Inquilab Logo

ووٹ کی اہمیت کو سمجھنے اورذمہ دارشہری کا رول ادا کرنے کی تلقین

Updated: April 20, 2024, 8:53 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سانکلی اسٹریٹ، کرافورڈ مارکیٹ ، بائیکلہ ، گوونڈی ،چیتا کیمپ، کرلا اور نالاسوپارہ کی مساجد میں ائمہ نے اہمیت کےساتھ سمجھایا اور کہا: ایک ووٹ کی قیمت کم نہ سمجھیں۔

A voter ID camp was set up in the premises of Mumbai Jama Masjid in which 250 people were registered on Friday. Photo: INN
ممبئی جامع مسجد کے احاطے میں ووٹرآئی ڈی کیلئے کیمپ لگایا گیا جس میں جمعہ کو۲۵۰؍لوگوں کا رجسٹریشن کیا گیا۔ تصویر : آئی این این

ہر ومضافات کی متعدد مساجد میں نماز جمعہ کے خطاب میں ائمہ نے ووٹ کی اہمیت کو ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں سمجھایا اور مرد وخواتین اورہربالغ شہری کو ووٹ  دینے کیلئے متوجہ کیا۔کرافورڈ مارکیٹ ، بائیکلہ، گوونڈی، چیتا کیمپ، کرلا اور نالاسوپارہ کی مساجد میںائمہ نے اہمیت کے ساتھ اس عنوان پرروشنی ڈالی اور کہاکہ ایک ووٹ کی قیمت کم نہ سمجھیں۔
ووٹ دینا انتہائی ضروری ہے 
جامع مسجد میںمفتی محمداظہر نےتفصیل سے ووٹ کی اہمیت کو سمجھاتے ہوئے کہاکہ ’’زندگی کا کوئی ایسا شعبہ نہیں ہے جس میںنبی اکرمؐ نے عملی طور پررہنمائی نہ فرمائی ہو،اسی کا ایک حصہ حق رائے دہی ہے۔ ووٹ دینا شہادت ہے، اس کے ذریعے ہم اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے جمہوریت کو مستحکم بناتے ہیں۔ اس لئے ایک ذمہ دار شہری کے لحاظ سے ووٹ دینا ضروری ہے، کسی صورت اس سے غفلت نہیں ہونی چاہئے۔ویسےبھی یہ موقع ۵؍سال میںایک مرتبہ آتاہے۔‘‘
 جامع مسجد اہل حدیث (بائیکلہ)کے ٹرسٹی مولانا عبدالجیل انصاری کے مطابق ’’اس تعلق سے رہنمائی کی جارہی ہے اور آئندہ بھی کی جائے گی لیکن یہ حقیقت ہے کہ دیگر طبقات کےمقابلے ہم کافی پیچھے ہیں۔ ابھی ممبئی میںووٹنگ کےلئے کچھ وقت ہے، تب تک ہماری کوشش جاری رہنی چاہئے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ووٹ کی اہمیت کو سمجھنے اورذمہ دارشہری کا رول ادا کرنے کی تلقین

خواتین اپنی ذمہ داری ادا کریں 
 عرب مسجدکے خطیب وامام مولانا امیرعالم قاسمی نے حق رائے دہی کی اہمیت کواجاگرکیا اوربطور خاص خواتین کو متوجہ کیا کہ وہ گھریلو ذمہ داریوں میں الجھ کر اس اہم عمل کے تئیں کوتاہی برتتی ہیں۔حالانکہ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس دفعہ وہ پیش پیش ہوں گی اوراہل خانہ کو خود متوجہ کرتے ہوئے پولنگ بوتھ تک ساتھ لے جائیں گی۔‘‘
اپنے ووٹ سے ہم اپنی اورملک کی قسمت کا فیصلہ کرتے ہیں
 گوونڈی ہری جامع مسجد کےنائب خطیب وامام مولانا حسن میاں نے مصلیان کو توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ ’’ووٹ دینا محض مشین پرانگلی دبانے کانام نہیںہے بلکہ اس کےذریعے ہم اور آپ ملک کی سالمیت اورترقی اوراپنے مسائل کے حل کے لئے امیدوارو ں کاانتخاب کرتے ہیں۔ اس لئے یہ الیکشن  بہت اہم ہے ،ہر شخص یہ طے کرے کہ وہ ووٹ ضرور ڈالے گا۔‘‘ 
ووٹ امانت ہے اوراس کا صحیح استعمال اسلامی فریضہ ہے 
 چیتا کیمپ کی مسجد معراج میں قاری محمدصادق خان نے ووٹ کی اہمیت ،اس کی طاقت اوروو ٹ نہ دینے کے نقصان پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’حالات دن بدن بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ووٹ دیتے وقت اس کو خالص دنیاوی معاملہ سمجھا جاتا  ہے، حالانکہ ووٹ امانت ہے اور اس کا صحیح استعمال دینی فریضہ ہے۔ اگر ہم سب اس امانت اور اسلامی فریضہ کی ادائیگی میں ہمیشہ کی طرح سُستی اور کاہلی برتتے رہے تو ملک کا کوئی طبقہ محفوظ نہیںرہے گا۔اسی طرح اگر ووٹ کا استعمال اسلامی فریضہ کےبجائے اپنے ذاتی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جاتا رہاتو خدا نہ کرے یہ جمہوریت کے خاتمے کاسبب بن جائے۔ ہمیں اس بات کوبھی یقینی بنانا ہے کہ ہمارے قیمتی ووٹ کی کوئی قیمت نہیں لگا سکتا ،یعنی ووٹ کی طاقت کو خریدا نہیں جاسکتا۔‘‘ 
 چیتا کیمپ کی ایف سیکٹر کی جامع مسجد کے خطیب وامام مولانا ظفراحمدنے بھی اسی عنوان پر خطاب کرتے ہوئے مصلیان کو متوجہ کیا اورکہا کہ ’’اس موقع کو غنیمت سمجھئے ، ووٹ ضرور دیجئے۔ ہم اس بات کوبھی یقینی بنائیں کہ ہمارا ووٹ نہ بٹے گا اورنہ بِکے گا اور نہ ہی ہم کسی کے بہکاوے میں آئینگے۔‘‘ 
ووٹ کی طاقت کا اچھے اچھوں کواحساس ہوجاتا ہے 
 نالاسوپارہ شکر محلہ کی مرکزجامع مسجد میںمفتی ابوالکلام قاسمی نے، وازہ محلہ مسجد میںمفتی فیض الاسلام نے اور نالاسوپارہ اسٹیشن کے قریب واقع مسجد ابراہیم میںسابق ڈپٹی میئر صغیر ڈانگے نےمصلیان کو ووٹ کی اہمیت اور اس کے تقاضوں کو سمجھایا۔ ان حضرات نے زور دے کرکہا کہ یہ بیدار رہنے کا وقت ہے ،اپنے ووٹ کی طاقت کے احساس کرانے کا وقت ہے، اگر غفلت برتی گئی توناقابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK