Inquilab Logo

ووٹر لسٹ الیکشن کمیشن بناتا ہے اور میں اس کا سربراہ نہیں: اسدالدین اویسی

Updated: April 15, 2024, 12:46 PM IST | Agency | Hyderabad

۶؍ لاکھ بوگس ووٹوں کی مدد سے جیتنے کے بی جےپی امیدوارمادھوی لتھا کے الزام پرایم آئی ایم کے سربراہ کا جواب، کئی مسائل پر حکومت کو نشانہ بنایا۔

Asaduddin Owaisi while talking to the media. Image: X
اسدالدین اویسی میڈیا سےگفتگو کے دوران۔ تصویر: ایکس

کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نےحیدر آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کئی مسائل پر ا پنی رائے رکھی اور مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نےحیدرآباد حلقہ سے بی جے پی امیدوار کے جعلی ووٹوں کے الزامات کا جواب دیا۔ اس کے علاوہ سی اے اے اور وزارت خارجہ کی جانب سے ہندوستانیوں کو ایران اور اسرائیل کا سفر کرنے سے روکنے کیلئے ایڈوائزری جاری کرنے جیسے مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ 
حیدر آباد سے بی جے پی امیدوار مادھوی لتھا نے الزام لگایا تھا کہ ۶؍ لاکھ بوگس ووٹوں کی مدد سے اویسی جیتے ہیں۔ اس پر اسدالدین اویسی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت اور اشاعت ہر سال الیکشن کمیشن کرتا ہے اور میں کمیشن کاسربراہ نہیں ہوں۔ اس میں میرا کیا کردار ہے ؟ رائے دہندگان کی فہرست کا الیکشن کمیشن خیال رکھتا ہے، میں نہیں۔ انہوں نے حیدر آباد میں دوبارہ الیکشن کرانے کا چیلنج بھی کیا۔

یہ بھی پڑھئے: راہل کی مہاراشٹرمیں پہلی انتخابی ریلی، بھنڈارہ میں خطاب

اسد الدین اویسی نے شہریت (ترمیم) ایکٹ کو غیر آئینی قرار دیا۔ مرکز میں حکمراں جماعت کو نشانہ بناتے ہوئےاویسی نے کہا کہ بی جے پی نے ایک غیر آئینی قانون سی اے اے بنایا ہے۔ اسے ذات پات کی بنیاد پر بنایا گیا ہے جو کہ برابری کے حق کے خلاف ہے۔ میں نے پارلیمنٹ میں شہریت (ترمیمی) ایکٹ کی کاپی پھاڑ دی۔ ہم سی اے اے کے خلاف تھے اور ہیں۔ 
تلنگانہ میں کانگریس سے اتحاد کے بارے میں اسدالدین اویسی نے کہا کہ وہ ریاست میں کسی کے ساتھ اتحاد میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں ہم نے پی ڈی ایم(پسماندہ، دلت، مسلم) تشکیل دیا ہے۔ ہمیں اپنے کام پر یقین ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہمارے امیدوار جیت جائیں گے۔ واضح رہےکہ حیدر آباد لوک سبھا سیٹ پر ۱۹۸۴ء سے ایم آئی ایم کا قبضہ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK