• Fri, 23 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیتن یاہو کی مودی کو اسرائیل کے یومِ آزادی میں شرکت اور مشعل روشن کرنے کی دعوت

Updated: October 23, 2026, 3:09 PM IST | New Delhi

ہندوستانی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کے درمیان جمعرات کو ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مغربی ایشیا میں امن و استحکام کی بحالی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ نیتن یاہو نے مودی کو اسرائیل کے یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

Benjamin Netanyahu and Narendra Modi. File photo
نیتن یاہو اور نریندر مودی۔ فائل فوٹو

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو نے جمعرات کو ہندوستان کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو فون کیا۔ دونوں لیڈروں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کا جائزہ لیا اور نیتن یاہو نے مودی کو اسرائیل کے یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ ۲۷؍ اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کا سامنا کرنے والے نیتن یاہو نے مودی سے فون پر گفتگو کے دوران مغربی ایشیا میں جاری جنگ پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری اس جنگ کے دوران دونوں لیڈر کم از کم دو مرتبہ بات کر چکے ہیں۔ فون پر گفتگو کے بعد مودی نے کہا، ’’اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کا فون موصول ہوا۔ ہم نے اپنے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کا جائزہ لیا اور اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم نے مغربی ایشیا کی حالیہ صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: محبوبہ مفتی کی ریس کورس مسجد خالی کرنے کے نوٹس پر مرکزی حکومت پر تنقید

نیتن یاہو نے ہندی زبان میں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، ’’میں نے اپنے دوست اور ہندوستانی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے بات کی اور انہیں اسرائیل کے یومِ آزادی پر ایک بہادر ہندوستانی پائلٹ کے ساتھ مشعل روشن کرنے کی دعوت دی۔‘‘ یاہو نے مزید کہا، ’’مودی نے دعوت پر میرا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ زمین اور فضا، دونوں جگہ ہندوستان اور اسرائیل مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے ہمارے درمیان کئی دہائیوں پر محیط مضبوط تعلقات کی بھی تعریف کی۔‘‘ اسرائیلی وزیرِ اعظم نے ۳؍ اکتوبر کو ہونے والی فون پر گفتگو کے دوران ہندوستانی پائلٹ اسمت مچھار کو بھی اسرائیل کے یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ اسمت مچھار ۳۰؍ ستمبر کو فلائی دبئی کے کاک پٹ میں عمانی شریک پائلٹ کے حملے میں محفوظ رہے تھے اور انہوں نے طیارے کو تباہ کن حادثے سے بچایا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: باپ کے برطانوی شہریت اختیار کرنے پر بچہ ہندوستانی شہریت سے محروم نہیں ہوسکتا: مدراس ہائی کورٹ

نیتن یاہو نے اسمت مچھار اور وزیرِ اعظم مودی کو اسرائیل آنے کی دعوت دیتے ہوئے پائلٹ کو ’’اسرائیل، ہندوستان اور دنیا کا ہیرو‘‘ قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ اسرائیل اپنا یومِ آزادی ۱۴؍ مئی کو مناتا ہے۔ وزیرِ اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے ایک بیان میں کہا، ’’دونوں لیڈروں نے ہندوستان اور اسرائیل کے تعلقات میں مسلسل پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا، ’’دونوں لیڈروں نے مغربی ایشیا کی حالیہ صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK