• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناسک: آنگن واڑی کارکنوں کا تھالی بجاؤ احتجاج، سرکاری ملازم کا درجہ دینے کا مطالبہ

Updated: November 19, 2026, 4:04 PM IST | Agency | Nashik

نئے ضلع پریشد کے دفتر کے باہر یہ مظاہرہ مہاراشٹر راجیہ آنگن واڑی کرمچاری سنگھ کے بینر تلے کیا گیا، جس میں سیکڑوں کارکنان شریک ہوئیں۔

Women protesters can be seen outside the new Zilla Parishad office. Photo: INN
ضلع پریشد کے نئے دفتر کے باہر خواتین مظاہرین دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

یہاں منگل کو آنگن واڑی کارکنوں نے اپنے دیرینہ مطالبات کو منظور کرانے کیلئے ضلع پریشد کی نئی عمارت کے باہر زبردست احتجاج کیا۔ منگل کے روز دوپہر ڈیڑھ بجے کئی سو خواتین مظاہرین نے ’تھالی بجاؤ آندولن‘ کے تحت مطالبہ کیاکہ انہیں سرکاری ملازم کا درجہ دیا جائے، ماہانہ پنشن اور گریجویٹی کی سہولت فراہم کی جائے۔ قابل ذکر ہےکہ احتجاج کرنے والی سبھی آنگن واڑی سیویکائیں سیاہ ساڑیاں پہن کر آئیں  تھیں۔ جو تھالیاں بجاکر نعرے بازی کررہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکیموں کو زمینی سطح پر نافذ کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کے باوجود انہیں اب تک سرکاری ملازم کا درجہ نہیں دیا گیا ہے۔ نئے ضلع پریشد دفتر کے سامنے کئے جانے والےاس  احتجاج میں مہاراشٹر راجیہ آنگن واڑی کرمچاری سنگھ نے اہم کردار ادا کیا۔

معلوم ہوکہ ریاست میں مربوط اطفال ترقیاتی خدمات اسکیم(آئی سی ڈی ایس) کے تحت ریاست میں تقریباً ایک لاکھ۱۰؍ ہزار۶۶۴؍ آنگن واڑی مراکز کام کر رہے ہیں۔ ان مراکز میں  دو لاکھ سے زیادہ کارکن خدمات انجام دے رہی ہیں۔بچوں کو اضافی غذائی خوراک فراہم کرنا، غیر رسمی تعلیم دینا اور حاملہ و دودھ پلانے والی خواتین کو صحت کی سہولتیں مہیا کرانا ان کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ انتخابات، ماتر وندنا، لیک لاڈکی، لاڈکی بہن اور رہائشی اسکیموں سے متعلق کام بھی ان سے لیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: نچلی عدالتوں کے ملازمین نے ہائیکورٹ کی درخواست پر دوسرے دن ہڑتال ختم کردی

سرکاری ملازم کا درجہ دینے کا مطالبہ

ملازمین کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ آنگن واڑی کارکن گزشتہ۵۱؍ برسوں سے بچوں اور خواتین کی صحت اور غذائیت کے شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ روزانہ ۸؍ سے ۱۰؍ گھنٹے کام کرنے کے باوجود انہیں سرکاری ملازم کا درجہ نہیں دیا گیا ہے۔ اس احتجاج میں کامریڈ راجیش سنگھ، آئی ٹی سی کے ریاستی سیکریٹری کامریڈ راجو دیسلے، پدما بھجبل، سنجیوَنی واگھمارے، کسم گانگورڈے، سنندا جادھو، لتا شیٖرساگر، سنگیتا کاساردیگر شامل تھے۔

مظاہرین کا کیا کہنا ہے ؟
سبکدوش ہونے والی آنگن واڑی ملازمین کو ہر ماہ پنشن دی جائے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انہیں گریجویٹی کا فائدہ بھی فراہم کیا جائے۔ملازمین کی تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ حکومت کے۴؍ اکتوبر۲۰۲۴ء کے فیصلے کے تحت کام کی نوعیت کی بنیاد پر ترغیبی الاؤنس دینے کا حکم جاری کیا گیا تھا، اس کے باوجود تقریباً۴۰؍ فیصد کارکنوں کو اب تک اس کا فائدہ نہیں ملا ہے۔ کارکنوں کا مطالبہ ہے کہ ترغیبی الاؤنس کی رقم الگ سے دینے کے بجائے اسے انکے مستقل اعزازیے میں شامل کیا جائے۔ جب تک انہیں سرکاری ملازم کا درجہ نہیں دیا جاتا، تب تک تیسرے اور چوتھے درجے کے سرکاری ملازمین کی طرز پر تنخواہ اور دیگر الاؤنس فراہم کیے جائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK