• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوبی کوریا: امتحان میں نقل کرنے والوں کو پکڑنے کا نایاب نسخہ، فون پرہنگامی الرٹ

Updated: November 21, 2026, 6:31 PM IST | Seoul

جنوبی کوریا میں امتحان میں نقل کرنے والوں کو پکڑنے کے ایک نایاب طریقے کے طور پر حکومت نے ہر فون پر ہنگامی الرٹ بھیجا، جس کےبعد بہت سے لوگ حیران رہ گئے اور سوچنے لگے کہ کیا ملک پر حملہ ہو گیا ہے یا زلزلہ آنے والا ہے، لیکن یہ سب سے بڑے داخلہ امتحان میں نقل کرنے والوں کو پکڑنے کا ایک شاندار طریقہ تھا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

 جنوبی کوریا میں جمعرات کو ہر فون، چاہے وہ رہائشی کا ہو یا غیر ملکی کا، ہنگامی الرٹ سسٹم کے ساتھ بج اٹھا۔ یہ۲۰۲۷ء کالج اسکولاسٹک ایبلیٹی ٹیسٹ (CSAT) کے دوران تین بار ہوا - پہلے پیریڈ سے پہلے، تیسرے پیریڈ کے بعد اور چوتھے پیریڈ کے دوران۔ مقصد موبائل فون لے جانے والے اور نقل کرنے کے لیےاے آئی کا استعمال کرنے والے طلبہ کو پکڑنا تھا۔ کوریا میں غیر ملکیوں کودس سے پندرہ سیکنڈ کا الارم ایمرجنسی ریڈی ایپ ، جو ڈیزاسٹر الرٹس ایپ ہےجو۲۲؍ زبانوں میں پیغامات بھیجتی ہے،کے ذریعے موصول ہوا۔ واضح رہے کہ الرٹ سسٹم کا استعمال رہائشیوں کو زلزلوں یا دیگر آفات کے بارے میں خبردار کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس لیے قدرتی طور پر، جب فون پوری آواز میں بجے، یہاں تک کہ جب وہ سائلنٹ پر تھے یا بند تھے، تو اس نے سب کو چونکا دیا۔ لوگوں نے پوچھنا شروع کر دیا کہ کیا ہو رہا ہے، کیونکہ ان میں سے کچھ نے تو یہ بھی سوچا کہ جنگ چھڑ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ملائیشیا: آئندہ سال سے ہندوستانیوں کے لیے بلا ویزاداخلہ ختم

نقل کرنے والوں کو پکڑنے کا جنوبی کوریا کا شاندار منصوبہ
سونیونگ ملک کا تھکا دینے والا، آٹھ گھنٹے طویل کالج داخلہ امتحان ہے، جو تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ طلبہ نے دیا۔ حکام نے نقل کرنے والوں پکڑنے کے لیے شاندار ترکیب نکالی۔ انہوں نے ہنگامی الرٹس بھیجے جو فون سائلنٹ پر ہونے پر بھی بجتے ہیں۔ بالکل یہی ہوا، اور جس کے پاس بھی فون تھا وہ جلدی سے بے نقاب ہو گیا۔ طلبہ کو ان چشموں کے لیے بھی چیک کیا گیا جن میں چھپے ہوئے کیمرے تھے۔اس طریقہ سے انہوں نے ملک بھر میں نو شہروں اور صوبوں میں۲۲؍ اسمارٹ فون پکڑے۔ بعد ازاں یہ اقدام ایک طالب علم کے قومی ٹیکس اکاؤنٹنٹ امتحان میں ایک چھوٹے کیمرے اور ایک جنریٹواے آئی ٹول کا استعمال کرتے ہوئے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے اعتراف کرنے کے بعد آیا۔
 ہان ون-سیوک نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اعتراف کیا کہ اس نے نقل کرنے کے لیےاے آئی کا استعمال کیا اور۴۰۰؍ میں سے۳۹۷؍ اعشاریہ ۵؍ نمبر حاصل کیے۔ اسکور حاصل کرنا تقریباً ناممکن تھا، جس کی وجہ سے انٹرنیٹ پر چہ میگوئیاں ہوئیں کہ اس نے نقل کی۔ تاہم ۳۴؍سالہ یوٹیوبر نے ابتدائی طور پر غیر منصفانہ ذرائع استعمال کرنے سے انکار کیا، لیکن پھر اس نے ویڈیو میں اعتراف کیا کہ اس نے ایک چھوٹے کیمرے کا استعمال کرتے ہوئے امتحان کے سوالات کی تصاویر کلک کیں اور انہیںاے آئی ٹول کو بھیجا۔ جس کے بعد جوابات اس کے اسمارٹ فون پر نمودار ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے: SIR: امریکی مذہبی آزادی کمیشن کا ہندوستان پر اقلیتوں کو نشانہ بنانے کا الزام

تاہم یہ پہلی بار تھا کہ۲۰۱۷ء میں متعارف ہونے کے بعد سے پوری آبادی کو پیغامات بھیجنے کے لیے ہنگامی الرٹ کا استعمال کیا گیا۔ داخلہ امتحان جنوبی کوریا میں سختی سے محفوظ ہے، اس دن لو گوں کو گھرسے کام کرنے کے لیے کہہ کر ٹریفک کو محدود کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ جب طلبہ انگریزی سننے کا ٹیسٹ دیتے ہیں تو اس عرصے کے دوران طیارے ٹیک آف یا لینڈ نہیں کرتے ، تاکہ شور ان کی سماعت میں رکاوٹ نہ بنے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK