Inquilab Logo Happiest Places to Work

مرنل تائی گورے فلائی اوور کا توسیع شدہ حصہ عوام کیلئے کھل گیا

Updated: June 07, 2026, 11:15 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

اس پل سے گوریگائوں سے رام مندر کے درمیان کا سفر آدھے گھنٹے کے بجائے ۱۰؍ منٹ میں طے ہوگا۔

Mrinal Tai Gore Flyover. Photo: INN
مرنل تائی گورے فلائی اوور۔ تصویر: آئی این این

سنیچر کی صبح ممبئی کی میئر ریتو تائوڑے نے گوریگائوں میں واقع مرنل تائی گورے فلائی اوور کے توسیع شدہ حصے کا افتتاح کرکے اسے عوام کیلئے کھول دیا جس سے گوریگائوں مشرق میں ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے ایس وی روڈ کے درمیان آدھے گھنٹے کا سفر ۵؍ سے ۱۰؍ منٹ کے وقفہ میں طے کرنا ممکن ہوگیا ہے۔اس فلائی اوور کے شروع ہونے سے عوام کے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی، اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوگا جس سے فضائی آلودگی بھی کم ہوگی۔

اسکی توسیع کا کام ۲۲؍ مارچ ۲۰۱۹ء کو شروع کیا گیا تھا اور اسے ۲۴؍ مہینوں میں یعنی مارچ ۲۰۲۰ء میں مکمل کیا جانا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر اس کی تکمیل میں تاخیر ہوتی گئی اور اب ۲۰۲۶ء میں اسے مکمل کیا جاسکا ہے۔ سرکاری افسران کے مطابق اس پُل کی توسیع میں تاخیر ہونے کی وجوہات میں کورونا اور  لاک ڈائون میں کام بند ہوجانا، گھنی آبادی، مصروف چوراہوں اور شدید ٹریفک کی وجہ سے پولیس کی طرف سے ٹریفک پرمٹ ملنے میں دشواریاں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی افراد چاہتے تھے کہ مین روڈ پر جس جگہ پر فلائی اوور ختم ہورہا ہے اس کی جگہ بھی تبدیل کی جائے۔

یہ بھی پڑھئے: اب سیلون میں بال کٹوانا اور ڈاڑھی بنوانا بھی مہنگا، ۲۰؍ فیصد اضافہ

اس بریج کے توسیع شدہ حصہ کی طوالت ۷۵۰؍ میٹر اور چوڑائی ۵۰ء۱۵؍ میٹر ہے جس پر گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے ۴؍ لین ہیں۔ گوریگائوں (مشرق) میں اس بریج سے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے ریلیف روڈ اور اندھیری (مغرب) کی طرف جانے والی سڑک پر براہِ راست پہنچنا آسان ہوگیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اس پل کی وجہ سے سوامی وویکانند مارگ اور آس پاس کے علاقوں میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوگا۔افتتاحی تقریب کے دوران میئر ریتو تائوڑے نے کہا کہ اس فلائی اوور کو مرنل تائی گورے سے اس لئے منسوب کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی ممبئی کی عوام کیلئے وقف کردی تھی۔ وہ بی ایم سی کارپوریٹر اور ایم ایل اے بھی رہ چکی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK