انڈونیشیا میں جاوا کے گینڈوں کی نسل کو معدومیت سے بچانے کیلئے دوسری محفوظ پناہ گاہ قائم کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ امریکی ارب پتی جیف بیزوس سمیت کئی عطیہ دہندگان اس منصوبے کی مالی معاونت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 3:14 PM IST | Jakarta
انڈونیشیا میں جاوا کے گینڈوں کی نسل کو معدومیت سے بچانے کیلئے دوسری محفوظ پناہ گاہ قائم کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ امریکی ارب پتی جیف بیزوس سمیت کئی عطیہ دہندگان اس منصوبے کی مالی معاونت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
امریکی ارب پتی جیف بیزوس ان کئی عطیہ دہندگان میں شامل ہیں جو انڈونیشیا میں جاوا کے گینڈوں کی دنیا کی آخری آبادی کے ایک حصے کو محفوظ رکھنے کیلئے انہیں دوسری جگہ منتقل کرنے کے منصوبے کی مالی اعانت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انڈونیشیا کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ اطلاع دی۔ صدر پرابووو سوبیانتو کے خصوصی ایلچی برائے آب و ہوا اور توانائی ہاشم دجوئے ہادی کسومو نے ۲۵؍ نومبر کو بتایا کہ بیزوس نے اپنے ادارے ’بیزوس ارتھ فنڈ‘ کے ذریعے حکومت کے کئی قدرتی ماحول کی بحالی کے منصوبوں میں تعاون کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ہاشم نے جکارتہ میں منعقدہ ’سی این این انڈونیشیا سسٹین ایبلٹی سمٹ ۲۰۲۶ء‘ میں کہا کہ ان منصوبوں میں جاوا کے گینڈوں کی کچھ آبادی کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سری لنکا: ۳۶ ؍سال قبل مسلمانوں کے قتل عام کے شواہد ملنے کی امید، انسانی باقیات برآمد
انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ بیزوس یا ان کے فنڈ نے باضابطہ طور پر مالی امداد کا وعدہ کیا ہے یا نہیں، اس کیلئے کتنی رقم مختص کی جائے گی اور دیگر کون سے عطیہ دہندگان اس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہاشم، جو صدر پرابووو کے چھوٹے بھائی بھی ہیں، نے بتایا کہ عطیہ دہندگان کی یہ دلچسپی رواں ماہ کے آغاز میں ترکی کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (COP31) کے موقع پر ہونے والی ایک تقریب میں سامنے آئی تھی، جہاں انہوں نے انڈونیشیا کے وفد کی قیادت کی تھی۔
معدومیت کے خطرے سے دوچار گینڈوں کی آخری پناہ گاہ
جاوا کے گینڈوں کی تعداد اب صرف ۵۰؍ سے ۱۰۰؍ کے درمیان رہ گئی ہے، جن میں سے تقریباً تمام مغربی جاوا کے صوبے بنتن میں واقع اُجونگ کولون نیشنل پارک میں موجود ہیں۔ حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ ان میں سے کچھ گینڈوں کو مشرقی جاوا کے ’الاس پوروو نیشنل پارک‘ یا کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے، جبکہ اُجونگ کولون کو ان کا بنیادی مسکن برقرار رکھا جائے۔ اس منصوبے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ گینڈوں کی دوسری آبادی قائم کرنے سے کسی ایک بڑے قدرتی حادثے، مثلاً قریبی آناک کراکاتاؤ آتش فشاں کے پھٹنے یا سونامی کی صورت میں پوری نسل کے ختم ہونے کا خطرہ کم ہوگا۔ اس کے علاوہ گینڈوں کے جینیاتی تنوع میں بھی اضافہ ہوسکے گا۔ تحفظِ جنگلی حیات کے ماہرین ۱۹۸۰ء کی دہائی سے ان کیلئے دوسری محفوظ پناہ گاہ قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں، تاہم اس تجویز پر ماہرین کی جانب سے باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ہاشم نے اُجونگ کولون میں کان کنی کی اجازت دینے کے کسی منصوبے کی بھی تردید کی۔
یہ بھی پڑھئے: ترکی: موٹر سائیکل سوار کارکن فلسطین میں داخلے سے انکار کے بعد وطن واپس لوٹے
بیزوس کی ماحولیاتی مالی معاونت
جیف بیزوس نے ۲۰۲۰ء میں ’بیزوس ارتھ فنڈ‘ قائم کیا تھا اور ۲۰۳۰ء تک موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی ماحول سے متعلق منصوبوں پر خرچ کرنے کیلئے ۱۰؍ ارب ڈالر (تقریباً ۹؍ لاکھ کروڑ روپے) دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اکتوبر میں اس فنڈ نے معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں اور پودوں کو بچانے کیلئے کام کرنے والے اتحاد ’اسپیسیز ریکوری الائنس‘ کے بانی رکن کی حیثیت سے ۱۰؍ کروڑ ڈالر (تقریباً ۹؍ ہزار کروڑ روپے) کی مالی معاونت کا اعلان کیا تھا۔
۶۲؍ سالہ بیزوس نے ۱۹۹۴ء میں ایمیزون ڈاٹ کام کی بنیاد رکھی تھی اور وہ اب بھی کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین اور سب سے بڑے انفرادی حصص دار ہیں۔ وہ راکٹ بنانے والی کمپنی ’بلیو اوریجن‘ اور اخبار ’دی واشنگٹن پوسٹ‘ کے بھی مالک ہیں۔ فوربس کے مطابق ان کی دولت تقریباً ۳۶۷؍ ارب ڈالر (تقریباً ۳۳؍ لاکھ کروڑ روپے) ہے، جس کے ساتھ وہ ایلون مسک کے بعد دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔