جماعت اسلامی کے ذریعے اس کے قیام کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقے کو سودی نظام کی تباہ کاریوں سے بچانا اور آسان شرطوں پر قرض مہیا کرانا ہے۔آئندہ تجربے کےبعد ممبئی کی سطح پر توسیع کا منصوبہ ۔
راحت کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی کے افتتاح کا ایک منظر-تصویر:آئی این این
معاشی طور پر کمزور طبقے کو سودی نظام کی تباہ کاریوں سے بچانے ، آسان شرطوں اور معمولی سروس چارج پر قرض مہیا کرانا ہے۔ اسی غرض سے راحت کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی ملاڈ کو وارڈ کی سطح پر قائم کیا گیا ہے اور سنیچر کو افتتاح عمل میں آیا۔ دراصل جماعت اسلامی کے ذریعے چند برس قبل سے گروپ سسٹم کے ذریعے اس ضمن میں کام کیا جارہا تھا مگر اب حکومت سے منظور کرانے کے بعد باضابطہ شروع کیا گیا ہے۔ ممبئی کی سطح پر ملاڈ میں یہ پہلی سوسائٹی ہے۔ آئندہ تجربے کے بعد اسے ممبئی کی سطح پر توسیع دینے کی کوشش کی جائے گی۔اس میں ڈھائی تا تین ہزار ممبر ہیں ۔ اس کے قیام کی بنیادی شرط میں ڈھائی ہزار ممبر ہونا ضروری ہے اور یہ ممبران مقامی ہوں۔ اس سوسائٹی کے قیام کا بنیادی مقصد آسان شرائط پر قرض مہیا کرانا اور عام طور پر سود کا جو نظام ہے اس سے بچانے کی کوشش کے علاوہ برائے نام دستاویزات پر کم سے کم آمدنی والوں کو قرض مہیا کرانا ہے۔ اس کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ پیسے بچانے پر بھی توجہ ہو تاکہ کچھ رقم پس انداز ہوسکے جو مشکل وقت میں کام آئے۔ اس کے لئے رقم جمع کرنے کی خاطر ایجنٹ گھروں اور دکانوں پر جائیں گے۔ یہ تفصیلات سوسائٹی کے چیئرمین اور جماعت اسلامی ممبئی کے امیر ہمایوں شیخ نے نمائندۂ انقلاب کو بتائیں۔
سوسائٹی کا افتتاح مقامی رکن اسمبلی اسلم شیخ اور مولانا الیاس خان فلاحی نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس سے قبل علماء اور تاجروں کی نشستیں ہوئیں۔اس موقع پر مولانا الیاس خان فلاحی، راشد خان، رفیق شیخ اور عبد الحسیب بھاٹکر نے اظہار خیال کیا ۔ ان حضرات نے راحت کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی کی اہمیت ، ضرورت ، فوائد اور سودی نظام سے کمزور طبقے کی بدحالی پر روشنی ڈالی۔اس سوسائٹی میں معمولی سروس چارج پرغیر سودی قرض، موبائل ایپ کے ذریعے آسان کلیکشن، چھوٹے تاجروں کی یومیہ بچت، جدید بینکنگ سافٹ ویئر سے آراستہ اور کھاتے سے کبھی بھی رقم نکالنے کی سہولت ہوگی۔ راحت کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی میں محض۱۱۰؍ روپے میں کھاتا کھلوایا جاسکتا ہے۔ اس میں۱۰۰؍ روپے کا شیئر اور۱۰؍ روپے فیس ہوگی مگر کھاتا کھلوانے کی سہولت محض ملاڈ پی وارڈ کے رہنے والوں کو ہی ہوگی، باہر والوں کو نہیں۔ اس میں سیونگ اکاؤنٹ، کرنٹ اکاؤنٹ، ڈیلی ڈپازٹ اکاؤنٹ، فکسڈ ڈپازٹ اکاؤنٹس، جنرل ڈپازٹ اکاونٹ، اسکول کالج فیس، شادی بیاہ اور حج وعمرہ وغیرہ کے اکاؤنٹ کھلوائے جاسکتے ہیں۔ ضروری کاغذات کی شکل میں آدھار کارڈ، پین کارڈ اور تین تصویر دینی ہوگی۔
راحت کریڈٹ سوسائٹی کا دفتر جماعت اسلامی کا دفتر پلاٹ نمبر۱۹؍، اولڈ کلکٹر کمپاؤنڈ، قریش جامع مسجد کے سامنے گیٹ نمبر۵؍ہے۔ کام کے اوقات صبح ساڑھے ۱۱؍ بجے سے ۶؍ بجے متعین کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ مزید لوگ اس کا ممبر بن کر اس کاز کو تقویت پہنچانے کا ذریعہ بنیں۔افتتاح کے موقع پر مختلف شعبوں کی شخصیات ، جماعت اسلامی کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں مرد وخواتین موجود تھے۔