Updated: April 15, 2026, 11:02 AM IST
| Paris
ایفل ٹاور کی اصل سیڑھی کا ایک تاریخی حصہ ۲۱؍ مئی کو پیرس میں نیلام کیا جائے گا۔ یہ ٹکڑا، جو ۱۸۸۹ء کی تعمیر سے تعلق رکھتا ہے، ۱۴؍ سیڑھیوں پر مشتمل یہ حصہ آرٹ کیوریل کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔ اس کی قیمت ۱۲۰۰۰۰؍ سے ۱۵۰۰۰۰؍ یورو کے درمیان لگائی گئی ہے۔ یہ سیڑھی کبھی ٹاور کی دوسری اور تیسری منزل کو جوڑتی تھی اور ۱۹۸۳ء میں جدید کاری کے دوران ہٹا دی گئی تھی۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک منفرد تاریخی موقع ہے جہیں ایفل ٹاور کی اصل سیڑھی کا ایک نایاب حصہ نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ نیلامی ۲۱؍ مئی کو معروف نیلام گھر Artcurial کے ذریعے منعقد کی جائے گی، جس میں اس تاریخی ٹکڑے کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ ۲۰؍ ہزار یورو سے ڈیڑھ لاکھ یورو کے درمیان ہے۔ یہ سیڑھی ۱۸۸۹ء میں ایفل ٹاور کی اصل تعمیر کے دوران بنائی گئی تھی اور اس حصے میں ۱۴؍ سیڑھیاں ہیں۔ یہ اصل میں ٹاور کی دوسری اور تیسری منزل کو آپس میں جوڑتی تھی، جسے انجینئر گستاؤ ایفل کی نگرانی میں ڈیزائن کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: برطانیہ فرانس سربراہی اجلاس: آبنائے ہرمز میں بحری آزادی بحال کرنے کی کوشش
۱۹۸۳ء میں جب ایفل ٹاور میں جدید کاری کا کام کیا گیا تو اس سیڑھی کو ہٹا دیا گیا۔ اس کے بعد اسے تقریباً ۲۰؍ مختلف حصوں میں تقسیم کر کے نیلام کیا گیا، جو بعد میں دنیا بھر کے نجی اور سرکاری کلیکشن میں شامل ہو گئے۔ زیرِ نیلام آنے والا یہ حصہ گزشتہ ۴۰؍ سال سے ایک نجی کلیکٹر کے پاس محفوظ رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس طرح کے تاریخی ٹکڑوں کی عالمی سطح پر بہت زیادہ مانگ ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ماضی میں ایسے ہی حصے ۲؍ لاکھ سے زائد میں فروخت ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کی پوپ لیو پر تنقید، انہیں ’انتہا پسند‘ قرار دیا، کارڈینلز نے امریکی انتظامیہ کو نشانہ بنایا
آرٹ کیوریل کے مطابق، اس نیلامی میں بین الاقوامی خریداروں کی جانب سے پہلے ہی خاصی دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے، جس سے توقع ہے کہ قیمت اندازوں سے بھی زیادہ جا سکتی ہے۔ یہ نیلامی نہ صرف آرٹ اور تاریخ کے شوقین افراد کے لیے اہم ہے بلکہ یہ اس بات کی بھی یاد دہانی ہے کہ دنیا کے مشہور ترین تعمیراتی شاہکاروں کے چھوٹے حصے بھی وقت کے ساتھ قیمتی نوادرات میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔