یورپی شماریاتی ادارے یوروسٹیٹ کے تازہ اعداد و شمار نے یونان میں آبادیاتی تبدیلی کی تشویشناک تصویر پیش کی ہے۔ یونانی اخبار کتھیمرینی کی جمعہ کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق،۲۰۲۵ء میں یونان کے تقریباً تین چوتھائی گھرانوں میں کوئی بچہ نہیں تھا۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 12:06 PM IST | Athens
یورپی شماریاتی ادارے یوروسٹیٹ کے تازہ اعداد و شمار نے یونان میں آبادیاتی تبدیلی کی تشویشناک تصویر پیش کی ہے۔ یونانی اخبار کتھیمرینی کی جمعہ کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق،۲۰۲۵ء میں یونان کے تقریباً تین چوتھائی گھرانوں میں کوئی بچہ نہیں تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق یونان میں کل۴۰؍ لاکھ۶۰؍ ہزار گھرانے ہیں، جن میں سے۲۹؍ لاکھ۹۰؍ ہزار یعنی ۷۳؍ عشاریہ۸؍ فیصد گھرانوں میں کوئی بچہ موجود نہیں، جبکہ صرف۱۰؍ لاکھ۶۰؍ ہزار یعنی ۲۶؍ اعشاریہ ۲؍فیصد گھرانوں میں کم از کم ایک بچہ ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بچوں والے گھرانوں کے تناسب میں یونان اب بھی یورپی یونین کی اوسط سے آگے ہے۔ یورپی یونین میں بچوں والے گھرانوں کا تناسب۲۳؍ اعشاریہ ۳؍ فیصد ہے، جو۲۰۱۰ء میں ۲۶؍ اعشاریہ ۹؍ فیصد اور ۲۰۲۰ءمیں۲۵؍ فیصد تھا۔ یعنی پورے یورپ میں بچوں والے گھرانوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے، اور یونان بھی اسی رجحان کا شکار ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کے مشیر جیسن ملر نے ایک سال میں۱۵؍ ملین ڈالر کمائے: رپورٹ
مزید برآں یونان میں بچوں والے گھرانوں کی تفصیل بتاتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ۴؍ لاکھ ۹۵؍ہزار گھرانوں میں ایک بچہ،۴؍ لاکھ۱۸؍ ہزار میں دو بچے اور ایک لاکھ۴۹؍ ہزار میں تین یا اس سے زیادہ بچے ہیں۔ اس طرح ایک بچے والے گھرانے تقریباً۴۷؍ فیصد ہیں، جبکہ تین یا اس سے زیادہ بچوں والے گھرانے تقریباً۱۴؍ فیصد بنتے ہیں۔بعد ازاں ماہرین کا کہنا ہے کہ اس رجحان کے پیچھے کئی وجوہات ہیں، جن میں معاشی دباؤ، مہنگائی، روزگار میں غیر یقینی صورتحال، شادی کی عمر میں تاخیر، شہری زندگی کا دباؤ اور خواتین کی تعلیم و ملازمت میں بڑھتی ہوئی شرکت شامل ہے۔ یونان میں گزشتہ ایک دہائی سے جاری معاشی بحران نے نوجوان جوڑوں کے لیے خاندان بڑھانا مزید مشکل کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جنوبی کوریا: امتحان میں نقل کرنے والوں کو پکڑنے کا نایاب نسخہ، فون پرہنگامی الرٹ
دریں اثناء یورپی یونین کے خاندانی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔۲۰۲۵ء میں بغیر بچوں کے تنہا رہنے والے ایک فرد پر مشتمل گھرانے کل گھرانوں کا۳۷؍ اعشاریہ ۵؍ فیصد ہو گئے، جو۲۰۱۵ء میں۳۳؍ اعشاریہ ۶؍ فیصد تھے۔ اسی عرصے میں بچوں کے ساتھ رہنے والے جوڑوں کا تناسب ۱۶؍ اعشاریہ ۶؍فیصد سے گھٹ کر۱۴؍ اعشاریہ ۷؍ فیصد رہ گیا۔ماہرین آبادیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ رجحان جاری رہا تو یونان کو مستقبل میں افرادی قوت کی کمی، پنشن نظام پر دباؤ اور معاشی سست روی جیسے سنگین چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ خاندانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹھوس پالیسیاں بنائے۔