Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: ٹریفک نظام بہتر بنانے کیلئے مشترکہ مہم

Updated: August 10, 2026, 1:04 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

مقامی پولیس اور آر ٹی او کی مدد سےکلیان ریلوے اسٹیشن کے اطراف کا علاقہ ٹریفک سے پاک کرنے کی کوشش۔

Traffic around Kalyan station. Photo: INN
کلیان اسٹیشن کے اطراف ٹریفک کا منظر۔ تصویر: آئی این این

ریلوے اسٹیشن کے اطراف روزانہ ٹریفک جام، بے ہنگم رکشا پارکنگ اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے باعث مسافروں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے انتظامیہ نے اب کمر کس لی ہے۔ اسٹیشن کے اطراف ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے مقصد سے مقامی پولیس،محکمہ ٹریفک۱ اور ریجنل ٹرانسپورٹ آفس(آر ٹی او) نے مشترکہ طور پر خصوصی مہم شروع کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بالخصوص مصروف اوقات میں ٹریفک کی صورتحال پر قابو پانے، رکشوں کی بے ترتیب پارکنگ ختم کرنے اور پیدل چلنے والوں کو فٹ پاتھ فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (ٹریفک) کرن بالوڈکر کی رہنمائی میں کلیان ریلوے اسٹیشن کے اطراف ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس کیلئے مہاتما پھولے پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں اور آر ٹی او کے افسران کی بھی مدد لی جارہی ہے۔ کلیان ٹریفک برانچ کے سینئر پولیس انسپکٹر امیش ساونت نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن کے اطراف روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک مینجمنٹ کا نیا منصوبہ نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت مصروف اوقات میں ٹریفک پولیس کی اضافی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔دوسری جانب ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے پولیس کی جانب سے آٹو رکشا یونینوں کے عہدیداروں کے ساتھ مسلسل میٹنگیں بھی کی جا رہی ہیں۔جس میں رکشا ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور مسافروں کی سہولت کا خیال رکھنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تفریح کیلئے ممبئی جانے والا نوجوان ٹرین سے گر کر جاں بحق

آر ٹی او انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ رکشا صرف مقررہ اسٹینڈ اور قطار میں ہی کھڑے کئے جائیں۔ سڑک کے کنارے یا اسٹیشن کے داخلی و خارجی راستوں پر بے ترتیب رکشا کھڑا کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف آر ٹی او کے تعاون سے چالان اور دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی علاوہ ازیں اسٹیشن کے اطراف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے غیر قانونی پھیری والوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔ متعدد مقامات پر فٹ پاتھ خالی کرانے کے اقدامات کئے گئے ہیں جس سے پیدل چلنے والوں کے لئے راستہ بحال ہونے کے ساتھ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی بہتری آنے کی توقع ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کلیان اسٹیشن کے اطراف ٹریفک جام ایک عرصے سے روزمرہ زندگی کا سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے۔خاص طور پر دفاتر کے اوقات میں اسٹیشن کے اطراف گاڑیوں اور رکشوں کی بھیڑ کے باعث چند منٹ کا سفر بھی طویل ہو جاتا ہے۔ ایسے میں انتظامیہ کی موجودہ مہم سے شہریوں کو ٹریفک کے مسئلے سے مستقل راحت ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: لائسنس یافتہ بلڈ بینکوں کیلئے ایف ڈی اے کے سخت احکامات

ٹریفک ڈویژن کے حکام کے مطابق موجودہ کارروائی محض وقتی مہم نہیں بلکہ کلیان ریلوے اسٹیشن اور اس کے اطراف مستقل ٹریفک نظم و ضبط قائم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ مصروف اوقات میں پولیس اہلکاروں کی موجودگی، رکشا پارکنگ کی نگرانی،  غیرقانونی تجاوزات کیخلاف کارروائی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK