پریس کانفرنس میں شندے سیناکے لیڈران نے خود نوشت کے صفحات پھاڑے، بال ٹھاکرے کی تصویر بھی ’غلطی ‘سے پھاڑدی گئی، شیوسینا یوبی ٹی اور کانگریس برہم۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 4:17 PM IST | Agency | Mumbai
پریس کانفرنس میں شندے سیناکے لیڈران نے خود نوشت کے صفحات پھاڑے، بال ٹھاکرے کی تصویر بھی ’غلطی ‘سے پھاڑدی گئی، شیوسینا یوبی ٹی اور کانگریس برہم۔
کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کی خودنوشت ’بیلانگنگ: اےجرنی آف لو‘کے خلاف شیوسینا شندے کے احتجاج سے ایک نیا تنازع پیدا ہوگیا ہے۔ممبئی میں بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران شیوسینا ایکناتھ شندے کے لیڈران نے احتجاجاً کتاب کے نسخے کو پھاڑا۔ الزام ہے کہ اس دوران پارٹی لیڈر شائنا این سی نے شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کی تصویر بھی پھاڑ دی۔جس پر ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا (یو بی ٹی) اور کانگریس نے شائنا این سی پر شیوسینا کے بانی کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں شندے سینا کے لیڈران نے کیا کیا؟
شندے سینا کا الزام ہے کہ سونیا گاندھی کی کتاب میں ونائک ساورکر کی شبیہ خراب کرنے اور تاریخ کو اپنے حق میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔شائنا این سی، سنجے نروپم اور آنند دوبے سمیت شیوسینا کے لیڈران نے کتاب کے صفحات پھاڑے اور اسکے ناشر ادارہ ’ہارپر کولنز‘ سے مطالبہ کیا کہ کتاب کے صفحات۲۰۱؍ اور۴۴۳؍ پر موجود مبینہ متنازع اقتباسات کو ہٹایا جائے۔تاہم، جب یہ لیڈر کتاب کے صفحات پھاڑ رہے تھے تو شائنا این سی سے بڑی غلطی ہوگئی۔ انہوں نے بال ٹھاکرے کی وہ تصویر پھاڑ دی، جس میں وہ کانگریس کے سینئر لیڈر منی شنکر ایر کے پتلے کو چپل سے مارتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ سنجے نروپم کی جانب سے غلطی کی نشاندہی کیے جانے کے بعد شائنا این سی جلد بازی میں پھٹی ہوئی تصویر کو کاغذوں کے نیچے چھپاتی ہوئی نظر آئیں۔ بعد ازاں شیوسینا لیڈران نے صفائی دی کہ جو تصویر پھاڑی گئی ہے، وہ بال ٹھاکرے کی نہیں بلکہ منی شنکر ایر کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: ۴۸؍ گھنٹوں کے دوران تشدد و آتش زنی کے واقعات، کم از کم ۴؍ افراد ہلاک
شائنا این سی کو صفائی دینی پڑی
بعد میں شائنا این سی نے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے منی شنکر ایر کی تصویر پھاڑی ہے، بال ٹھاکرے کی نہیں۔دراصل شیوسینا رہنما بال ٹھاکرے کی اس تصویر کو اپنے ساتھ لائے تھے، جس میں وہ منی شنکر ایر کے پتلے کو چپل سے مارتے نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر کے ذریعے وہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ بال ٹھاکرے کانگریس کے سخت مخالف رہے، اس کے باوجود ادھو ٹھاکرے نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کیا۔
شیوسینا یوبی ٹی برہم
شیوسینا (یو بی ٹی) کی لیڈر سشما اندھارے نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بال ٹھاکرے نے جن لوگوں کو ’ورشا‘ اور ’سہیا دری‘میں آنے جانے کے قابل بنایا، آج وہی لوگ بال ٹھاکرے کی تصویر پھاڑ رہے ہیں، جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ ایک مراٹھی ٹی وی چینل سے بات چیت میں اندھارے نے کہا، ’’یہ لوگ اس قابل ہی نہیں ہیں کہ ان کی بات سنی جائے، اسلئے میں نے ان کی پریس کانفرنس نہیں دیکھی۔ لیکن اس کے بعد جو واقعہ پیش آیا، وہ انتہائی اشتعال انگیز ہے۔ مجھے ابھی اس کے بارے میں معلوم ہوا ہے۔ جن لوگوں کا تعلق ہمیشہ کمیشن خوری، دلالی، ٹینڈر اور کمیشن کے لین دین سے رہا ہے،، انہیں مطالعے کی تہذیب کا کیا علم ہوگا؟ وہ کتابوں اور ان میں موجود عقلی و دانشمندانہ خیالات کو کیا سمجھیں گے؟ جو لوگ مطالعے اور کتابوں کی اہمیت سمجھتے ہیں، وہ کتابیں نہیں پھاڑتے۔ یہ نفرت اور عداوت کی انتہا ہے۔ سشما اندھارے نے شائنا این سی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ’’دہلی میں بیٹھے ان کے آقا نے انہیں اسکرپٹ بھیجی اوریہ شروع پڑگئیں۔این سی میڈم کسی عہدے کے حصول کے لیے کس حد تک گر سکتی ہیں اور کتنی گندی سیاست کرسکتی ہیں، یہ اس واقعے سے ظاہر ہوگیا ہے۔
کانگریس لیڈران نے شندے سینا کو آڑے ہاتھوں لیا
مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ سونیا گاندھی کی کتاب پھاڑ کر ایکناتھ شندے کی غدار سینا نے اپنی فکری دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ کتاب پھاڑنے سے تاریخ نہیں بدلتی، لیکن’۵۰؍ کھوکے، ایک دم اوکے‘ والی غدار سینا سے تہذیب و ثقافت کی توقع کرنا بے معنی ہے۔ کتاب پھاڑنے کی یہ حرکت سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے، جو تھوک واپس اسی کے منہ پر گرتا ہے۔ سونیا گاندھی کی کتاب پھاڑنے والی غدار سینا کی مذمت کرتے ہوئے سپکال نے مزید کہا کہ کتاب پھاڑنے سے سونیا گاندھی کی شخصیت اور کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑتا، بلکہ اس سے ایکناتھ شندے کی غدار سینا کی پست ذہنیت ظاہر ہوتی ہے۔
سپکال نے مزید کہا کہ ’’ ایکناتھ شندے کی عقل پر ترس آتا ہے۔ انہیں کتاب پڑھ کر اس پر بحث کرنی چاہئے تھی، لیکن شاید کتاب انگریزی میں ہونے کی وجہ سے وہ اسے پڑھ نہیں پا رہے ہوں گے۔ اگر ایکناتھ شندے میں ہمت ہے تو وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے شندے کے وزیر اعلیٰ رہنے کے دوران کئے گئے جن متعدد فیصلوں کو منسوخ کیا ہے، ان کے سرکاری احکامات (جی آر) پھاڑ کر دکھائیں۔
سپکال نے کہا کہ غدار سینا نے خواتین کو آگے کرکے ایک خاتون کی کتاب پھاڑی۔ یہ انتہائی شرمناک اور افسوس ناک حرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے ہندوستانی ثقافت کو اپنایا۔ ان کی ساس اندرا گاندھی اور شوہر راجیو گاندھی نے ملک کے لئے قربانی دی۔ سونیا گاندھی نے وزیر اعظم کا عہدہ قبول نہ کرکے ایثار و قربانی کا مظاہرہ کیا۔ گاندھی خاندان نے ملک کے لئے قربانیاں اور ایثار کیا ہے۔ سونیا گاندھی کی کتاب پھاڑنا نامناسب ہے۔ ایکناتھ شندے کی غدار سینا کو سمجھنا چاہئے۔
کانگریس لیڈر وجئے وڈیٹیوار نے کہا کہ سونیا گاندھی کی کتاب کا صفحہ نمبر۲۰۱؍ پھاڑ کر احتجاج کرنے والوں نے اپنے نظریاتی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ جس ملک میں اظہارِ رائے، بولنے اور لکھنے کی آزادی ہے، وہاں کتاب کی کاپیاں پھاڑنا حماقت کی انتہا ہے۔ اگر کتاب میں پیش کئے گئے حقائق سے اتفاق نہیں تو جمہوری طریقے سے احتجاج کریں اور اس کے جواب میں اپنی کتاب لکھیں۔ کتاب کی کاپیاں پھاڑنا بے شرمی اور تکبر ہے اور اس تکبر کا نشہ اترنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
بالاصاحب تھورات نے کہا کہ سونیا گاندھی کی کتاب کی کاپیاں چند غیر پختہ ذہن کے لوگوں نے پھاڑی ہیں۔ کسی کتاب کے خیالات سے اختلاف ہوسکتا ہے اور ہر شخص کو اختلاف ظاہر کرنے کا حق ہے۔ اس کے لئے کتاب پڑھنا اور اس میں درج موضوعات پر بحث کرنا چاہئے۔ کتاب پھاڑ کر تشہیر حاصل کرنے کی کوشش افسوس ناک ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس حرکت میں پیش پیش رہنے والے لوگ اقتدار کے قریب رہنے کے لئے کئی سیاسی پارٹیاں تبدیل کرچکے ہیں۔ جن لوگوں کو اپنی تاریخ و جغرافیہ کا علم نہیں، ان کا سونیا گاندھی کی زندگی کے سفر پر بات چیت کرنا مضحکہ خیز ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رتناگیری کے ہرنئی ساحل پر نایاب سمندری کیکڑا ’زیبرا ارچن‘ دیکھا گیا
کانگریس کے قومی سیکریٹری سچن ساونت نے سوال اٹھایا کہ جس پارٹی کی نظریاتی بنیاد ’کھوکے‘ سے شروع ہوکر ’کھوکے‘ پر ہی ختم ہوتی ہے، اس کے ہاتھوں کتاب پھاڑے جانے سے کیا فرق پڑے گا؟ انہوں نے کہا کہ کتاب میں ساورکر کے بارے میں مبینہ توہین آمیز بیان پر یہ لوگ سوال اٹھا رہے ہیں، جبکہ ساورکر کے پوتے ساتیکھی ساورکر نے خود عدالت میں اس معاملے پر وضاحت دی ہے۔ اس لئے انہیں اب ساتیکھی ساورکر سے سوال کرنا چاہئے۔ ان لوگوں کو نہ تاریخ کا مطالعہ ہے اور نہ ہی نظریات کی سمجھ۔
کانگریس کے سینئر ترجمان اتل لونڈھے نے کہا کہ سونیا گاندھی نے اپنی کتاب میں ساورکر کے بارے میں جو لکھا ہے، اس میں غلط کیا ہے؟ انہوں نے وہی حقائق پیش کئے ہیں جو سچ ہیں اور ساورکر کے پوتے ساتیکھی نے بھی عدالت میں انہیں تسلیم کیا ہے۔ اس لئے شندے سینا کو اس معاملے پر اتنا ہنگامہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
وہ جعلی شیوسینک ہیں: راؤت
شیو سیناادھو ٹھاکرے کے رکن پارلیمنٹ اور ترجمان سنجے راؤت نے بال ٹھاکرے کی تصویر پھاڑنےپر ناراضگی ظاہر کی اور شیوسینا شندے کو ’’جعلی شیوسینک‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’بالا صاحب کی توہین کرنے والوں کو سرعام کوڑے مارے جانے چاہئیں۔‘‘
جو لکھا اس میں غلط کیا ہے؟
کانگریس کے سینئر ترجمان اتل لونڈھےپاٹل نے کہا کہ سونیا گاندھی نے اپنی کتاب میں ساورکر کے بارے میں جو لکھا ہے، اس میں غلط کیا ہے؟ انہوں نے وہی حقائق پیش کیے ہیں جو سچ ہیں اور ساورکر کے پوتے ساتیکھی نے بھی عدالت میں انہیں تسلیم کیا ہے۔
وجئے وڈیٹیوارنے کیا کہا؟
کتاب پھاڑ کر احتجاج کرنے والوں نے اپنے نظریاتی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ جس ملک میں اظہارِ رائے، بولنے اور لکھنے کی آزادی ہے، وہاں کتاب کی کاپیاں پھاڑنا حماقت کی انتہا ہے۔ اگر حقائق سے اتفاق نہیں تو جمہوری طریقے سے احتجاج کریں۔