Inquilab Logo Happiest Places to Work

ترنمول کانگریس کا نام لے کرالیکشن کمیشن کی دھمکی

Updated: April 09, 2026, 10:40 AM IST | Inquilab News Network | Kolkata

کمیشن کی پوسٹ میں ترنمول کانگریس کو الٹی میٹم اورسیدھی بات کہہ کردھمکانے کی کوشش، اپوزیشن کا شدیدردعمل،کمیشن کو بی جے پی کا ماتحت ادارہ قرار دیا،سخت تنقید کی۔

TMC MP Derek O`Brien Addressing The Media After Meeting The Election Commission.Photo:INN
الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن میڈیا سے خطاب کرتےہوئے۔تصویر:آئی این این
الیکشن کمیشن نے اپنےاکاؤنٹ سے ایکس پرپوسٹ کرتے ہوئے مغربی بنگال میں ترنمول کا نگریس کو الٹی میٹم جاری کیا۔ کمیشن نے اپنی پوسٹ میں جس طرح کی دھمکی آمیز زبان اور صرف ایک پارٹی کا نام لیا، اس سے سوشل میڈیا پر کمیشن کی سخت تنقید کی جارہی ہے۔ لوگ سوال کررہے ہیں کہ آیا یہ کسی آئینی ادارے کی زبان ہوسکتی ہے؟کمیشن نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ترنمول کانگریس کوالٹی میٹم، اس بار مغربی بنگال میں انتخابات خوف، تشدد ، دھمکیوں، ترغیب،چھاپے ماری، بوتھ اور سورس جیمنگ سے پاک ہوں گے۔کمیشن نے آگے لکھا کہ ای سی آئی کی ترنمول کانگریس سے سیدھی بات ہے کہ اس بار مغربی بنگال میں انتخابات ضرور ہوںگے لیکن  خوف، تشدد، دھمکیوں ، ترغیب اور بغیر کسی چھاپے کے، بوتھ جیمنگ اور سورس جیمنگ کے ہوں گے۔
ترنمول کانگریس لیڈر ساکیت گوکھلے نے کمیشن کے اس ٹویٹ کا اسکرین شاٹ پوسٹ کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمارکو دلال قرار دیا۔ انہوںنے لکھا کہ کمیشن ایک سیاسی پارٹی کو الگ تھلگ کرکے ٹویٹ کرتا ہے، کیا اس مجرم سی ای سی میںبی جے پی سے سیدھی بات کہہ کر ٹویٹ کرنے کی ہمت ہے؟ جب الیکشن کمیشن مودی، شاہ کے لئے دلال بن گیا ہے تو خود کو ’’جمہوریت‘‘ کہنا ایک مذاق ہے۔
 
 
عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے بھی کمیشن کے اس ٹویٹ پرسخت اعتراض کیا۔ انہوںنے لکھا ،’’اب یہ کہنے کی بھی ضرورت نہیں ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے ماتحت کام کر رہا ہے اور بی جے پی سے براہ راست ہدایات لے رہا ہے۔ یہ اب کھلے عام اور انتہائی افسوسناک ہے۔ کم از کم ایسی زبان میں ٹویٹ کر کے اتنے اہم ادارے کی ساکھ کو کھلے عام داغدار نہ کریں۔‘‘
 
 
کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کمشنروں کو جمہوریت کا قاتل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں جمہوریت کے قاتل ہیں اور ان کو یاد رکھنا ضروری ہے۔ کانگریس نے گیانیش کمار کو تیسرے درجہ کا دلال قرار دیا۔ یوٹیوبر دھروو راٹھی نے لکھا کہ اس ٹویٹ سے پتہ چلتا ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں خود الیکشن لڑ رہا ہے۔ ترنمول کانگریس کی لیڈر مہوا موئترا نے گیانیش کمارکے الٹی میٹم کو امریکہ کے ذریعہ ایران کو دیاگیا الٹی میٹم قرار دیا۔ ندھی رازدان نے لکھا کہ الیکشن کمیشن اب کھل کر اپنی سیاسی وابستگی ظاہر کررہاہے۔ صحافی سہاسنی حیدر نے الیکشن کمیشن کی پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ کمیشن کےذریعہ خود کو غیر جانبداربتانے کا یہ حیران کن طریقہ ہے۔ دوسری طرف مغربی بنگال میں ۹۱؍لاکھ افرادکے نام ووٹرلسٹ سے کاٹے جانے کے معاملے پر بدھ کو ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن کی سربراہی میں ایک وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔ ڈیرک اوبرائن نے بتایا کہ یہ میٹنگ صرف ۷؍منٹ تک رہی۔ گیانیش کمار نے ترنمول کانگریس کے وفد سے انتہائی تکبر کے ساتھ کہا کہ یہاں سے دفع ہوجاؤ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK