• Fri, 23 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹائیگر فائرنگ کا معاملہ: سپریہ سُلے کا سوال’’جیل میں بند شخص حملے کی منصوبہ بندی کیسے کرسکتا ہے؟‘‘

Updated: October 23, 2026, 3:43 PM IST | Agency | Mumbai

مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے وزیراعلیٰ فرنویس سے مطالبہ کیا کہ ’’لارینس بشنوئی کو سابرمتی جیل سے نکال کر ممبئی کی آرتھرروڈ جیل کے انڈہ سیل میں ڈالیں ‘‘

NCP (Sharad) leader Supriya Sule. Left: Maharashtra Congress President Harshvardhan Sapkal. Photo: INN
این سی پی (شرد) لیڈر سپریہ سُلے۔ بائیں: مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال۔ تصویر: آئی این این

اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے معاملے میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سلے نے سوال اٹھایا ہے کہ جیل میں بند کوئی شخص حملے کی منصوبہ بندی کیسے کر سکتا ہے اور پھر سوشل میڈیا پر اس کی ذمہ داری بھی لے سکتا ہے۔ انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ فائرنگ کی ذمہ داری جیل میں بند گینگسٹر لارینس بشنوئی کے نام سے منسوب کی گئی ہے۔ سپریہ سولے نے کہا کہ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ خبروں کے مطابق لارنس بشنوئی جیل میں بند ہے، لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا پر اس کے نام سے حملے کی ذمہ داری لینے کی پوسٹ سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ جیل میں بیٹھا کوئی شخص اس طرح کی سرگرمیوں میں کیسے ملوث ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’یہ بہت حیران کن ہے کہ جیل میں بند کوئی شخص خود پوسٹ کرکے کہتا ہے کہ وہ اس واقعے کی ذمہ داری لیتا ہے۔ یہ سمجھنا مشکل ہے۔ جس طرح لوگوں کو ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے ہم اس بات کی تحقیقات کا مطالبہ کریں گے کہ جیل میں بند کوئی شخص یہ سب کیسے کر سکتا ہے۔‘‘ دریں اثنا، ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے جمعرات کو اس معاملے میں چار مزید ملزمین، دو خواتین رادھا اور ببیتا اور کنال و سمیت کو ٹرانزٹ ریمانڈ کے لیے قلعہ کورٹ میں پیش کیا۔

یہ بھی پڑھئے: واشم میں گلال پھینکنے پر کشیدگی دُرگا وِسرجن جلوس کے ٹیپوسلطان چوک سے گزرتے وقت تنازع ہوا

’’لارینس بشنوئی حکومت کا داماد لگتا ہے کیا؟‘‘

مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے ٹائیگر شراف پر حملے کے معاملے میں مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’بدنام زمانہ مافیا لارنس بشنوئی گجرات کی سابرمتی جیل میں بیٹھ کر ممبئی میں دہشت پھیلا رہا ہے۔ وہ عوامی نمائندوں اور بالی ووڈ کے فنکاروں کو دھمکیاں دیتا ہے، فائرنگ کرواتا ہے اور قتل کی وارداتیں انجام دیتا ہے۔‘‘ سپکال نے سوال کیا کہ’’ کیا بی جے پی کی مہایوتی حکومت نے بشنوئی گینگ کو مہاراشٹر میں کھلی چھوٹ دے رکھی ہے؟ کیا لارینس بشنوئی حکومت کا داماد لگتا ہے؟ اگر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس میں ہمت ہے تو وہ بشنوئی کو سابرمتی جیل سے نکال کر ممبئی کی آرتھر روڈ جیل کی انڈا سیل میں ڈالیں اور اس سے تفتیش کریں۔  تلک بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر ہریش وردھن سپکال نے کہا کہ ریاست میں قانون و انتظام کی صورت حال پوری طرح درہم برہم ہوچکی ہے۔ صرف بالی ووڈ ہی نہیں، بلکہ پورا مہاراشٹر خوف کے سائے میں زندگی گزار رہا ہے۔ حکومت کی ناک کے نیچے ممبئی میں اداکار ٹائیگر شراف پر جان لیوا حملہ کیا گیا۔ اس سے پہلے ایک سابق وزیر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ ریاست میں بڑھتے ہوئے جرائم، مافیا کی سرگرمیوں اور گینگوں کی بڑھتی ہوئی دہشت کے لیے محکمہ داخلہ کی ناکامی ذمہ دار ہے۔ یہ دیویندر فرنویس کے غیر فعال وزیر داخلہ ہونے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اب تو ریاست کو کل وقتی اور اہل وزیر داخلہ دیا جائے۔ ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ منوج جرنگے پاٹل نے۵۰۰؍ کروڑ روپے کے لین دین سے متعلق ایک آڈیو کلپ عام کیا ہے۔ اس آڈیو میں جن جن لوگوں کے نام ہیں، ان سب سے پوچھ گچھ ہونی چاہیے۔ پورے معاملے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے تحقیقات کرائی جائیں اور یہ پتہ لگایا جائے کہ۵۰۰؍ کروڑ روپے کہاں سے آئے، کون لے کر آیا اور کس کو دیے گئے۔ اس معاملے میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور رکن پارلیمنٹ شری کانت شندے کے نام بھی لیے گئے ہیں، انہیں گرفتار کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK