Inquilab Logo

’’ہفتہ خور پارٹی ہمیں نہ بتائے کہ اصلی شیوسینا کون سی ہے‘‘

Updated: April 10, 2024, 1:44 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیراعظم مودی کی جانب سے ’نقلی شیوسینا‘ کہنے پر ادھو ٹھاکرے برہم، یاد دلایا کہ کیسے امیت شاہ نے ماتوشری میں آکر بال ٹھاکرے کی تصویر کے سامنے ماتھا ٹیکا تھا۔

Uddhav Thackeray alleges that BJP wanted to steal Shiv Sena and take it to Gujarat. Photo: INN
ادھو ٹھاکرے کا الزام ہے کہ بی جے پی شیوسینا کو چُرا کر گجرات لے جانا چاہتی تھی۔ تصویر : آئی این این

ایک روز قبل  وزیر اعظم نریندر مودی مہاراشٹر کے چندر پور ضلع میں انتخابی مہم میں حصہ لینے کی غرض سے آئے تھے۔  جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا تھا کہ مہا وکاس اگھاڑی میں جو شیوسینا ہے وہ نقلی ہے جبکہ اصلی شیوسینا  ہمارے ساتھ ہے۔ ان کے اس بیان پر شیوسینا (ادھو)کے سربراہ ادھو ٹھاکرے برہم ہیں۔  انہوںنے کہا  ہے کہ ہفتہ وصول کرنے والی پارٹی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ کون سی شیوسینا اصلی ہے اور کون سی نقلی۔ انہوں نے نام لئے بغیر شندے گروپ کو چائنیز مال کہہ کر یاد کیا۔ 
یاد رہے کہ چندر پور کی ریلی میں نریندرمودی نے کہا تھا ’’ کانگریس کے لوگ نقلی شیوسینا کے لیڈر کو بلاکر ریلی نکال رہے ہیں۔ میں آپ کو بتادوں کہ کانگریس کے ساتھ جو ہے وہ نقلی شیوسینا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ایکناتھ شندے کی قیادت میں اصلی شیوسینا بالا صاحب ٹھاکرے کے نظریات کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ‘‘  اس کا جواب دیتے ہوئے منگل کو ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’ جس وقت بالا صاحب ٹھاکرے نے شیوسینا کی بنیاد ڈالی تھی اس وقت مودی شاید ہمالیہ میں رہے ہوں گے۔ اب یہ تو غضب ہی ہو گیا کہ مہاراشٹر کے باہر سے آکر لوگ مہاراشٹر کے عوام کو بتا رہے ہیں کہ اصلی شیوسینا کون سی ہے اور نقلی شیوسینا کون سی۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: باندرہ : ہل روڈ کو ’ ہاکر فری‘ کرانے میں مقامی افراد کامیاب

ادھو ٹھاکرے نے ای ڈی کے چھاپوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’ ان کی پارٹی ہفتہ وصولی کرنے والوں کی پارٹی ہے۔ ان کا  اصول ہے چندہ دو اور دھندہ لو۔ ادھو ٹھاکرے نے بتایا کہ ممبئی میں ایک ایسا وقت تھا کہ اگر کسی ماروتی  ون تھائوزنڈ گاڑی خرید کہ اسے ہفتہ وصولی کے فون آنے لگتے تھے۔ ایسا ہی وصولی کا ایک مرکز بی جے پی والے بھی چلا رہے ہیں۔ ہفتہ وصولی کرنے والی پارٹی کے لوگ یہاں آکر شیوسینا کو نقلی قرار دے رہے ہیں۔ 
 جب امیت شاہ ماتوشری آئے تھے.....
ادھو ٹھاکرے نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے یاد دلایا کہ براہ مہربانی تاریخی حقائق کی تحقیق کر لیں۔  ۲۰۱۹ء میں آپ کی پارٹی کے اس وقت کے صدر امیت شاہ ممبئی آئے تھے ۔ اس وقت ماتوشری آکر انہوں نے  بالا صاحب کی تصویر کے سامنے سجدہ ریز ہو کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ ‘‘ ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’ اس وقت وہاں میں ہی تھا اور یہی شیوسینا تھی۔‘‘ شیوسینا سربراہ کے مطابق ’’ آپ بھلے ہی یہ حقیقت بھول گئے ہوں لیکن عوام کو سب کچھ یاد ہے۔‘‘ 
بی جے پی کے ساتھ چائنیز مال
اس موقع پر ادھو ٹھاکرے نے شندے گروپ کو چائنیز مال قرار دیا۔ انہوں نے کہا ’’ ہفتہ وصولی کرنے والی  پارٹی کو یہاں آکر یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ کون سی شیوسینا اصلی ہے اور کون سی نقلی۔ ان لوگوں کو شیوسینا چُرا کر گجرات لے جانی تھی لیکن میں نے ایسا ہونے نہیں دیا ۔  لہٰذا اس وقت ان کے ساتھ جو چائنیز مال ہے وہ اسی کو غنیمت سمجھ رہے ہیں اور اسے اپنے ساتھ لے کر گھوم رہے ہیں۔ ‘‘  ادھو ٹھاکرے نے طنز کیا کہ پیر کو سورج گرہن تھا ، اماوس بھی تھی اور اس پر نریندر مودی کی ریلی بھی تھی۔ ایسا انوکھا ’یوگ‘ (وقت) ملک میں پہلی بار آیا  ہے۔اس موقع پر ادھو ٹھاکرے نے مہا وکاس اگھاڑی میں شامل پارٹیوں کی تعریف کی کہ انہوں نے اتحاد برقرار رکھنے اور بی جے پی کو شکست دینے کیلئے شیوسینا کیلئے کئی سیٹیں چھوڑ دیں۔  اس دوران انہوں نے پرکاش امبیڈکر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ ملک میں جاری آمریت کو ختم کرنے کیلئے وہ ہمارے ساتھ آئیں گے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور اب ان کے ساتھ اتحاد کے امکانات معدوم ہو چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK