Inquilab Logo

بھیونڈی اور کلیان میں عید الفطر تزک واحتشام کے ساتھ منائی گئی

Updated: April 12, 2024, 11:06 PM IST | Ejaz Abdul Gani / Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

پولیس افسران نےپھول دے کر نمازیوں کااستقبال کیا۔ کلیان میں عیدگاہ روڈ پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

After the Eid prayer in Bhiwandi, the police are offering flowers. Photo: INN
بھیونڈی میں نمازعید کے بعد پولیس کی جانب سے پھول دے کر مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔ تصویر : آئی این این

یہاں عید الفطر کا تہوار تزک و احتشام کے ساتھ  منایا گیا۔ عید گاہ اور تقریبا ڈھائی سو مساجد میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے  عید کی نماز ادا کرکے بارگاہ الٰہی میں دعا کی۔عید کے پیش نظر پولیس نے شہر میں سخت حفاظتی بندوبست کیا تھا۔بیشتر مساجد میں نمازیوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ۲؍جماعتیں ہوئیں۔  پولیس کی جانب سے نمازیوں کو پھول پیش کرکے ان کا استقبال کیاگیا اور عید کی مبارک پیش کی گئی۔
مساجد کے ائمہ  نے اپنے خطبات میں عیدالفطر کی اہمیت پر روشنی ڈالی اورامت کو پیغام دیا کہ وہ ماہ مقدس کی طرح ہی دیگر مہینوں میں عبادت وریاضت کرتے ہیں۔لاکھوں مسلمانوں نے وطن عزیزمیں امن و امان ترقی ، فلاح و بہبود،کاروبار میں سدھار اور  خوشحالی کیلئے اجتماعی دعائیں مانگیں  نیز آپسی بھائی چارہ پر زور دیا گیا۔ لاکھوں مسلمانوں نے اپنی دعاؤں میں خصوصی طور پر مظلوم فلسطینیوں کو یاد کیا۔ نماز ادا کرنے کے بعد لوگوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عیدکی مبارک باد پیش کی۔کوٹر گیٹ سنی جامع مسجد کے سامنے، ایڈیشنل پولیس کمشنر ونائک دیشمکھ، ڈی سی پی شریکانت پروپکاری، ڈی سی پی پراگ منیرے اور دیگر پولیس افسران نے لوگوں اور چھوٹے بچوں کو عید کی مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’جب آپ ناک رگڑنے ماتوشری آیا کرتے تھے تو یہی شوسینا اصلی تھی ‘‘

عید کے موقع پر شہر کے تقریبا سبھی محلوں میں روایتی میلہ بھی لگایاگیا  جس میں بچوں کیلئے مخصوص جھولا،چکری جھولا،بریک ڈائسنگ جھولا،مکی ماؤس،جمپنگ جھولا کے ساتھ ہی کھلونے اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت ہوتی ہیں۔
 اسی طرح کلیان میں عید گاہ سمیت متعدد مساجد میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔ تقریباً سبھی مساجد میں علمائے کرام نے اپنے خطبات میں ملک و ملت نیز  اہل غزہ کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔عید گاہ میں مسلمانوں کے جم غفیر نے رقت آمیز انداز میں غزہ کے مسلمانوں کے حق میں دعائیں کیں۔مولانا ظہیر ڈون نے عید گاہ میں نماز پڑھائی ۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے عمل اور کردار سے اسلام کا صحیح نمونہ پیش کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ 
    نمازعید کیلئے دیر رات سے ہی عید گاہ روڈ کا ٹریفک بند کردیا گیا تھا  اور جگہ جگہ بریکیڈ نصب کئے گئے تھے۔عید گاہ کے اطراف کسی بھی طرح کے ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے سیکوریٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے۔ڈی سی پی سچن گنجال نے عید گاہ پہنچ کر مسلمانوں کو عید کی مبارک دی اور پھول بھی تقسیم کیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK