• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نچلی عدالتوں کے ملازمین نے ہائیکورٹ کی درخواست پر دوسرے دن ہڑتال ختم کردی

Updated: November 19, 2026, 4:18 PM IST | Nadeem Asran/Khalid Abdul Qayyum/Ismail Shad | Mumbai/Bhiwandi/Dhule

نچلی عدالتو ں کے ملازمین نے ہائیکورٹ کی درخواست پر دوسرے دن ہڑتال ختم کردی ،بدھ کو بھی ریاست بھر میں کام کاج ٹھپ رہا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

عروس البلاد ممبئی اور ریاست کی نچلی عدالتوں کے ۳۴؍ ہزار سے زائد ملازمین اور ان کی تنظیموں نے بامبے ہائی کورٹ کے ملازمین کی تنخواہ کے مساوی تنخواہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بروز منگل ۱۷؍ نومبر سے بے مدت ہڑتال کی تھی جو بدھ کو بھی جاری رہی ۔ تاہم بامبے ہائی کورٹ کے۴؍ ججوں کی مداخلت اوران سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہونے والی میٹنگ اور درخواست کے بعدملازمین کی فیڈریشن ، تنظیموں اور ملازمین نے بدھ کی شام کو ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعرات سے معمول کے مطابق ملازمین تمام نچلی عدالت میں کام پر لوٹ آئیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: سونیا گاندھی کی کتاب کیخلا ف شندے شیو سینا کے احتجاج کا داؤ الٹا پڑگیا

نچلی عدالت کے ملازمین کی دو دنوں سے ہڑتال پر جانے کے سبب عدالتی کارروائی میں پیش آنے والی دشواریوں اور کاغذی و دستاویزی کارروائیوں میں خلل پڑنے اور کام کاج ٹھپ ہونے کے سبب بامبے ہائی کورٹ کے جسٹس اے ایس گڈکری، جسٹس جی ایس کلکرنی، جسٹس بی بی قلابہ والا اور جسٹس سمن شیام نے مذکورہ معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے تنظیموں کے سربراہوں کو ہڑتال ختم کرنے کی درخواست کی۔ اس پر ۲؍بجکر ۴۵؍ منٹ پر مہاراشٹر راجیہ نیالئے کرمچاری مہاسنگھ ، مہاراشٹر راجیہ اسٹینو گرافر ایسوسی ایشن، مہاراشٹر بیلیف مہاسنگھ اور دیگر تنظیم کے سربراہوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ چاروں ججو ںسے تبادلہ خیال کیا۔

عدالتی ملازمین کی تنظیم سے ہائیکورٹ نےکیا کہا؟

بات چیت کےدوران ججوں نے مذکورہ مسئلہ کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کام پر لوٹنے کی اپیل کی تھی۔ ملازمین کی چاروں تنظیموں کے سربراہوں نے ججوں کی درخواست کا احترام کرتے ہوئے عارضی طور پر ہڑتال کو ختم کر نے کا اعلان کر دیا اور جمعرات سے کام پر لوٹنے کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم مذکورہ معاملہ میں مہاراشٹر اسٹیٹ جوڈیشل ایمپلائز فیڈریشن کے عہدیداروں کو ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کے تعلق سے وزیر اعلیٰ سے ملاقات اور بات چیت کا یقین دلایا گیا ہے ۔وہیں ملازمین کی تنظیمو ں نے یہ چیتاؤنی بھی دی ہے کہ’’ اگر مہاراشٹر حکومت ۲۶؍ نومبر کو ہونے والی ملاقات اور بات چیت کے بعد ملازمین کے زیر التوا مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی ہے اور کوئی تسلّی بخش جواب نہیں دیتی ہے تو فیڈریشن اور متعلقہ تنظیمیں ایک بار پھر احتجاج اور ہڑتال سے متعلق فیصلہ لینے پر مجبور ہوں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ناسک: آنگن واڑی کارکنوں کا تھالی بجاؤ احتجاج، سرکاری ملازم کا درجہ دینے کا مطالبہ

بھیونڈی میںبھی مقدمات کی سماعت متاثر

بھیونڈی کے عدالتی ملازمین کی ہڑتال بدھ کو دوسرے دن بھی جاری رہی۔ ریاست گیر احتجاج کے تحت بھیونڈی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اور دیوانی عدالت کے۱۳۰؍ ملازمین نے کام بند کرکے احتجاج کیا۔ ہڑتال کے باعث دونوں عدالتوں کا معمول کا کام کاج متاثر ہونے سے عدالتی کارروائی کے لیے آنے والے افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ملازمین نے منگل اور بدھ کو عدالت کے احاطے کے باہر خاموش دھرنا دیا ہے۔

دھولیہ میں یہ حال رہا 

مساوی کام، مساوی تنخواہ کے نعرے کے ساتھ دھولیہ ضلع کے عدالتی ملازمین کی ہڑتال دوسرے روز بدھ کو بھی جاری ہے۔ کیومائن کلب کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ملازمین نے زوردار نعرے لگائے اور اپنے مطالبات کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے  بھرت شرساٹھ نے  بات چیت کی اور اپنے مطالبات گوش گزار کئے۔اس ہڑتال میں اسٹینو گرافر ایسوسی ایشن کے صدر پرشانت کلکرنی، نائب صدر شریمتی نیلیما بھالے راؤ ، سکریٹری نیلیش انگلے، کلاس سی ایسوسی ایشن کے صدر سنیل جیرے، نائب صدر منوج مٹھ ساگر، سکریٹری منوج اہیراؤ، خزانچی سچن سوناونے، ایگزیکٹو صدر پروین بگول، بیلف اسوسی ایشن کے صدر سوریہ کانت دوماڈے، نائب صدر سنجے مالی، سکریٹری ڈی کلاس ایسوسی ایشن انجم شیخ، سکریٹری ڈی کلاسک اسوسی ایشن پنکج پونے کر کے علاوہ دیگر تنظیموں کے عہدے داران، ملازمین ہڑتال میں شامل ہیں۔

ناگپور میں بھی کام کاج متاثررہا

ناگپور میں بھی تقریباً۲۱۰۰؍ عدالتی ملازمین کے اپنے مختلف زیر التوا مطالبات کو لے کر منگل کو غیر معینہ مدت کی ریاست گیر ہڑتال پر چلے جانے سے ضلعی اور خاندانی عدالت میں انتظامی کام کاج درہم برہم ہو گیا۔ یہ ہڑتال گزشتہ دو ماہ میں پورے مہاراشٹر میں عدالتی ملازمین کے ذریعہ کیے گئے احتجاجی مظاہروں کے سلسلے کا حصہ ہے، جس میں بامبے ہائی کورٹ کے ملازمین کو دیے گئے پے اسکیل  کے برابر تنخواہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ناگپور ڈسٹرکٹ جوڈیشل ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر لکشمی کانت سکھالکر نے کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے۳۱؍ جنوری۲۰۲۵ء کو ریاستی حکومت کو بھیجی گئی تنخواہ میں اضافے کی تجویز تقریباً۲۲؍ ماہ سے کسی فیصلے کے بغیر زیر التوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے مہاراشٹر میں تقریباً۳۴۰۰۰؍ عدالتی ملازمین نے غیر معینہ مدت کی تحریک میں حصہ لیا ۔ہڑتال سے ضلعی اور خاندانی عدالت میں انتظامی کام متاثر ہوا ہے کیونکہ عدالت کا کام کاج بڑی حد تک معاون عملے پر منحصر ہے۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ پرکاش جیسوال نے کہا کہ وکلاء نے ملازمین کے مطالبات کی حمایت کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ حکومت ان کے حق میں فیصلہ کرے گی۔ ملازمین پرانی پنشن اسکیم کو بحال کرنے، کنٹریکٹ پر تقرریوں کے بجائے باقاعدہ بھرتیاں کرنے اور عدالتی انتظامیہ میں کنٹریکٹ ملازمین کی مبینہ مداخلت کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔ اسوسی ایشن نے اس سے قبل۱۶؍ ستمبر اور۱۶-۱۷؍ اکتوبر کو سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا تھا۔ ملازمین نے دیوالی کے دوران مقدمہ لڑنے والوں، وکلاء اور پولیس اہلکاروں کو ہونے والی پریشانی سے بچانے کیلئے پانچ نومبر کو ہونے والے اجتماعی چھٹی کے احتجاج کو بھی ملتوی کر دیا تھا۔ سکھالکر نے کہا کہ ملازمین نے بار بار حکومت سے رابطہ کیا ہے، لیکن کوئی جواب نہیں ملا، جس سے وہ غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے پر مجبور ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK