• Sat, 10 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’صدر جمہوریہ نے بھی ووٹ چوری کی تردید نہیں کی‘‘

Updated: October 10, 2026, 12:00 PM IST | Agency | New Delhi

۱۰؍ لیڈروں پر مشتمل خصوصی وفد کے ساتھ صدجمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی کا بیان ،اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ صدر نے ثبوت مانگے ہیں جو ہم دیںگے ،کھرگے اورممتا بنرجی نے کہا کہ صدر کا رد عمل مثبت رہا اورانہوں نے تحقیقات کایقین دلایا ہے۔

A delegation comprising leaders of the INDIA alliance met the President of India and submitted a memorandum outlining their demands to Droupadi Murmu. Photo: PTI
انڈیا اتحاد کے لیڈروں پر مشتمل وفدصدر جمہوریہ سے ملاقات کے دوران ،انہوں نےدروپدی مرمو کو اپنےمطالبات پرمبنی ایک میمورنڈم دیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

ووٹ چوری  اور ایس آئی آر کے تنازع پراپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں۱۰؍  لیڈروں پر مشتمل وفد نے جمعہ کو راشٹر پتی بھو ن میں صدر جمہوریہ دروپدی سے ملاقات کی۔صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راہل نے کہا کہ پورا ملک جانتا ہے کہ ملک میں ووٹ چوری ہو رہی ہے۔ حتیٰ کہ صدر جمہوریہ نے بھی اس سے انکار نہیںکیا ہے۔میٹنگ کے بعد اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ’’ابھی صدر کے ساتھ ہماری ملاقات ہوئی ۔ مجھے حیرت ہوئی کہ جب ہم نے صدر کو ووٹ چوری کے بارے میں بتایا تو انہوں نے اس سے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ ملک میں ووٹ چوری نہیں ہو رہی ہے ۔ انہوں نے ہم سے کہا کہ ثبوت پیش کریں ۔ ہم تمام شواہد لے کر صدر کے پاس جائیں گے ۔ پورا ملک جانتا ہے کہ ملک میں ووٹ چوری ہو رہی ہے۔ مودی اور شاہ جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں۔ گیانیش کمار ووٹ چوری کرا رہے ہیں۔ صدر نے ووٹ چوری کے الزامات کومسترد نہیں کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے پر غور کریں گی۔‘‘

اس سے قبل  لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی قیادت میں انڈیا بلاک کے لیڈروں کو صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کیلئے رات ۸؍ بجے کا وقت دیا گیا تھا ۔  وفد نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کے دوران ووٹ چوری کا معاملہ اٹھایا اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمارکے استعفے کا مطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نے کہا کہ اب وہ سپریم کورٹ جائیں گےاورچیف جسٹس آف انڈیا سے بھی ملاقات کریں گے ۔صدر جمہوریہ سے ملاقات کے حوالے سے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ہم  نے ووٹ چوری کے بارے میںصدرکو بتایا ۔جہاںجہاں ووٹ چوری ہوئی ، صدر نے ان کے ثبوت مانگے ہیںاور ہم ثبوت اکٹھا کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ کا چاند پر مستقل قیام کا منصوبہ: جیف بیزوس

صدر جمہوریہ سے ملاقات کرنے والے وفد میںشامل ممتا بنرجی نے جو پہلی مرتبہ گیانیش کمار کے خلاف احتجاج میں شامل ہوئی ہیں، کہا کہ’’ ہم نے صدر جمہوریہ کو ایک میمورنڈم سونپا ہےاورانہوں نے یہ کہہ کر مثبت اشارہ دیا کہ وہ اس کی تحقیقات کریں گی  اور تفصیلات کا جائزہ لیں گی ۔انہوں نےہم  سے شواہد مانگے ہیںاورہم  نے شواہد دینےکا وعدہ کیا ہے۔ہم نے ان سے کہاکہ ملک تشویش میں مبتلا ہے اورآئین کی محافظ کی حیثیت سے آپ کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ جمہوریت باقی رہے۔‘‘ ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ صدر جمہوریہ کا جواب مثبت رہا  اور انہوں نے تحقیقات کا یقین دلایا۔

اس ملاقات سے قبل قومی راجدھانی  میںاقتدار کی راہداریوں پر کافی ڈرامائی صورتحال رہی ۔ انڈیا بلاک کے متعدد اپوزیشن رہنما اور اراکین پارلیمنٹ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے وجے چوک پر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ یہ سب راشٹر پتی  بھون کی طرف بڑھنا چاہتے تھے مگر پولیس نے انہیںروک دیا اور مظاہرین وہیں دھرنے پر بیٹھ گئے ۔مظاہرین نے ایک بڑا بینر اٹھا رکھا تھا، جس پر ’گیانیش کمار استعفیٰ دو‘ کا نعرہ درج تھا۔

سینٹرل ہال میںاپوزیشن کی میٹنگ

اس سے قبل پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں بھی انڈیا بلاک کی ایک میٹنگ ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے گجرات، ہریانہ اور مہاراشٹر کے انتخابی نتائج پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں سامنے آنے والے نتائج کو دیکھ کر انہیں اب بھی حیرت ہوتی ہے کہ ایسا کیسے ہوا؟ راہل گاندھی کے مطابق، جب اپوزیشن کے سامنے شواہد آئے تو اسے معاملے کی سنگینی کا اندازہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK