• Thu, 22 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مصر کے صدر کا کہنا ہے کہ غزہ کی جنگ کے باعث سویز کینال کو۹؍ ارب ڈالر کا نقصان ہوا

Updated: January 22, 2026, 5:12 PM IST | davos

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ سے جڑی علاقائی بے چینی کے باعث گزشتہ دو برسوں میں مصر کو سویز کینال سے حاصل ہونے والی براہِ راست آمدنی میں تقریباً ۹؍ ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

Abdel Fattah Al-Sisi.Photo;INN
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی- تصویر:آئی این این

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے  کہا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ سے جڑی علاقائی بے چینی کے باعث گزشتہ دو برسوں میں مصر کو سویز کینال سے حاصل ہونے والی براہِ راست آمدنی میں تقریباً ۹؍ ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔سوئٹزرلینڈ کے شہر داؤس میں منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  جو پیر کو شروع ہوا اور ۲۳؍جنوری تک جاری رہے گا، السیسی نے کہا کہ اس تنازع کے باعث سویز کینال کی بحری راہداری شدید متاثر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے اکتوبر  ۲۰۲۳ء سے، جب جنگ شروع ہوئی، گزشتہ اکتوبر شرم الشیخ میں جنگ بندی کے معاہدے تک، ان واقعات کے نتیجے میں  ۹؍ارب ڈالر کی براہِ راست آمدنی کھو دی۔‘‘ السیسی نے کہا کہ مصر نے خطے میں، خصوصاً غزہ میں، استحکام کو فروغ دینے کے لیے’’مثبت کردار‘‘ ادا کیا ہے۔ مصری صدر نے زور دیا کہ فلسطینی مسئلہ  ’’مشرقِ وسطیٰ کی ترجیحات کی فہرست میں ٹاپ پر‘‘ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ہم غزہ میں جنگ بندی کو مضبوط بنانے اور انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔‘‘ امریکی حمایت کے ساتھ، اسرائیل نے اکتوبر ۲۰۲۳ء میں غزہ پر مہلک جنگ شروع کی، جس میں ۷۱؍ ہزار سے زائد فلسطینی شہید اورایک  لاکھ ۷۱؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے۔ ۱۰؍ اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہوئی، تاہم اسرائیل نے روزانہ حملوں کے ذریعے اس کی خلاف ورزی کی، جن میں ۴۸۳؍ فلسطینی شہید اور۱۲۹۴؍ زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے:’’مجھے مراٹھی بولنے پر مجبورنہ کریں۔‘‘ زبان کے تنازع کے بیچ سنیل شیٹی کا سخت ردِعمل

اسرائیل نے غزہ میں متفقہ مقدار میں خوراک، ادویات، طبی سامان، پناہ گاہ کا سامان اور پہلے سے تیار شدہ رہائشی یونٹس کی ترسیل روک رکھی ہے، جہاں تقریباً ۲۴؍ لاکھ فلسطینی آباد ہیں، جن میں سے لگ بھگ  ۱۵؍ لاکھ بے گھر افراد تباہ کن حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ السیسی نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے متعلق امریکی اعلان کا خیرمقدم کیا۔ اس مرحلے میں عبوری حکومتی ڈھانچوں کا قیام، اسرائیلی افواج کا مزید انخلا  اور حماس سے اسلحہ ڈالنے کے مطالبات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:مجھے اپنے چند منتخب شاٹس پر ہی پورا اعتماد ہے: ابھیشیک

 علاقائی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے السیسی نے کہا کہ لبنان کی صورتحال ’’ایک نئے اور درست راستے پر گامزن ہے‘‘ اور امید ظاہر کی کہ ملک مکمل استحکام، معاشی ترقی حاصل کرے گا اور اپنا علاقائی مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔انہوں نے دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے لیے مصر کے عزم کا اعادہ کیا، اور شامی ریاست کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ’’مکالمے اور سیاسی عمل میں کسی کو بھی خارج نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘مصر کی معیشت کے حوالے سے السیسی نے کہا کہ یہ ’’درست سمت میں جا رہی ہے‘‘اور سرمایہ کاروں سے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK