیویانگ اینڈ درلبھ حق چیریٹیبل ٹرسٹ‘ کے اراکین نے پیر کوتھانے میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی ) اور ممبرا وارڈ آفس کے افسران کے خلاف دھرنا دیا ۔

TMC Office.Photo:INN
ٹی ایم سی کا دفتر۔ تصویر:آئی این این
ممبرا کوسہ میں معذوروں کی سرگرم تنظیم ’دیویانگ اینڈ درلبھ حق چیریٹیبل ٹرسٹ‘ کے اراکین نے پیر کوتھانے میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی ) اور ممبرا وارڈ آفس کے افسران کے خلاف دھرنا دیا ۔ یہ دھرنا آندولن ٹی ایم سی کے صدر دفتر میں ہی پہلے منزلہ پر دیا گیا ۔ مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ ’’معذوروں کو انصاف دو یا پھر ہمیں جیل میں ڈال دو۔‘‘
 
 
اس احتجاج کے تعلق سے دیویانگ اینڈ درلبھ حق چیریٹیبل ٹرسٹ کے صدر محمد یوسف محمد فاروق خان نے بتایا کہ’’ہم گزشتہ کئی مہینوں سے مطالبہ کر رہے ہیںکہ ممبرا کوسہ میں جن مقامات پر میونسپل بازار/ ہاکنگ زون کا ریزرویشن  ہے، وہاں پر میونسپل بازار /ہاکنگ زون شروع کیا جائے اور آرپی ڈبلیو ڈی ایکٹ ۲۰۱۶ء کے تحت ان اسٹالوں میں معذوروں کو۵؍ فیصد  ریزرویشن دیاجائے ۔ ہمارے متعدد خط و کتابت اور میٹنگوں کے باوجود بلدیہ کی جانب سے اس پر عمل نہیں کیاجارہا ہے   اسی لئے ہم نے ۲۲؍ جون سے بے مدت ہڑتال  کا اعلان کیا تھا۔ اس ضمن میں ہم نے ٹی ایم سی کے متعلقہ افسران کو مکتوب بھی دیا تھا ۔ ہمیں نئے اسٹال فراہم کرنے کے بجائے ممبرا وارڈ کی جانب سے ہمارے پرانے اسٹالوں کے خلاف انہدامی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس کارروائی کے خلاف پیر کو ہم نے ایڈیشنل میونسپل کمشنرپرشانت روڈے سے ملاقات کی اور معذوروں کے اسٹالوں کے خلاف شروع کی گئی کارروائی کی شکایت کی  لیکن جب ہماری کوئی سنوائی نہیں ہوئی تو ہم ٹی ایم سی صدردفتر میں ہی دھرنے پر بیٹھ گئے  ۔‘‘
 
 
انہوں نے یہ مطالبات کئے ہیں:(۱)ہٹائے گئے سرکاری  اسٹالوں (معذوروں کیلئے)کی فوری بحالی۔ (۲)متاثرہ   معذووںکو قانونی اسٹال دیاجائے۔(۳)معذور ٹپری ہولڈرس کو مالی نقصان کا معاوضہ دیاجائے۔ (۴)آر پی ڈبلیو ڈی ایکٹ ۲۰۱۶ء کے تحت۵؍ فیصد ریزرویشن کو مکمل نافذ کیاجائے ۔ (۵)  معذور شہریوں کے روزگار اور آئینی حقوق کا تحفظ کیاجائے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK