اراکین اسمبلی امین پٹیل اور منوج جام سوتکر کی وارڈ افسران سے ملاقات، علاقے میں جگہ جگہ ڈسٹ بن رکھنے کی اپیل۔
قربانی سے متعلق میٹنگ کے بعد رکن اسمبلی امین پٹیل اور دیگر نظر آرہے ہیں۔تصویر:آئی این این
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک طرف جہاں مسلم گنجان آبادی والے علاقوں میں عید قرباں کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے ، وہیں دوسری طرف خصوصی طور پر جنوبی ممبئی کے مسلم علاقوں میں جانوروں کے ذبیحہ کی باقاعدہ اجازت لینے اور صفائی کا خیال رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی شہری انتظامیہ کی جانب سے صفائی ملازمین کا معقول انتظام کرنے ، تین دن تک گلی محلوں میں ڈسٹ بن رکھنے اور صفائی ملازمین کو تعینات کرنے سے متعلق وارڈ کی سطح پر وارڈ افسروں نے یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سلسلےمیں سماجی کارکنان ، کارپوریٹروں ، ممبا دیوی کے ایم ایل اے امین پٹیل اور بائیکلہ کے رکن اسمبلی منوج جامسوتکر نے خصوصی طو رپر پولیس اور بی ایم سی کے متعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگ کی ۔ اسی طرح دیونار سے جانور لانے اور گلی محلوں میں ذبیحہ سے متعلق تمام ترسہولیات کو مہیا کرانے کی درخواست بھی کی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصی طور پر جنوبی ممبئی کے گنجان آبادی والے علاقوں مدنپورہ ، کالا پانی ، مورلینڈ روڈ ، مولانا آزاد روڈ ، ناگپاڑہ ، مستان تالاب ،بائیکلہ مجگاؤں، نل بازار ، بھنڈی بازار ، محمد علی روڈ اور ڈونگری جیسے دیگر علاقوں میں نہ صرف بکروں کی منڈی لگی ہے بلکہ جگہ جگہ عارضی مذبح کا انتظام بھی کیا گیا ہے ۔ عید قرباں کے موقع پر۳؍ دنوں تک جانوروں کے ذبیحہ کے وقت شہری انتظامیہ کے ذریعہ جگہ جگہ ڈسٹ بن رکھے جانے ، گلی محلوں کو گندگی سے پاک رکھنے کیلئے پانی کا معقول انتظام کرنے کے علاوہ کچرا گاڑی کے ذریعہ ڈسٹ بن بھر جانے پر فوری طو ر پر اسے اٹھائے جانے کے انتظامات کرنے کیلئے وارڈ نمبر ۲۱۱؍ ۲۱۲؍ اور ۲۱۳؍ کے کارپوریٹروں وقار خان ، امرین شہزاد ابراہانی اوررخسانہ امین پاریکھ کے ہمراہ علاقے کے کارکنوںاور سماجی خدمتگاروں نے نہ صرف شہری انتظامیہ کے وارڈ افسران سے ملاقات کی اوراپیل کی ہےبلکہ ذبیحہ کے وقت صفائی کو یقینی بنانے اور علاقے کو گندگی سے پاک رکھنے کیلئے اپنے والینٹیر بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
دوسری جانب ممبا دیوی کے ایم ایل اے امین پٹیل اور بائیکلہ کے ایم ایل اے منوج جامستکر نے بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کے ذبیحہ کیلئے عارضی مذبح بنائے جانے اور صفائی کا خیال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے عوام کو سر عام گوشت لانے اور لے جانے سے منع کیا ہے۔ صفائی کا خیال رکھتے ہوئے فضلہ پھینکنے کے لئے ڈسٹ بن کا استعمال کرنے کی بھی درخواست کی ہے ۔ ساتھ ہی دونوں ہی ایم ایل اے نے مذکورہ علاقوں میں فضلہ اکٹھا کرکے ڈسٹ بن میں پھنکنے کے لئے مفت بڑی پلاسٹک بھی تقسیم کی ہے۔اس کے علاوہ دیونار سے جانوروں کو لانے میں ہونے والی پریشانیوں سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئےپولیس کے متعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔ ساتھ ہی عوام سے جانور لاتے وقت دیونار سے ملنے والی رسید بھی ساتھ رکھنے کی درخواست کی ہے ۔
اس سلسلے میں ہونے والی میٹنگ کے دوران جہاںاگری پاڑہ ، ناگپاڑہ ، ڈونگری ، جے جے مارگ پولیس، بائیکلہ اور سیوڑی پولیس اسٹیشن کے افسران کی موجودگی میںبلا وجہ ہونے والے روک ٹوک یا مداخلت پر فوری ایکشن لینے کی اپیل کی گئی، وہیں دونوں ہی ایم ایل اے نے دیونار کا دورہ بھی کیا اور جنرل منیجر کلیم پاشا پٹھان سے بھی ملاقات کرکے دیونار میں ذبیحہ کے وقت تمام تر سہولت فراہم کرنے اور پانی کا معقول انتظام کرنے اور صفائی کا خیال رکھنے کی درخواست کی ۔ لیڈران کی اپیل پر متعلقہ افسران نے ہر ممکن سہولت بہم پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔اس کے علاوہ دونوں ہی ایم ایل اے نے بی ایم سی کی جانب سے ذبیحہ کے لئے وارڈ کی سطح پر اجازت لینے کی بھی اپیل کی ہے تاکہ کوئی قانونی مسئلہ پیدا نہ ہو ۔