Updated: November 20, 2025, 8:04 PM IST
| New York
امریکی ٹیک ارب پتی ایلون مسک نے واشنگٹن میں یو ایس سعودی انویسٹمنٹ فورم کے دوران کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور روبوٹ مستقبل میں غربت کا خاتمہ کر دیں گے اور اگلے ۱۰؍ سے ۲۰؍ سال میں ’’کام اختیاری‘‘ ہو جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلسل ترقی کرتے اے آئی اور روبوٹکس ایک ایسا معاشی نظام پیدا کریں گے جہاں کرنسی کی اہمیت ختم ہو جائے گی۔مسک کے بیان پرسوشل میڈیا صارفین کا شدید ردعمل ۔
ایلون مسک۔ تصویر: آئی این این
ایلون مسک ایک بار پھر مستقبل کے ٹیکنالوجی پر مبنی اپنے بڑے دعوؤں پر زور دے رہے ہیں۔ ارب پتی صنعتکار، جن کا ایک کھرب ڈالر کا پے پیکیج حال ہی میں ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے منظور کیا ہے، نے بدھ کو کہا کہ مستقبل میں ’’پیسہ غیر متعلق‘‘ ہو جائے گا۔ مسک واشنگٹن ڈی سی میں یو ایس سعودی انویسٹ منٹ فورم میں ایک مختصر انٹرویو میں شریک ہوئے، جو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے وہائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے فوراً بعد منعقد ہوا۔ اس دوران مسک کی ٹرمپ کے ساتھ ایک مختصر ملاقات کی جھلک بھی دیکھی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: آئی اے ای اے کا ایران سے تمام جوہری تنصیبات تک رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ
مسک کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور روبوٹکس غربت ختم کرنے کا راستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ۱۰؍ سے ۲۰؍ سال میں ’’کام اختیاری ہو جائے گا‘‘، اور مستقبل کی طویل مدتی تصویر میں لوگ ضرورت کے تحت نہیں بلکہ صرف شوق کے طور پر کام کریں گے۔ ان کے اس دعوے پر پہلے تو کچھ ہچکچاہٹ ہوئی، لیکن بعد میں فورم میں بڑی تالیوں سے ان کا خیر مقدم کیا گیا۔ مسک نے کہا کہ اے آئی اور روبوٹکس کی ترقی اس حد تک پہنچ جائے گی کہ ’’کرنسی غیر متعلق ہو جائے گی۔‘‘ ان کے مطابق روبوٹ اور اے آئی غربت کا خاتمہ کردیں گے اور صحت کی سہولیات سمیت ہر چیز بہتر ہو جائے گی۔
Optimus—ایلون مسک کا معاشی مستقبل کا وژن
مسک نے واضح کیا کہ ٹیسلا کا ہیومنائیڈ روبوٹ Optimus مستقبل میں تقریباً ہر قسم کا کام انجام دے سکے گا۔ ان کے مطابق یہ روبوٹ عالمی معیشت کو ۱۰؍ سے ۱۰۰؍ گنا تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ٹیسلا پہلے ہی Optimus کے مختلف مظاہرے کر چکی ہے، جن میں ہالووین پر کینڈی تقسیم کرنا اور فلم Tron: Ares کی پریمیئر میں جیرڈ لیٹو کے ساتھ ایکشن پرفارمنس شامل ہے۔ مسک کا کہنا ہے کہ Optimus غربت کے خاتمے کی حقیقی بنیاد رکھے گا اور مستقبل میں انسانی محنت کی ضرورت نہ ہونے کے برابر رہ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انسان خواہ کام کریں یا نہ کریں، روبوٹس تمام ضروری کام انجام دینے کے قابل ہوں گے۔ خیال رہے کہ ایسا بیان انہوں نے اسی دن دیا جب ٹیسلا کے حصص یافتگان نے ان کی تاریخی ایک کھرب ڈالر کی ادائیگی کی منظوری دی۔
یہ بھی پڑھئے: صیہونی ہر طرف سے کھیلتے ہیں: ماہر کے مطابق اسرائیل کا اثرکل برطانوی سیاست پرمحیط
انٹرنیٹ پر شدید ردعمل
مسک کے بیانات نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی۔ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا: ’’وہ شخص جس نے ابھی ایک ٹریلین ڈالر کا پیکج لیا ہے کہتا ہے کہ پیسہ غیر متعلق ہو جائے گا۔‘‘ ایک اور نے کہا: ’’جو شخص اپنی دولت بڑھانے کے پیچھے لگا رہتا ہے، وہ کہہ رہا ہے کہ پیسے کی کوئی اہمیت نہیں رہے گی۔‘‘ایک صارف نے تشویش ظاہر کی: ’’اگر روبوٹس نے سب کچھ سنبھال لیا تو انہیں کنٹرول کون کرے گا؟‘‘ کسی نے پوچھا: ’’اگر امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جائے تو غربت کیسے ختم ہوگی؟‘‘ ایک اور نے تضاد کی نشاندہی کی کہ ’’مسک کہتے ہیں کہ اے آئی سب کو امیر بنا دے گا، مگر اگر پیسہ ختم ہو جائے گا تو ’امیر‘ ہونے کا کیا مطلب ہے؟‘‘