Inquilab Logo Happiest Places to Work

کوہ نور بلڈنگ سانحہ کے متاثرین کو معاوضہ دینے میں تاخیر پر ناراضگی

Updated: August 10, 2026, 1:00 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ہلاک شدگان کے اہل خانہ اور زخمیوں کومعاوضہ نہ ملنے پر ۱۴؍ اگست کو سڑک پر اتر کر زبردست احتجاج کا انتباہ۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

بھنڈاری کمپاؤنڈ کے گنگارام واڑی میں واقع کوہ نور اپارٹمنٹ کی ’بی‘ ونگ کے انہدام میں ۱۰؍ افراد کی موت اور ۳؍ کے زخمی ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مالی امداد کی ادائیگی میں تاخیر پر ناراضگی ظاہر کی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد خالد مختار شیخ گڈو نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متوفیوں کے لواحقین کو فی کس۵؍لاکھ روپے کی امدادی رقم ایک ہفتے کے اندر ادا کی جائے بصورت دیگر ۱۴؍ اگست کو احتجاجی مورچہ نکالا جائے گا۔ معلوم ہو کہ ۳۰؍ اور ۳۱؍ جولائی کی درمیانی شب کوہ نور اپارٹمنٹ کی’ بی‘ ونگ منہدم ہوگئی تھی۔ حادثے میں ۱۰؍افراد جاں ہلاک اور ۳؍زخمی ہوئے تھے جبکہ عمارت کی دونوں ونگ میں رہنے والے تقریباً ۹۸؍خاندان بھی متاثر ہوئے ہیں اور ان کے بے گھر ہونے کی اطلاع ہے۔محمد خالد شیخ گڈو کے مطابق حادثے کے بعد ۳۱؍جولائی کو ریاستی وزیر برائے آبی وسائل و ڈیزاسٹر مینجمنٹ گریش مہاجن نے جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر انہوں نے ہر متوفی کے خاندان کو ۵؍لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا تھا تاہم کئی دن گزرنے کے باوجود امدادی رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تفریح کیلئے ممبئی جانے والا نوجوان ٹرین سے گر کر جاں بحق

اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعلیٰ، نائب وزیراعلیٰ اور ضلع کلکٹر کو دئیے گئے مکتوب میں کہا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت پولیس اور میونسپل انتظامیہ کی جانب سے مکمل کی جا چکی ہے اور ضروری دستاویزات بھی دستیاب ہیں۔ اس لئے معاوضے کی ادائیگی میں مزید تاخیر کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ۱۰؍ متوفیوں کے لواحقین کے بینک کھاتوں میں فی کس ۵؍لاکھ روپے کی رقم فوری طور پر جمع کرائی جائے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے ۳؍ افراد کو مالی امداد اور مفت طبی علاج فراہم کرنے کے ساتھ حادثے سے متاثر تقریباً ۹۸؍ خاندانوں کے لئے عارضی رہائش اور مالی امداد کا انتظام کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

محمد خالد مختار شیخ نے انتباہ دیا ہے کہ اگر ایک ہفتے کے اندر معاوضے کی رقم ادا نہیں کی گئی تو ۱۴؍ اگست کو دوپہر ۳؍بجے احتجاج کیا جائےگا۔ یہ احتجاجی مورچہ قدیم میونسپل کارپوریشن کی عمارت کے سامنے واقع ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے مجسمے سے شروع ہوکر جکات ناکہ پر واقع نئی میونسپل کارپوریشن کی عمارت تک جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج پُرامن اور جمہوری طریقے سے کیا جائے گا اور متاثرین کے لواحقین کو ان کا حق دلانے کے لئے قانونی و جمہوری راستہ اختیار کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK