وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ان کی حکومت شہریوں کے تحفظ کیلئے مرکزی سرکار سے رابطےمیںہے،خامنہ ای کےقتل کے خلاف احتجاج میںامن وامان برقرار رکھنے کی اپیل ۔
EPAPER
Updated: March 06, 2026, 9:21 AM IST | Srinagar
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ان کی حکومت شہریوں کے تحفظ کیلئے مرکزی سرکار سے رابطےمیںہے،خامنہ ای کےقتل کے خلاف احتجاج میںامن وامان برقرار رکھنے کی اپیل ۔
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے خلاف عوامی احتجاج کے درمیان عوام سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ساتھ انہوں نے کہا کہ ایران میں پھنسے شہریوں کو وطن واپس لانے کے حوالہ سے وہ مرکزی سرکار کے ساتھ رابطے میں ہیں۔جموں میں ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے سول سوسائٹی اور بعض مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے اور سب نے مل کر لوگوں سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا’’کچھ شرپسند عناصر جموں کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں لیکن انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بہار: نتیش کمار وزارت اعلیٰ چھوڑیں گے، راجیہ سبھا کیلئے پرچہ نامزدگی داخل
عمر عبداللہ نےبحر ہند میں ایران کے ایک جہاز پر حملے کو بھی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ جہاز مشقوں کے سلسلے میں آیا تھا اور واپسی کے دوران اس پر حملہ کیا گیا جو انتہائی افسوسناک ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال کے باعث لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ایران میں پھنسے شہریوں حوالہ سے عمر عبداللہ نے کہا’’جموں و کشمیر کے کئی افراد اس وقت ایران میں پھنسے ہوئے ہیں اور حکومت ہند کے ساتھ مل کر انہیں بحفاظت واپس لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ایندھن کی قلت کی افواہ، پیٹرول پمپ پر قطاریں
نتیش کمار سے متعلق عمر کا رد عمل
وزیر اعلیٰ نے اس دوران بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا میں جانے کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے کہا کہ ’’نتیش کمار بہار کے طویل عرصہ تک خدمات انجام دینے والے وزیر اعلیٰ رہے ہیں اور کسی نہ کسی وقت ان کی مدت کا اختتام ہونا فطری تھا۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ بہار حکومت اور اس کے اتحادیوں کا اندرونی معاملہ ہے تاہم چونکہ نتیش کمار کبھی ان کے ساتھ انڈیا بلاک میں شامل رہے ہیں اس لیے انتخابات کے تین ماہ بعد ان کا راجیہ سبھا جانا قابل ذکر ہے۔ انہوں نے نتیش کمار کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں راجیہ سبھا میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں گے۔