انڈر۔۱۹؍ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں رائے چندانی، سہواگ اور ونیِت کی ہاف سنچریاں، ٹیم انڈیا کی ۸؍وکٹوں سے فتح، فائنل میں پاکستان سے مقابلہ۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 1:07 PM IST | Agency | Al-Mirat
انڈر۔۱۹؍ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں رائے چندانی، سہواگ اور ونیِت کی ہاف سنچریاں، ٹیم انڈیا کی ۸؍وکٹوں سے فتح، فائنل میں پاکستان سے مقابلہ۔
ایشین کرکٹ کونسل انڈر ۔۱۹؍ ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستانی انڈر۔۱۹؍ ٹیم نے ایشان سود کی شاندار گیندبازی اور کپتان لکشیا رائے چندانی، آریہ ویر سہواگ اور وی کے ونیِت کی نصف سنچریوں کی بدولت افغانستان انڈر ۔۱۹؍ ٹیم کو ۷۹؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے۸؍ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔اب خطاب کیلئے ہندوستان کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ ۲۲۸؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو لکشیا رائے چندانی اور آریہ ویر سہواگ کی اوپننگ جوڑی نے ۱۱۷؍ رنوں کی شراکت کیساتھ مضبوط آغاز فراہم کیا۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ ۱۷؍ویں اوور میں سہواگ کے طور پر گرا۔ انہوں نے ۵۷؍گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ۵۱؍رن بنائے۔
اس کے بعد بلے بازی کے لئے آئے وی کے ونیِت نے لکشیا کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کیلئے۷۷؍ رن جوڑ کر ہندوستان کی جیت یقینی بنادی۔ اس دوران سنچری کی جانب بڑھ رہے لکشیا کو سہیل خان نے آؤٹ کردیا۔ لکشیا نے ۹۰؍گیندوں پر ۱۳؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۸۳؍ رنوں کی میچ فاتح اننگز کھیلی۔ انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ہندوستان نے ۳۶ء۵؍اوور میں ۲؍ وکٹ پر ۲۳۰؍ رن بناکر۸؍ وکٹوں سے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ ونیِت نے ۶۲؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۷؍ رن بنائے۔ انہوں نے نور علی کی گیند پر چھکا لگا کر ہندوستان کو فتح دلائی۔ یش وردھن چوہان ۱۶؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھئے: رضوان اللہ کے پانچ وکٹ ، پاکستان انڈر ۱۹؍ ایشیا کپ کے فائنل میں داخل
اس سے قبل افغانستان انڈر ۔۱۹؍ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۵۰؍اوور میں ۸؍ وکٹ پر ۲۲۷؍رن بنائے۔ اس کی جانب سے نعمان سالارزئی اور شاہ فیصل رحمانی نے ۵۱۔۵۱؍رنوں کی نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ سہیل خان ۳۶؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔افغانستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ ساتویں اوور میں ایشان سود نے عابداللہ نادرجان (۱۴) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ۱۳؍ویں اوور میں کاویہ پریش پٹیل نے فریداللہ احساس (۱۳) کو بولڈ کردیا۔ سبحان (۳۱) کو منل چوہان نے بولڈ کرکے پویلین بھیجا۔ نعمان سالارزئی اور شاہ فیصل رحمانی نے ۵۱۔۵۱؍رن بناکر افغانستان کی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ لیکن افغانستان کے بلے بازوں نے ہندوستانی گیندبازی کے سامنے جدوجہد کرتے ہوئے ٹیم کو ۲۲۷؍ رنوں تک اسکور پہنچایا۔ ہندوستان کی جانب سے ایشان سود نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ آریان سوسانی نے ۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کاویہ پریش پٹیل اور ارجن راجپوت نے ایک ایک وکٹ لیا۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کوہرایا
رضوان اللہ کی شاندار گیندبازی اور عثمان خان و حیات خان کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو ۹؍ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ پاکستان نے ۱۳۹؍ رنوں کا معمولی ہدف محض ۲۱ء۵؍اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ۱۴۱؍ رن بناکر حاصل کرلیا۔