Inquilab Logo

مہاڈ میں کیمیکل فیکٹری کے اندر دھماکہ، ۵؍ مزدور بری طرح جھلس گئے، ۱۱؍ اب بھی اندر ہی پھنسے ہوئے ہیں

Updated: November 04, 2023, 12:29 PM IST | Siraj Shaikh | Mahad

مہاڈ میں کیمیکل فیکٹری کے اندر دھماکہ، ۵؍ مزدور بری طرح جھلس گئے، ۱۱؍ اب بھی اندر ہی پھنسے ہوئے ہیں۔

Fire brigade extinguishing the fire. Photo: Sikandar Anware
فائربریگیڈ آگ بجھاتے ہوئے۔ تصویر: سکندر انوارے

رائے گڑھ ضلع میں واقع مہاڈ شہر کےایم آئی ڈی سی علاقے میں واقع بلیو جیٹ ہیلتھ کیئر لمیٹڈ نامی کیمیکل کمپنی میں زبردست دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہیں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور تقریبا ۴ گھنٹوں کی کوشش کے بعد فائر بریگیڈ کے عملہ کو آگ بجھانے میں کامیابی ملی۔اس حادثہ میں ۵ مزدور بری طرح جھلس گئے ہیں جنہیں مقامی اسپتال میں بھرتی کروایا گیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک کمپنی کے اندر ۱۱؍ مزدور پھنسے ہوئے تھے۔ اس دھماکے کے سبب کمپنی کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کی صبح ۱۰ بجے مہاڈ شہر کے قریب ایم آئی ڈی سی کے علاقے میں واقع بلیو جیٹ ہیلتھ کیئر لمیٹڈ نامی کیمیکل کمپنی کے ایک پلانٹ کے ری ایکٹر کے پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا اور اسکے بعد یکہ بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے۔ یہ دھماکے اتنے شدید تھے کہ ان کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ اس کی وجہ سے کمپنی میں افراتفری مچ گئی۔ لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ وہ فوراً باہر کی طرف بھاگنے لگے۔دھماکے کی آواز سن کرپڑوسی کمپنیوں کے کارکنوں نے بھی وہاں سے نکل کر محفوظ جگہ پر پناہ لی۔
  دھماکے میں کمپنی کے پلانٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ صبح ۱۰؍ بجے شروع ہونے والی آگ پر دوپہر ۱۲؍بجے تک بھی قابو نہیں پایا جا سکاتھا۔جس پلانٹ میں دھماکہ ہوا اور آگ لگی وہ پلانٹ پوری طرح تباہ و برباد ہوگیا۔ملنے والی ابتدائی معلومات کے مطابق بلیو جیٹ ہیلتھ کیئر لمیٹڈ کمپنی کے اس حصے میں ۱۶کے قریب کارکن کام کر رہے تھے جہاں دھماکہ ہوا۔ آگ لگتے ہی کئی لوگ کمپنی سے باہر بھاگ گئے۔ لیکن پلانٹ میں کام کرنے والے کمپنی کے کارکن وکرم ڈیرے، نیمائی مرمک، میور نمبالکر، راہل گراسے، سوپنل آمبرے بری طرح جھلس گئے ہیں ۔ ان کارکنوں کو علاج کیلئے مہاڈ پروڈیوسرس ایسوسی ایشن کے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔رابطہ کرنے پر فیکٹری کے انجینئر شیلیش جوشی نے بتایا کہ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت فیکٹری میں ۱۶ مزدور کام کر رہے تھے۔ خبر لکھے جانے تک پھنسے ہوئے مزوروں کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔
 جمعہ کی شام ۶ بجے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کمپنی میں پھنسے مزدوروں کے رشتہ دار اور مقامی افراد بڑی تعداد میں کمپنی کے پاس جمع ہوگئے اور اپنے اپنے عزیزوں کے تعلق سے استفسار کرنے لگے ۔ اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹر یوگیش مہسے، ضلع ایس پی سومناتھ گھارگے ،رکن اسمبلی بھرت گوگائولے موقع پر پہونچے اور مشتعل ہجوم کو سمجھانے کی کوشش کرنے گے۔ ان سے اپیل کی گئی کہ وہ امن بنائے رکھیں ۔ اطمینان رکھیں کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ جو لوگ کمپنی میں پھنسے ہوئے ہیں ان کے نام جیون کمار، ابھینؤ، وکاس مہتو ، سنجے پوار،ششیررائو بھسانے،اکشے ستار،اسلم شیخ، سومناتھ وائدنڈے،وشال کولی،آدتیہ مورے اور ستش سالنکھے ہیں ۔ زندہ بچ جانے والے بعض مزدوروں کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ گیس کے سبب اندر کچھ لوگ بے ہوش ہو گئے ہوں جس کی وجہ سے وہ باہر نہیں نکل سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK