Updated: May 03, 2026, 8:19 PM IST
| New York
ایک تازہ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر الیکٹرک کاروں کی فروخت میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو گزشتہ برسوں کے مسلسل اضافے کے رجحان کے برعکس ہے۔ چین اور امریکہ میں فروخت میں نمایاں کمی نے عالمی سطح پر ہونے والے معمولی اضافے کو بھی غیر مؤثر بنا دیا، تاہم، یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ جاری رہا۔
چین الیکٹرک کاروں کی دنیا میں سب سے بڑی منڈی ہے۔ ۔ تصویر: آئی این این
ایک تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے توانائی کے بحران اور عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے باوجود رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں الیکٹرک کاروں کی فروخت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اقتصادی مشاورتی کمپنی پرائس واٹر ہاؤس کوپر کے ایک تجزیے کے مطابق ۴۳؍ بڑی عالمی منڈیوں میں الیکٹرک کاروں کی تعداد تقریباً۷ء۲؍ ملین رہی جو ۲۰۲۵ء کے اسی عرصے کے مقابلے میں ایک فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ گراوٹ غیر معمولی ہے کیونکہ الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کے اعداد و شمار میں مسلسل نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا رہا ہے اور۲۰۲۵ء کے پورے سال کے دوران ان کی فروخت میں تقریباً ایک تہائی اضافہ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: تیل کی قیمتیں قابو میں نہ آئیں تو مہنگائی بڑھے گی
اعداد و شمار میں اس کمزوری کی بنیادی وجہ چین میں ہونے والی تبدیلیاں ہیں جو الیکٹرک کاروں کی دنیا میں سب سے بڑی منڈی ہے۔ کمپنی نے وہاں ۳۲ء۱؍ ملین الیکٹرک کاریں ریکارڈ کیں جو گذشتہ سال کے مقابلے میں ۲۰؍ فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں جبکہ امریکہ میں یہ کمی نسبتاً زیادہ شدید رہی جہاں فروخت ۲۳؍فیصد گر کر تقریباً۲؍ لاکھ۳۳؍ ہزار گاڑیوں تک پہنچ گئی۔ دنیا کے دیگر خطوں میں ہونے والا اضافہ اس بڑی کمی کا ازالہ نہ کر سکا، اگرچہ یورپ بالخصوص یورپی یونین بشمول برطانیہ، آئس لینڈ، لیختنشٹائن، ناروے اور سوئزرلینڈ میں فروخت ۲۶؍فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً۷؍ لاکھ۲۴؍ ہزار گاڑیوں تک پہنچ گئی، جس کے پیچھے اہم عوامل جرمنی اور فرانس میں ہونے والی ریکارڈ فروخت تھی۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی ناکہ بندی کے باعث ایران تیل کا پروڈکشن میں کمی کر سکتا ہے: رپورٹ
حتمی اعداد و شمار میں کمی کے باوجود عالمی سطح پر الیکٹرک کاروں کی اہمیت میں اضافہ جاری ہے، جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ احتراقی انجن والی روایتی گاڑیوں کی فروخت میں ۸؍ فیصد کمی آئی ہے جو کہ الیکٹرک کاروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑی گراوٹ ہے۔ اقتصادی مشاورتی کمپنی پرائس واٹر ہاؤس کوپر کے مطابق الیکٹرک کاروں کا مارکیٹ شیئر تقریباً ۱۶؍فیصد رہا جو کسی بھی سال کی پہلی سہ ماہی میں ریکارڈ کی گئی اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔